مہنگائی سے کھلاڑی بھی پریشان عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ

روزہ مرہ استعمال کی جانے والی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ شہریوں کیلیے پریشانی کا سبب ہے،، جاوید میانداد


Zubair Nazeer Khan June 28, 2021
ناجائز منافع خوروںکولگام دی جائے،رشید الحسن،سمیع اللہ، فواد عالم ،ماہ حور شہزاد،مقصود احمد،علی نواز بلوچ ودیگر کااظہارخیال

روزانہ تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے معاشرتی مسائل میں اضافہ کر کے رکھ دیا ہے، مسلسل بڑھتی مہنگائی سے عوام بری طرح نالاں اور سخت پریشان ہیں،کھلاڑی بھی معاشرے کا حصہ ہونے کے ناطے مہنگائی کے عذاب سے دوچار ہیں۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کھیلوں کا گرتے ہوئے معیار کا ایک اہم سبب مہنگائی بھی ہے، عام اشیا کی طرح کھیلوں کے استعمال کا سامان بھی مہنگا ہو گیا ہے اور اب ایسے سامان کی خریداری عام کھلاڑی کی دسترس سے بھی باہر ہوتی جارہی ہے۔

اپنے دور کے عظیم کھلاڑی سابق عالمی اسکواش چیمپئین جہانگیر خان نے مہنگائی میں مسلسل اضافہ کے رحجان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے عام فرد بری طرح متاثر ہورہا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ روزہ مرہ کی زندگی میں استعمال کی جانے والی اشیا کے قیمتوں میں اضافہ عام فرد کے لیے پریشانی کا سبب بن رہا ہے، عام شہری کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے، مہنگائی کی وجہ سے کھیلوں کے میدان بھی ویران ہوتے چلے جارہے ہیں، کھیلوں کے معیاری سامان کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، جس کی وجہ اب لوگوں میں کھیلوں کی جانب رغبت میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے، کھیلوں کے شوقین اب صرف کم لاگت والی اسپورٹس ہی کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔ارباب اختیار کو قومی خوش حالی کے لیے فوری طور پر راست اقدامات کرنا ہوں گے، ورنہ مہنگائی کا جن بے قابو ہوجائے گا اور معاشی بد حالی پھیلنے کا خدشہ ہے۔

دنیائے کرکٹ میں بلند مقام پانے والے اپنے دور کے معروف بیٹسمین اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاں داد کہتے ہیں کہ آج کے دور میں مہنگائی نے ہر فرد کو پریشان کرکے رکھ دیا، غریب کا جینا مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا جا رہا ہے، مہنگائی کی وجہ سے معاشی مسائل پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی ذہنی و جسمانی صحت بھی متاثر ہورہی ہے۔ بے روزگاری کے خاتمہ کے ساتھ صنعتی اور زرعی ترقی کے لیے کوشش کرنا ہوگی،ناجائز منافع خوروں کو لگام دینی چاہیے، مہنگائی کی وجہ سے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے سامان کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ہیں جس سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی اہلیت اور صلاحیت کے اظہار میں دقت کا سامنا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرے۔

1984 میں لاس اینجلس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن اولمپئین رشید الحسن نے مہنگائی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اب ایک عزاب کی سی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے غربت بڑھ رہی ہے اور معاشی بد حالی میں اضافہ ہورہا ہے، ریاست کی زمہ داری ہے کہ وہ مہنگائی میں کمی لانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرے، منافع خوری، کرپشن اور رشوت ستانی بھی مہنگائی میں اضافہ کا سبب بن رہی ہیں، حکومت کو بلند بانگ دعوے کرنے کی بجائے عملی طور پر ایسا لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے جس سے عام آدمی کی قوت خریدار بہتر ہو، عوام کو بھی چاہیے کہ بے جا اسراف سے بچیں، مہنگائی سے کھلاڑی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔کھیلوں کا سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے۔

ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائدگی کا حق پانے والی قومی ویمن بیڈمنٹن چیمپئین ماہ حور شہزاد بھی مہنگائی سے پریشان نظر آئیں، ان کا کہنا ہے کہ ہر روز قیمتوں کے بڑھنے سے مہگائی نے عام فرد کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے، مہنگائی کی وجہ سے گھریلو خواتین بھی بری طرح پریشان ہیں، اور گھر کا چولہا جلانا بھی محال ہوکر رہ گیا ہے،اشیا خورد نوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، نمود و نمائش کی وجہ سے بھی فضول خرچی مشکلات پیدا کر رہی ہے۔گھریلو خواتین کو اس ضمن میں تدبر سے کام لے کر مہنگائی کے خلاف جہاد کرنا چاہیے، دوسری جانب حکومت کی بھی زمہ داری ہے کہ کہ وہ کمزور معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے موثر پالیسی مرتب کرکے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور فٹبال لیجنڈ علی نواز بلوچ نے مہنگائی کے بڑھتے ہوئے رحجان کو ملک کے لیے شدید ترین خطرہ قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے ہی جرائم اور دیگر منفی سرگرمیوں میں اجافہ ہورہا ہے، آمدنی کے لیے نا جائز طریقوں کا استعمال معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔ لوگ مہنگائی کی وجہ سے نفسیاتی مریض بن رہے ہیں۔

فلائنگ ہارس کے نام سے معروف سابق قومی ہاکی کپتان اولمپئین سمیع اللہ خان نے کہا کہ مہنگائی قومی ترقی میں رکاوٹ ہے، عوامی پریشانی کا تدارک کرنا ہوگا۔

اسکواش کے سابق ورلڈ امیچر چیمپئین مقصود احمد نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان سب کو بہا کر لے جائے گا، مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے ذریعہ آمدنی کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی اہلیت تسلیم کرانے والے نوجوان آل راونڈر فواد عالم بھی مہنگائی سے نالاں ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، بڑھتی ہوئی گرانی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، مہنگائی کے تدارک کے لیے قومی مصنوعات کی تیاری میں معیار کو بلند کیا جائے،اس طرح غیر ملکی اشیا کی خریداری کی حوصلہ شکنی سے قیمتی زرمبادلہ بچاکر مہنگائی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔