گزشتہ مالی سال میں 23 قومی اداروں کی نجکاری کا عمل مکمل ہوچکا ہے وزارت نجکاری

ایس ایم ای بینک، فرسٹ ویمن بینک اور ہاﺅس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے متعلق معاملات متعلقہ اداروں کو بھجوا دیئے گئے ہیں


Business Reporter July 07, 2021
ایس ایم ای بینک، فرسٹ ویمن بینک اور ہاﺅس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے متعلق معاملات متعلقہ اداروں کو بھجوا دیئے گئے ہیں(فوٹو:فائل)

وزارت نجکاری کا کہنا ہے کہ مالی سال 2020-21 کے دوران مجموعی طور پر 27 قومی اداروں میں سے 23 کی نجکاری کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ دیگر اداروں کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیروں کی خدمات کے حصول کے لیے اظہار دلچسپی کے اشتہارات جاری کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں قومی اداروں کی نجکاری کی تازہ ترین صورتحال اور پیش رفت کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت نجکاری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے شرکاکو بتایا گیا کہ ہیوی الیکٹرک کمپلیکس کی نجکاری کے لیے 5 سرمایہ کاروں کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں مالی معاملات کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، جب کہ جناح کنونشن سینٹر کے مالی معاملات رواں برس دسمبر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس کے شرکاکو بتایا گیا کہ ایس ایم ای بینک، فرسٹ ویمن بینک اور ہاﺅس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے متعلق معاملات اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھجوا دیئے گئے ہیں اور فرسٹ ویمن بینک کے لیے بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مالیاتی اور آڈٹ رپورٹس تیار کرکے پیش کرے گا۔ اس کے علاوہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، اس ضمن میں وفاقی کابینہ سے مذکورہ ہوٹل کی نظرثانی شدہ قیمت کی منظوری ملتے ہی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا

اجلاس میں نجکاری کے لیے پیش کیے گئے سب سے بڑے منصوبے نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (این پی پی ایم سی ایل) کی نجکاری کے حوالے سے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذکورہ کمپنی کی زمین کی تبدیلی، ادارے کی دو کمپنیوں میں تقسیم، پانی کے استعمال اور مالی معاملات سے وابستہ تمام پیچیدہ امور حل ہو چکے ہیں، اس حوالے سے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ انتہائی اہم منصوبہ ہے اور اس کی نجکاری کے عمل کی جلدازجلد تکمیل کے لیے تمام مراحل کو باریک بینی کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے، گزشتہ برس این پی پی ایم سی ایل کی نجکاری میں حصہ لینے والے جن بولی دہندگان کا انتخاب کیا گیا تھا ان کی جانب سے ایک بار پھر دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ جب کہ نندی پور پاور پلانٹ اور گدو پاور پلانٹ کے مالی معاملات سے متعلق امور طے کرنے کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے مالیاتی ڈھانچے کی منظوری دسمبر 2020 میں دی گئی تھی، جس کے مطابق نئے ڈھانچے کے تحت ملکیتی اثاثوں کی نشان دہی اور منتقلی اور ان کی فروخت کے لیے ماتحت ادارہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اس ضمن میں معاملات طے کرنے کے لیے متعلقہ فریقین کی طرف سے بعض اقدامات کی ضرورت ہے جن کی پیروی وزارت نجکاری کی جانب سے کی جاتی ہے۔ نجکاری کمیشن کے آئندہ اجلاس میں پاکستا ن سٹیل ملز کے مالی معاملات کے لئے تیار کئے گئے بنیادی ڈھانچے کی خصوصیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا وفاقی وزیر محمد میاں

وفاقی وزیر نجکاری نے اس حوالے سے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے باعث قومی اداروں کی نجکاری کا عمل پہلے ہی تاخیر کا شکار ہو چکا ہے اس لیے نجکاری کے عمل کی بروقت تکمیل کے لیے کام تیز کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نجکاری کے لیے پیش کیے گئے قومی اداروں کے مالیاتی معاملات کی بروقت تکمیل ،عوامی شعبے کے ان اداروں کی استعداد کار کو بہتر بنانے اور معیشت پر مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں