ہفتہ رفتہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی رہی ڈالر تنزلی کا شکار

تیزی کے باعث حصص کی مالیت 89ارب 59 کروڑ14لاکھ 69ہزار 787روپے بڑھ گئی، فی تولہ سونا 400 روپے مہنگا


Ehtisham Mufti March 28, 2021
تیزی کے باعث حصص کی مالیت 89ارب 59 کروڑ14لاکھ 69ہزار 787روپے بڑھ گئی، فی تولہ سونا 400 روپے مہنگا۔ فوٹو: فائل

سیاسی افق پر فضا سازگار ہونے اور مثبت معاشی اشاریے گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے لیے بھی اچھے ثابت ہوئے۔

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر گھٹنے سے درآمدی لاگت میں کمی اور مستقبل میں مہنگائی گھٹنے کی توقعات پر بھی انویسٹمنٹ بڑھی، ہفتہ وار کاروبار کے دوران کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور مایوس کن اطلاعات سے بعض سیشنز میں اتار چڑھاؤ اور مندی بھی ہوئی۔

ہفتہ وار کاروبار میں تیزی کے باعث انڈیکس کی 45500پوائنٹس کی سطح بھی بحال ہوگئی،4روزہ ہفتہ وار کاروبار کے 3 سیشنز میں تیزی اور 1سیشن میں مندی رہی، مجموعی طور پر تیزی کے باعث حصص کی مالیت 89 ارب 59 کروڑ 14 لاکھ 69ہزار 787روپے بڑھ گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 80کھرب 36ارب 85کروڑ 20لاکھ 16ہزار997روپے ہوگیا۔

علاوہ ازیں پاکستان کی جانب سے ایک ارب ڈالرمالیت کے یوروبانڈز کے اجرا کے لیے عالمی بینکوں کے اشتراک سے سرگرمیوں کے باعث گزشتہ ہفتے ڈالر تنزلی سے دوچار رہاجبکہ آئندہ چند ہفتوں میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی آمد کی خبر نے بھی روپے کو مزید تگڑا کیا،ادائیگیوں کا دباؤ گھٹنے سے زرمبادلہ کی د ونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی رسد میں اضافہ دیکھنے میں آیا، سمندر مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر آمد میں مزید اضافے کی توقعات سے گزشتہ ہفتے بھی روپے نے ڈالر کوناک آؤٹ کیا۔

گزشتہ ہفتے انٹربینک واوپن مارکیٹ میں ڈالر، یورو، پاونڈ اور سعودی ریال کی قدروں میں کمی واقع ہوئی،ہفتہ وار کاروبار کے دوران ڈالر کے انٹربینک ریٹ 155روپے، اوپن ریٹ 156روپے سے بھی نیچے آگئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9ڈالر کے اضافے سے 1733ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400روپے اور 343روپے کااضافہ ہوگیاجس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 106700روپے اور فی10گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 91478 روپے ہوگئی تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1360روپے پر مستحکم رہی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں