عید مبارک سجدۂ شُکر بجا لائیے۔۔۔۔۔۔

غرباء و مساکین کو بھی اپنی خوشیوں میں عملی طور پر شریک رکھنا چاہیے کہ یہی عید کا اصل پیغام ہے۔


Nighat Farman May 13, 2021
غرباء و مساکین کو بھی اپنی خوشیوں میں عملی طور پر شریک رکھنا چاہیے کہ یہی عید کا اصل پیغام ہے۔فوٹو : فائل

ISLAMABAD: سال میں چند ایام جشن، تہوار اور عید کے طور پر دنیا کی تمام اقوام و مذاہب میں منائے جاتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ہر قوم، مذہب و ملت کے لوگ اپنے ایام عید کو اپنے عقائد و تصورات، روایات اور ثقافتی اقدار کے مطابق مناتے ہیں۔

اس سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ تصور عید، انسانی فطرت کا تقاضا اور انسانیت کی ایک قدر مشترک ہے۔ اسلام میں روح کی لطافت، قلب کے تزکیے، بدن و لباس کی طہارت اور مجموعی شخصیت کی نفاست کے ساتھ بہ صد عجز و انکسار و خشوع و خضوع تمام مسلمانوں کے اسلامی اتحاد و اخوت ، ایثار و قربانی کے جذبے سے سرشار ہوکر اﷲ رب العزت کی بارگاہ میں سجدۂ بندگی اور نذرانۂ شُکر بجا لانے کا نام عید ہے۔اسلام جامع اور مکمل دستور حیات ہے، جو زندگی کی ہر موڑ پر مکمل راہ نمائی کرتا ہے۔

اسلام اعتدال کا دین ہے جو خوشیوں کے لمحات میں مسرت کے اظہار پر کوئی قدغن نہیں لگاتا، مگر ایسی خوشی کو قطعاً پسند نہیں کرتا جس سے اﷲ اور اس کے حبیب کریم ﷺ کی نافرمانی لازم آئے، نخوت و غرور کی بُو آئے، تکبّر کی جھلک نمایاں ہو، خوشی کی آڑ میں اخلاقی اقدار پامال ہوں اور شرعی حدود کا پاس و لحاظ نہ کیا جائے۔ جو خوشی و مسرّت، تشکّر و عاجزی سے بھرپور ہو، اﷲ تعالی و رسول کریم ﷺ کی رضا کے لیے اور شرعی تقاضوں کے عین مطابق ہو، اسلام ایسی خوشی کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

حضرت انسؓ سے روایات ہے کہ اہل مدینہ دو دن بہ طور تہوار منایا کرتے تھے، جن میں وہ کھیل تماشے کیا کرتے تھے۔ رسول اﷲ ﷺ نے ان سے پوچھا: ''یہ دو دن جو تم مناتے ہو، ان کی حقیقت اور حیثیت کیا ہے؟ انہوں نے عرض کیا کہ ہم عہد جاہلیت میں یہ تہوار اسی طرح منایا کرتے تھے۔ تو رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: ''اﷲ تعالیٰ نے تمہارے ان دونوں تہواروں کے بدلے میں تمہارے لیے ان سے بہتر دو دن مقرر فرما دیے ہیں، یوم عیدالاضحی اور یوم عیدالفطر۔''

رمضان المبارک ہمارے لیے اﷲ کا عظیم اور خصوصی فضل و انعام ہے۔ اس ماہ مقدس میں قرآن مجید کا نزول ہوا، جو مسلمانوں کے لیے کامل دستور حیات ہے۔ اﷲ تعالی نے عیدالفطر کا یہ بابرکت اور مقدس یوم سعید امّت رسول کریم ﷺ کو تحفۂ رمضان کی صورت میں عطا فرمایا۔ دراصل عید کا یہ مقدس دن بارگاہ الہیٰ میں سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے کہ اﷲ نے ہمیں رمضان المبارک عطا فرمایا۔ ہم نے رمضان المبارک کی عظیم ساعتوں میں رحمتوں برکتوں سے اپنی جھولیاں بھریں تو اﷲ نے اپنی ان نعمتوں پر شُکر اور خوشی ظاہر کرنے کے لیے مسلمانوں کو یہ عید کا پرمسرت دن عطا کیا ہے۔ ہمارا رب تو یہ چاہتا اور پسند فرماتا ہے کہ اس کے بندے آپس میں اظہار مسرت کریں اور اس کی نعمتوں کا کثرت سے شُکر ادا کریں۔

اس لیے تو روزے کی فرضیت اور احکام بیان کرنے کے بعد آخر میں فرمایا کہ تاکہ تم اﷲ کی تکبیر کہو، اس پر کہ اسُ نے تم کو ہدایت دی اور تاکہ تم شُکر کرو یعنی جب رمضان کے دن پورے ہو جائیں تو اﷲ کی طرف سے رمضان کے احکام کی پابندی ہدایت کرنے اور اس کا شکر ادا کرنے پر تم تکبیر کہو اور تکبیر والی نماز پڑھو، ایسی نماز جس میں تمام نمازوں سے زیادہ تکبیریں ہیں۔ غرض رمضان میں عطا کی جانے والی نعمتوں کے شکرانے کو ہم عیدالفطر کہتے ہیں۔ اس دن مسلمانوں کو آپس میں ایک دوسرے کو مبارک دینا اور باہمی محبت و الفت کو ظاہر کرنا چاہیے۔ اس لیے کہ اﷲ تعالی کو اپنے بندوں کی یہ ادا بہت پسند ہے کہ اس کے بندے اس کی رضا کے لیے آپس میں پیار و محبت کا اظہار کریں، اکٹھے ہوں اور سب مل کر خوشیاں منائیں اور اس کی نعمتوں کا شُکر ادا کریں۔

آج عید کا یوم سعید ہے۔ ماہ صیام کے اختتام پر مسلمانوں کا یہ عظیم مذہبی تہوار درحقیقت اسلام کا ایک مقدس شعار ہے۔ اس روز فرزندان اسلام اﷲ کریم کا شکر بجا لاتے ہیں۔ عیدالفطر کے اجتماعات میں لوگوں کے ایک ساتھ جمع ہونے سے معاشرے میں اتحاد و یک جہتی اور محبت و رواداری کا احساس اجاگر ہوتا ہے۔

اس عظیم الشان موقع پر باہمی روابط بڑھنے سے ایک دوسرے کے دُکھ سُکھ میں شریک ہونے کے جذبات فروغ پاتے ہیں اور یہ عید کا پرمسرت دن امیر غریب، افسر و ماتحت، تاجر و مزدور سب کے لیے ایک جگہ جمع ہونے کا موجب بنتا ہے۔ یوں مساوات اور یگانگت کے ولولہ انگیز مظاہرے کے ذریعے مسلمانوں کی ملی شناخت آشکار ہوتی ہے۔

دیگر اقوام و مذاہب سے وابستہ لوگ اسلام کے درس اخوّت و محبّت کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کرتے ہیں جس سے غیر مسلموں کو اسلام کی طرف راغب ہونے کا موقع ملتا ہے۔ نماز پنج گانہ، جمعہ اور نماز عیدین کے اجتماعات کا ایک مقصود یہ بھی ہوتا ہے کہ دنیا کی دیگر تہذیبوں کو اسلام کی عظمت و رفعت باور کرائی جائے اور انھیں یہ بتایا جائے کہ اسلام نے حسب، نسب، رنگ و نسل اور مال و دولت کے تمام امتیازات کو مٹاتے ہوئے تمام انسانیت کو برابری کا درس دیا ہے اور اسلام کے ہاں عزت و برتری کا معیار تقویٰ و خشیت الہی ہے۔

عید کا دن فرزندان اسلام کے لیے مسرت و شادمانی کا دن ہے۔ یہ بچوں، بوڑھوں، نوجوانوں اور عورتوں کے لیے اظہار مسرت کا دن ہے۔ عیدالفطر دراصل تشکر و امتنان، انعام و اکرام اور ضیافت خداوندی کا دن ہے۔ عیدالفطر روحانی سکون کا یوم سعید ہے۔

اس دن کی فضیلت ہے کہ روز مسلمان پانچ مرتبہ جماعت نماز کی صورت میں اﷲ کے گھر سجدہ کرنے جاتے ہیں اس دن پانچ کے بہ جائے مسلمان چھے نمازیں ادا کرتے ہیں۔ یہ چھٹی نماز عید ہوتی ہے جو شُکرانے کے طور پر ادا کی جاتی ہے۔ اسی لیے صدقۂ فطر مقرر کیا گیا ہے اس کی ادائی کا حکم اسی لیے تو نماز عید سے قبل کا ہے تاکہ غرباء و مساکین بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ ہمیں بیماروں اور معذورں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے۔ یتیموں کے سر پر ہاتھ رکھنا چاہیے جن کے والدین اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں۔ ان بیواؤں کا سہارا بننا چاہیے جن کا کوئی سہارا نہیں ہے۔ غربا و مساکین کو بھی اپنی خوشیوں میں عملی طور پر شریک رکھنا چاہیے کہ یہی عید کا اصل پیغام ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں