تربیتی کیمپ میں پاور ہٹنگ نے ماحول گرما دیا

ماربل سلیب پر بیٹنگ، شرجیل،حیدر اورحفیظ جارحانہ موڈ میں نظر آئے۔


Abbas Raza March 21, 2021
ماربل سلیب پر بیٹنگ، شرجیل،حیدر اورحفیظ جارحانہ موڈ میں نظر آئے۔ فوٹو : اے ایف پی

قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ میں پاور ہٹنگ نے ماحول گرما دیا جب کہ ماربل سلیب پر بیٹنگ کرتے ہوئے شرجیل خان، حیدر علی اور محمد حفیظ جارحانہ موڈ میں نظر آئے۔

دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاریوں کیلیے کیمپ کے دوسرے روز بھی قذافی اسٹیڈیم میں مشقوں کا سلسلہ جاری رہا، وائٹ بال اسکواڈ نے دوپہر ایک بجے میدان میں داخل ہونے کے بعد دن ڈھلنے تک سخت پریکٹس جاری رکھی۔

ابتدا میں وارم اپ کے بعد فیلڈنگ ڈرلز کا طویل سیشن ہوا، قائد انکلوژر کے سامنے ایک نیٹ پر بیٹسمین فاسٹ اور دوسرے پر اسپن بولنگ کا سامنا کرتے رہے، میدان کے وسط میں 2نیٹس میں سے ایک میں پیسرز، دوسرے میں اسپنرز ایکشن میں نظر آئے، مصباح الحق کی زیرنگرانی شرجیل خان،فخزمان، بابر اعظم، محمد رضوان اور حیدر علی نے دل کھول کر اسٹروکس کھیلے،بولرز ان کا اعتماد متزلزل کرنے کی بھرپور کوشش کرتے رہے،شاداب خان بھی خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔

بیٹسمین اچھی گیندوں پر بولرز کو داد بھی دیتے نظر آئے، یونس خان نے الگ نیٹ میں ماربل سلیب کی مدد سے بیٹسمینوں کی مہارت آزمانے کا سلسلہ جاری رکھا، انھوں نے شرجیل خان، آصف علی، حیدر علی، محمد حفیظ اور دیگر بیٹسمینوں کو باری باری نیٹ پر بلاتے ہوئے پاور ہٹنگ بھی کروائی۔

یونس خان خود تھرو بولنگ سے مختلف لینتھ کی گیندیں کرواتے، ان میں چند ماربل سلیب اور باقی عام ٹرف پر گرتیں،وہ اسٹروکس کے دوران سامنے آنے والی غلطیوں کی نشاندہی بھی کرتے رہے،اس دوران شرجیل خان، حیدر علی اور محمد حفیظ خاصے جارحانہ موڈ میں نظر آئے، ان کے اونچے شاٹس پر گیندیں باؤنڈری کے قریب گرتیں اور فیلڈرز اٹھانے کی مشقت میں لگے رہتے۔

دوسری جانب بولنگ کوچ وقار یونس بیٹسمینوں کو بھی مشورے دیتے رہے،انہوں نے شاہین شاہ آفریدی،حارث رؤف اور فہیم اشرف کے ساتھ نوجوان پیسرز شاہنواز دھانی،وسیم جونیئر اور ارشد اقبال سے بھی طویل سیشن کروائے،شاداب خان، عثمان قادر،محمد نواز اور زاہد محمود اسپن کا جال پھیلانے کیلیے کوشاں رہے، اتوار کوکھلاڑیوں کی تیسری کورونا وائرس ٹیسٹنگ ہوگی،کوئی پریکٹس سیشن شیڈول نہیں کیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں