طلبا کو مفت لیکچر کے لیے تعلیمی ایپلی کیشن تیار

40 سے زائد اسکول منسلک، 55 ہزار طالب علم اسٹارٹ اپ Edkasa سے مستفید


Business Reporter April 10, 2021
40 سے زائد اسکول منسلک، 55 ہزار طالب علم اسٹارٹ اپ Edkasa سے مستفید۔ فوٹو: فائل

طلبا کو مفت لیکچر کے لیے تعلیمی ایپلی کیشن تیار کرلی گئی۔

کورونا کی وبا کے دوران تعلیمی اداروں کی بندش سے طلبا کو اپنی تدریس کا عمل جاری رکھنے میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں بالخصوص سیکنڈری اسکول اور کالجز کے طالب علم سخت مشکلات سے دوچا رہیں کیونکہ انھیں اسکولوں کے ساتھ ٹیوشن کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے، تدریسی سرگرمیوں کے بارے میں پائی جانے والی بے یقینی کو کم کرتے ہوئے طلبا کی ان مشکلات کو ٹیکنالوجی پر مبنی اسٹارٹ اپ Edkasaنے آسان بنادیا ہے۔

لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے طلباکے تیار کردہ اس پلیٹ فارم سے پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز سے منسلک نویں اور دسویں جماعت کے علاوہ انٹرمیڈیٹ کی سطح کے طالب علم امتحانات کی گھر بیٹھے تیاری کرکے امتیازی نمبر حاصل کرسکتے ہیں، ٹیکنالوجی پرمبنی اس پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد طلبا کو امتحانات کی تیاری کے لیے عالمی معیار کے مطابق تدریس کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔

موبائل ایپلی کیشن کی شکل میں طلبا کی رہنمائی اور نصاب کی تیاری میں مدد دینے والے اس پلیٹ فارم سے اب تک پاکستان کے 40 سے زائد اسکول منسلک ہوچکے ہیں اور 55ہزار طالب علم اس منفرد تعلیمی ایپلی کیشن سے استفادہ کررہے ہیں، اس ایپلی کیشن کے ذریعے طلبا کو تجربہ کار اور بہترین صلاحیتوں سے لیس اساتذہ آن لائن پڑھانے کے ساتھ ریکارڈ شدہ لیکچرز کے ذریعے بھی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

مختلف کلاسز کے ریاضی، انگریزی، بائیولوجی، کیمسٹری اور فزکس جیسے مشکل مضامین سے متعلق لگ بھگ 4500ویڈیو لیکچرز بھی اس ایپلی کیشن کا حصہ ہیں جن کی مدد سے طلبا بنیادی تصورات کلیئر کرنے کے ساتھ سیکھنے کی تکنیک سے آگہی حاصل کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف مضامین سے متعلق 15ہزار مختصر سوالات (ایم سی کیوز) بھی اس ایپلی کیشن کا حصہ ہیں، ایپلی کیشن سے وابستہ طالب علم کی ریکنگ بھی کی جاتی ہے تاکہ طالب علم جان سکیں کہ ان کی تیاری کس حد تک موثر ہے۔

Edkasa کی افادیت کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی بھی توجہ مل رہی ہے، آئی ٹو آئی وینچرز کی سربراہی میں والڈ سٹی کمپنی، زیان کیپیٹل اور جنوبی ایشیا کے اسٹریٹجک اینجلز سرمایہ کاروں نے پری سیڈ راؤڈ میں 3لاکھ 20ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں