اعلیٰ قیادت کے حکم پر دہشت گردی کی وارداتیں کرنے والے 3 متحدہ کارکنان گرفتار

ملزمان نے مخالفین کو قتل کرنے اور دہشت گردی کی وارداتوں کیلئے عسکری تربیت یافتہ گروہ تشکیل دیا تھا، سی ٹی ڈی


Staff Reporter May 28, 2021
دہشت گردوں سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں، سی ڈی ڈی ۔ فوٹو : فائل

MULTAN: سی ٹی ڈی نے اہم کارروائی میں 3 متحدہ کے کارکنان کو گرفتار کرلیا جنہوں نے اعلیٰ قیادت کے حکم پر دہشت گردی کی وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

سی ٹی ڈی نے لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب سیکیورٹی ادارے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران چھاپے میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ ملزمان نے اعلیٰ قیادت کے حکم پر دہشت گردی کی وارداتوں کے لیے چھ رکنی نیا گینگ بھی تشکیل دیا تھا، ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف ، ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزمان میں نعیم، عمران اور علیم شامل ہیں، نعیم حیدرآباد کا سینئر ترین کارکن اور سندھ آرگنائزنگ کمیٹی کا جوائنٹ انچارج ہے، ملزم نے بیرون ملک سے اعلیٰ قیادت کے حکم پر شہر میں مخالفین کو قتل کرنے اور دہشت گردی کی وارداتوں کے لیے عسکری تربیت یافتہ چھ رکنی گروہ تشکیل دیا تھا۔ ملزم نعیم متعدد مرتبہ گرفتار ہوکر جیل بھی جاچکا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم عمران بھی حیدرآباد کا سینئر کارکن اور کئی تنظیمی عہدوں پر رہنے کے علاوہ گرفتار بھی ہوچکا ہے جب کہ ملزم علیم الدین کراچی میں اے پی ایم ایس او کا سینئر کارکن اور ''را'' سے تربیت یافتہ ہے، وہ کراچی میں پولیس موبائلوں پر حملوں اور دیگر کئی وارداتوں میں ملوث ہے، اس کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ حیدر آباد سے آئے ان دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں بیرون ملک سے مخالفین کو قتل کرنے اور دہشت گردی کے لیے ہدایات ملی تھیں، نئے گروپ کو اندرون سندھ سے آپریٹ کیا جائے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں