IMF کے ساتھ حکومتی مذاکرات اہم مرحلے میں داخل

قرضے کی ایک ارب ڈالر کی قسط پر گفت و شنید جمعرات تک مکمل ہونے کی توقع


Shahbaz Rana June 08, 2021
آئی ایم ایف کا نیپرا آرڈیننس فوری طور پر پارلیمان سے منظور کروانے کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

قرضہ پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی قسط اور آئندہ مالی سال کے بجٹ پر وفاق اور آئی ایم ایف کے مذاکرات اہم مرحلے میں داخل، آئی ایم ایف نے اسلام آباد سے نیپرا آرڈیننس فوری طور پر پارلیمان سے منظور کروانے کا مطالبہ کردیا۔

آئی ایم ایف کے قرضہ پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط اور مالی سال 2021-22ء کے بجٹ پر عالمی مالیاتی فنڈ اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوگئے۔

وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کے ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ دور کرنے کے لیے حکومت اس ہفتے قومی اسمبلی سے نیپرا آرڈیننس منظور کروانے کی کوشش کرے گی۔

آئی ایم ایف 6 ارب ڈالر مالیت کے 3 سالہ بیل آؤٹ پروگرام کے چھٹے جائزے کے تحت مذاکرات کررہا ہے جن کی جمعرات تک مکمل ہوجانے کی توقع ہے۔ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کے ذریعے ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

علاوہ ازیں آئی ایم ایف سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی بھی توثیق ہوجائے گی جو 11جون کو پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں خودمختار بنانے کے لیے قانون سازی کرنے کے لیے کہا ہے۔

پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت رواں ہفتے نیپرا آرڈیننس کو قومی اسمبلی سے منظور کروانے کے لیے کام کررہی ہے جس کے بعد فوری طور پر اسے سینیٹ سے بھی منظور کرایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں