تاجروں کا احتجاجاً آج بھی جوڑیا بازار بند رکھنے کا اعلان اجناس کی ترسیل معطل

شہر میں اجناس کی ترسیل معطل؛ طلب و رسد کے فرق کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ کا خدشہ


Business Reporter April 16, 2021
شہر میں اجناس کی ترسیل معطل؛ طلب و رسد کے فرق کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ کا خدشہ ۔ فوٹو : فائل

تاجروں نےاحتجاجاً آج بھی جوڑیا بازار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جس سے اجناس کی ترسیل معطل جب کہ قیمتوں اضافے کا خدشہ ہے۔

پاکستان میں اجناس کی سب سے بڑی تھو ک مارکیٹ جوڑیا بازار تین روز سے بند ہے، تاجروں نے ہڑتال جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے ہفتے کے روز بھی مارکیٹ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جوڑیا بازار کی بندش سے شہر میں اجناس کی ترسیل معطل ہے اور طلب و رسد کے فرق کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے، جوڑیا بازار کے تاجروں نے احتجاج جاری رکھتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

کراچی ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق 2018کی پرائس لسٹ کے مطابق 2021میں کریانہ آئٹمز کی فروخت ممکن نہیں ہے اور اسسٹنٹ کمشنر گارڈن کی جانب سے جوڑیا بازار کے تاجروں کو ہراساں کئے جانے کا سلسلہ برداشت نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جوڑیا بازار کے تاجر2021کی پرائس لسٹ جاری ہونے تک ہڑتال کے حامی ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ نئی ریٹ لسٹ جاری کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں :کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری اوقات کار ایک بار پھر تبدیل

ان کا کہنا تھا کہ جوڑیا بازار کے تاجروں نے اس ضمن میں جلد پریس کانفرنس کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس میں کراچی چیمبر کے صدر شارق وہرہ کو بھی شرکت کی دعوت دی جائیگی اور ہفتہ کے روز بھی جوڑیا بازار مکمل بند رہے گا اور تمام تاجر بطور احتجاج مارکیٹ کے باہر موجود رہیںگے۔

دوسری جانب مسلسل چار روز جوڑیا بازار کے بند رہنے سے شہر میں اجناس کی سپلائی میں تعطل کا خدشہ ہے اور اجناس کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ جوڑیا بازار میں کاروباری سرگرمیاں بدھ کے روز سے معطل ہیں جب تاجروں نے مقامی انتظامیہ کی جانب سے گرانفروشی کے تحت دکانوں اور گوداموں پر چھاپوں کے بعد ہڑتال کا اعلان کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں