پنجاب میں 5 نئے نیشنل پارکس بنانے کا منصوبہ

نیچرل ہسٹری میوزیم کے قیام کے بھی فنڈزمانگ لئے گئے


آصف محمود June 12, 2021
پنجاب وائلڈلائف نے 7 ترقیاتی منصوبے بجٹ میں شامل کیے ہیں فوٹو: فائل

پنجاب وائلڈلائف نے بجٹ 22-2021 میں نیچرل ہسٹری میوزیم اوراوکاڑہ وائلڈلائف پارک کے قیام سمیت مختلف وائلڈلائف پارکس اوربریڈنگ سنٹرمیں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے 675 ملین سے زائد کی سکمیں منظوری کے لئے شامل کی ہیں،محکمہ جنگلات نے بھی پنجاب میں پانچ نئے نیشنل پارک بنانے کی تجاویزبجٹ میں شامل کی ہیں۔

ایکسپریس کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق پنجاب وائلڈلائف کی طرف سے معمول کے اخراجات کے علاوہ 7 ترقیاتی منصوبے بجٹ میں شامل کیے ہیں۔وائلڈلائف بریڈنگ سنٹرباراٹھی تحصیل چونسہ میں باونڈری وال کی تعمیر،جانوروں اورپرندوں کے انکلوژر اور پنجرے، زیرزمین پانی اسٹوریج سمیت دیگرکاموں کے لئے 72 اعشاریہ 824 ملین روپے مختص کیے ہیں۔

وائلڈلائف پارک ہیڈ سلیمانکی اوکاڑہ میں تعمیراتی کام مکمل کرنے کے لئے 22 ملین روپے مختص کرنے کی تجویزدی گئی ہے، اسی طرح رائیونڈسفاری زو کی چاردیواری کے لئے 62 ملین روپے مانگے گئے ہیں۔ وائلڈلائف پارک لوئی بھیر راولپنڈی کے 15 اعشاریہ 815 ملین روپے تجویزکئے گئے ہیں۔ اوکاڑہ میں چڑیاگھرکے قیام کے لئے سب سے زیادہ 142 اعشاریہ 982 ملین روپے تجویزکئے گئے ہیں جبکہ تونسہ بیراج آب گاہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے مزید 17 ملین روپے تجویزکئے گئے ہیں۔

لاہورمیں نیچرل ہسٹری میوزیم کے پی سی ٹو کے لئے 17 ملین روپے مانگے گئے ہیں جس میں نیچرل ہسٹری میوزیم کی فزیبیلٹی رپورٹ، ماسٹر پلان اور نقشہ تیار کیا جائے گا۔ پنجاب وائلڈلائف کے حکام نے بتایا کہ بجٹ میں ان ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ہوجائیگی جس سے جنگلی حیات کے تحفظ اورفروغ میں مدد ملے گی۔

اسی طرح محکمہ جنگلات پنجاب نے نئے مالی سال کے دوران صوبے میں پانچ نئے نیشنل پارک بنانے کافیصلہ کیاہے، بجٹ میں ان منصوبوں کی منظوری دی جائیگی،وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ان 5 نئے نیشنل پارکوں کے قیام کا تخمینہ 978 اعشاریہ 78 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

پنجاب کے صوبائی بجٹ میں محکمہ جنگلات پنجاب کے معمول کے اخراجات اورجاری ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ پانچ نئے نیشنل پارک بنانے کی بھی تجویزپیش کی جائیگی۔ محکمہ جنگلات نے پبی نیشنل پارک، خیری مورت نیشنل پارک، لال سوہنرا نیشنل پارک بہاولپور، سالٹ رینج نیشنل پارک، چنجی نیشنل پارک کے قیام کی تجاویزبجٹ میں شامل کی ہیں۔

محکمہ جنگلات پنجاب کے حکام کے مطابق یہ پانچ نئے نیشنل پارک نئے مالی سال کے دوران بنناشروع ہوں گے اورسال 2024 میں مکمل ہوں گے۔محکمہ جنگلات نئے مالی سال کے دوران 10 بلین ٹری منصوبے پرخصوصی توجہ دے گا اوروفاقی حکومت کی معاونت سے اس منصوبے پرکام جارہیگا۔ ایکسپریس کوملنے والی تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے دوران لاہوررنگ روڈ، لاہورسیالکوٹ موٹروے سمیت اہم شاہراؤں کے اطراف میں بھی پھل اورسایہ دارپودے لگائے جائیں گے۔ جبکہ میاواکی جنگلات کادائرہ کار دوسرے شہروں تک بڑھایاجائیگا۔ اس مقصد کےلیے محکمہ جنگلات پی ایچ اے ،محکمہ شاہرات پنجاب ، پنجاب وائلڈلائف سمیت دیگرمحکموں کی خدمات بھی حاصل کریگا تاکہ صوبے کو سرسبز و شاداب بنانے کا خواب شرمندہ تعبیرہوسکے۔

واضح رہے کہ نیشنل پارک سے مرادایسا علاقہ ہے جومختلف اقسام کی جنگلی حیات کا قدرتی مسکن ہے ، یہاں مزیددرخت لگانے کے ساتھ ساتھ پنجاب وائلڈلائف کی معاونت سے جنگلی حیات کی افزائش میں اضافے کی بھی کوشش کی جائیگی۔ صوبائی وزیرجنگلات پنجاب سبطین خان نے بتایا کہ بجٹ میں ان منصوبوں کی منظوری ہوجائیگی اورخودان کی نگرانی کریں گے تاکہ صوبے میں مزیدپانچ نئے نیشنل پارک بنائے جاسکیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں