مریضوں کو مفت آکسیجن سلنڈر فراہم کرنے والا ڈیلر مثال بن گیا

ہماری کمپنی کراچی کے چھوٹے بڑے 80سے زائد اسپتالوں کوبھی آکسیجن سلنڈر سپلائی کرتی ہے، محمد کاشف


Business Reporter May 03, 2021
محمد کاشف اپنی دکان کے باہر آکسیجن سلنڈر ز ڈلیوری کے لیے تیار کر رہا ہے

کورونا وبا کے دوران جہاں ادویات کی مصنوعی قلت اور بلیک مارکیٹنگ کرنے والے انسانیت اور کاروباری اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں وہیں کراچی کے ایک آکسیجن ڈیلرنے غریب اور مستحق طبقے کے لیے مفت آکسیجن کی سہولت فراہم کرکے ثابت کردیا ہے کہ خالق کائنات کی رضا اور انسانیت کی خدمت کے لیے کاروباری نفع کی کوئی حیثیت نہیں۔

پاک اورینٹ گیسز کمپنی کے نام سے کام کرنے والے آکسیجن ڈیلر محمد کاشف نے کورونا کی وباسے قبل بھی مستحق مریضوں کو مفت آکسیجن فراہم کر رہے تھے تاہم کورونا کی وباکے دوران آکسیجن کی طلب بڑھنے کی وجہ سے مستحق اور غریب طبقہ کے لیے آکسیجن کا حصول مشکل ہوگیا جس پر میں نے مفت فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کردیا۔

محمد کاشف نے بتایا کہ ایسے افراد جو رعایت مانگتے ہیں انھیں نصف تک رعایت دیتے ہیں اور جو لوگ آکسیجن خریدنے کی سکت نہیں رکھتے انھیں مفت آکسیجن سلنڈر فراہم کرتے ہیں۔

محمد کاشف کے مطابق آکسیجن کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ نہیں ہوا اور قیمت میں بھی گزشتہ ہفتہ 100روپے کا اضافہ ہوا ہے جو کم زیادہ ہوتی رہتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بیشتر مستحق افراد سلنڈر خریدنے کی سکت نہیں رکھتے اور اشد ضرورت کے حامل خاندانوں کو وہ آکسیجن سلنڈر بھی مہیا کرتے ہیں، آکسیجن کی فراہمی کے اخراجات ان کے اہل خانہ اٹھاتے ہیں اور اب مخیر حضرات بھی ان کے ساتھ مل کر مستحق افراد کو آکسیجن کی فراہمی آسان بنارہے ہیں۔

محمد کاشف نے بتایا کہ ان کی کمپنی کئی سال سے گیسز کا کاروبار کررہی ہے اور کراچی کے چھوٹے بڑے 80سے زائد اسپتالوں کوبھی آکسیجن سلنڈر سپلائی کرتی ہے، آکسیجن کی قلت اور طلب میں غیرمعمولی اضافہ کی اطلاعات غلط ہیں ان دنوں بھی ان کے پاس تین چار فیملیز ہی آتی ہیں جو مفت آکسیجن کی درخواست کرتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں