PSX میں نیا ٹریڈنگ سسٹم 2ماہ میں آپریشنل ہوجائیگا

ٹریڈنگ سسٹم کی وجہ سے سیکیورٹی فیچرز بہتر ہوں گے، بیرونی سرمایہ کاری بڑھے گی۔


Salman Siddiqui May 11, 2021
بلٹ ان سرویلنس سسٹم زیراستعمال ٹریڈنگ پلیٹ فارم میں نہیں ہے، فرخ ایچ خان۔ فوٹو: فائل

KOT MITHAN: پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے نیا ٹریڈنگ سسٹم حاصل کرلیا ہے جسے آئندہ 2 ماہ میں آپریشنل کردیا جائے گا۔

نئے ٹریڈنگ سسٹم کی وجہ سے ایکس چینج کے سیکیورٹی فیچرز بہتر ہوں گے۔ نیا ٹریڈنگ سسٹم چین کے شینزین اسٹاک ایکسچینج ( SZSE ) سے2.85 ملین ڈالر میں خریدا گیا ہے اور اس میں بِلٹ اِن سرویلنس سسٹم ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ نظام ڈیٹا لیکیج اور سائبر چوری کی کوششوں کی شناخت اور ان کا سدباب کرسکتا ہے، اس نظام کے آپریشنل ہونے کے بعد ایکس چینج میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی راہ ہموار ہوگی۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فرخ ایچ خان نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیا ٹریڈنگ سسٹم رواں سال کے وسط تک آپریشنل ہوجائے گا۔ فی الوقت یہ فائنل ٹریڈنگ فیز میں ہے، ہم پچھلے 6مہینے سے اس سسٹم پر آزمائشی ٹریڈنگ سیشن کررہے ہیں۔

فرخ خان نے کہا کہ نیا سسٹم تیزرفتاری سے کام کرتا ہے اور کاروباری سیشن کے اختتام پر یہ تمام کیلکولیشن صرف 30سیکنڈ میں انجام دے لیتا ہے، جب کہ موجودہ سسٹم 30منٹ لیتا ہے۔ اس طرح نئے سسٹم کے ذریعے ہر ٹریڈنگ سیشن کا وقت نصف گھنٹے بڑھانے پر غور کیا جاسکتا ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں کے حجم میں بھی اضافہ ہوگا۔

فرخ خان نے بتایا کہ نئے سسٹم میں بلٹ ان سرویلنس سسٹم ہے جو موجودہ سسٹم میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیچر کی مدد سے یہ سسٹم سرمایہ کاروں کے ڈیٹٓا لیکیج اور چوری کی شکایات کا خودکار طور پر ازالہ کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں