ٹماٹر کی قیمت 7 فیصد بڑھ کر 52 روپے کلو تک پہنچ گئی

گزشتہ ہفتے13 اشیا کے داموں میں اضافے کے اثرات11 اشیا کی قیمتیں گرنے سے زائل ہوگئے،پاکستان بیوروشماریات


Business Desk January 12, 2014
ہفتہ وارافراط زرمیں0.10فیصد کمی، مجموعی قیمتیں سال بہ سال9.2 فیصد بلند ہو گئیں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

KARACHI: ملک میں گزشتہ ہفتے افراط زر کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم سالانہ بنیادوں پر قیمتیں 9.20 فیصد بڑھ گئیں۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 9 جنوری 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی سطح 209.43 رہی جو2جنوری 2014 کو 209.63 اور ایک سال قبل 10جنوری2013 کو 191.79 رہی تھی، اس طرح ہفتہ وار بنیادوں پر ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں 0.10 فیصد کمی اور سالانہ بنیادوں پر 9.20 کا اضافہ ہوا، گزشتہ ہفتے 13 اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی سے زائل ہونے کے باعث حساس قیمتوں کا اشاریہ معمولی نیچے آگیا، گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمتوں میں 7.12 فیصد ہوا جس سے ٹماٹر کی اوسط قیمت 48.29 سے بڑھ کر 51.73 روپے فی کلوگرام ہوگئی، جلانے کی لکڑی کی قیمت 1.58 فیصد بڑھنے کے نتیجے میں 546.36 روپے سے بڑھ کر 555.01 روپے فی 40 کلو گرام ہوگئی، زندہ مرغی کی قیمت میں گزشتہ ہفتے 1.09 فیصد کا اضافہ ہوا جس کی وجہ سے نرخ 184.08 روپے سے بڑھ کر 186.09 روپے فی کلوگرام ہوگئے۔

 photo 2_zps7c0dfec1.jpg

اس کے علاوہ دال ماش0.66 فیصد، اری 6 چاول 0.54، گائے کے گوشت کی پکی پلیٹ 0.37، دال مونگ 0.30، سرخ مرچ پسی (کھلی) 0.27، گھی (ٹن) 0.14، پکانے کا تیل (ٹن)0.11، آٹا0.10، گندم 0.03اور گھی (کھلا) اوسطاً0.02 فیصد مہنگا ہوگیا، دوسری طرف اسی مدت میں ہفتہ وار بنیادوں پر آلو کی قیمت 5.93 فیصد کمی سے 28.85 روپے فی کلوگرام، چائے کی پتی3.64 فیصد کی کمی سے 147.37 روپے فی 200گرام، انڈے 2.36 فیصد کمی سے 107.58 روپے فی درجن، لہسن 1.39فیصد کمی سے 133.63 روپے فی کلوگرام، پیاز 1.36 فیصد گھٹ کر 37.63روپے فی کلوگرام، گڑ1.13 فیصد کمی سے 78.03 روپے فی کلوگرام اور کیلے کی اوسط قیمت 1.08 فیصد گھٹ کر 54.24 روپے فی درجن ہوگئی۔

ساتھ ہی ایل پی جی 0.70 فیصد، چینی 0.43، دال مسور 0.25 اور دال چنا کی قیمتیں 0.12 فیصد گھٹ گئیں، اس کے علاوہ باسمتی ٹوٹا چاول، بریڈ، گائے اور بکرے کے گوشت، تازہ دودھ ودہی، خشک دودھ، سرسوں کا تیل اور نمک سمیت 29اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ پی بی ایس کے مطابق 9جنوری2014 کو ختم ہونیوالے ہفتے میں سب سے زیادہ ریلیف 12ہزار، 18ہزار اور 35ہزار ماہانہ تک آمدنی والوں کو 0.10 فیصد ملا جبکہ سب سے کم 8ہزار تک کمانے والوں کو 0.8فیصد ملا، 35ہزار روپے ماہانہ سے زائد کمانے والوں کے لیے گزشتہ ہفتے اشیا کی اوسط قیمتیں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.9 فیصد کم ہوئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں