کراچی ماس ٹرانزٹ سسٹم رواں ہفتے ناگن چورنگی پر ایسکلیٹر آپریشنل ہوجائیگی

گرین لائن اور اورنج لائن کیلیے 100 بسیں جون میں درآمد کر لی جائیں گی، اگست میں بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔


Syed Ashraf Ali March 21, 2021
فیز ون کا سول ورک مکمل ہو چکا، الیکٹریکل اور میکینکل ورک آخری مراحل میں، فیز ٹو پر کام شروع، بلال میمن۔ فوٹو: فائل

شہر قائد کے پہلے زیر تعمیر ماس ٹرانزٹ سسٹم پر اہم پیشرفت آئندہ چند دنوں میں ہورہی ہے تاہم رواں ہفتے ناگن چورنگی پر نصب ایسکلیٹر عوام کے لیے کھولی جارہی ہے۔

وفاقی حکومت کے ادارہ سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹیڈ کے چیف فنانس آفیسر بلال میمن نے '' ایکسپریس ٹریبیون'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن کے کوریڈور میں 21اسٹیشن تعمیر کیے گئے ہیں جہاں پیڈسٹرین برجز کے ساتھ ایسکلیٹر، لفٹس اور سیڑھیاں تعمیر کی گئی ہیں، ابھی ان ایسکلیٹرز کو آپریشنل کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے، ان میں پینل لگادیے گئے ہیں اور ان کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کا بھی بندوبست کردیا گیا ہے، رواں ہفتے ناگن چورنگی پر نصب ایسکلیٹر کو آپریشنل کیا جائے گا اور 12گھنٹے یہ عوام کے لیے کھولی جائے گی، بعدازاں بتدریج تمام ایسکلیٹرز کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، ان ایسکلیٹرز کی مدد سے عوام باآسانی اور محفوظ طریقے سے سڑک عبور کرسکیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت بس ریپیڈ ٹرانزٹ سسٹم کی گرین لائن اور اورنج لائن کے لیے 100بسیں اگلے سال جون تک درآمد کریگی، 80بسیں گرین لائن کے لیے اور 20بسیں اورنج لائن کے لیے خریدی جارہی ہیں، تمام بسیں نئی اور ڈیزل ہائبرڈ ہونگی، جولائی میں ان کی ٹیسٹنگ ہوگی اور اگست میں انھیں آپریشنل کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گرین لائن بس منصوبہ وفاقی حکومت کی زیر نگرانی تعمیر کیا جارہا ہے جبکہ اورنج لائن بس منصوبہ سندھ حکومت تعمیر کررہی ہے، گرین لائن بس منصوبہ سرجانی عبداﷲ موڑ تا میونسپل پارک دو فیز میں تعمیر کیا جارہا ہے، فیز ون سرجانی عبداﷲ موڑ تا گرومندر سول ورک مکمل ہوچکا ہے جبکہ الیکٹریکل اور مکینیکل ورک آخری مراحل میں ہے ، اس فیز کا نمائش چورنگی انڈر پاس زیر تعمیر ہے، نمائش چورنگی کی چھت کا کام چند ماہ قبل مکمل کرکے اسے ٹریفک کے لیے کھولا جاچکا ہے جبکہ انڈر پاس کا کام تیزی سے جاری ہے اور اسے رواں سال ماہ جون تک مکمل کرلیا جائے گا جب کہ وفاقی حکومت نے فیز ٹو ایم اے جناح روڈ پر تاج میڈیکل کمپلیکس تا جامع کلاتھ تعمیرات کا کام بھی شروع کردیا ہے۔

سندھ حکومت کے زیر انتظام اورنج لائن بس منصوبہ اورنگی ٹاؤن آفس تا بورڈ آفس چورنگی تعمیر کیا جارہا ہے، یہ منصوبہ آئندہ چند ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

چیف فنانس آفیسر بلال میمن نے ''ایکسپریس ٹریبیون'' کو گرین لائن فیزٹو تاج میڈیکل کمپلیکس تا میونسپل پارک(جامع کلاتھ) کے بارے میں بتایا کہ وفاقی حکومت نے اس فیز پر کام شروع کردیا ہے لیکن چونکہ ایم اے جناح روڈ قدیم اور مصروف ترین سڑک ہے اس لیے یہاں ٹریفک کے مسائل، ہیریٹیج اور دیگر امور کو مدنظر رکھتے ہوئے احیتاط سے کام کررہے ہیں تاکہ کوئی قانونی مسائل پیدا نہ ہوں، انھوں نے کہا کہ اگلے سال اس فیز کو مکمل کرلیا جائے گا۔

بلال میمن نے کہا کہ رواں سال جون میں جب 100بسیں درآمد ہوں گی تو ایک ماہ ان کی ٹیسٹنگ میں لگے گا اس کے بعد اگست میں اسے آپریشنل کردیا جائے گا، یہ بسیں سرجانی عبداللہ موڑ تا نمائش چورنگی اور اورنگی ٹاؤن آفس تا بورڈ آفس چورنگی آپریٹ کی جائیں گی، بعدازاں جب گرین لائن کا فیز ٹو اگلے سال مکمل ہو گا تو بس آپریشن میونسپل پارک (جامع کلاتھ )تک وسیع کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں