انگلش ایتھلیٹس کیلیے اولمپکس ’فیملی گیمز‘بن گئے

ریکارڈ 16 بہن بھائیوں کی جوڑیاں ٹوکیو جائیں گی، جڑواں کے 3 سیٹ موجود۔


ریکارڈ 16 بہن بھائیوں کی جوڑیاں ٹوکیو جائیں گی۔ فوٹو: رائٹرز

KARACHI: انگلش ایتھلیٹس کیلیے اولمپکس 'فیملی گیمز' بن گئے، ریکارڈ 16 بہن بھائیوں کی جوڑیاں ٹوکیو جائیں گی۔

برطانیہ کی جانب سے اس بار اولمپکس میں ریکارڈ تعداد میں بہن اور بھائی شرکت کررہے ہیں، 23 جولائی سے شروع ہونے والے گیمز میں جڑواں باکسر پیٹ اور لیوک میک کورمیک رنگ سنبھالیں گے، نوجوان جمناسٹ جڑواں بہنیں جنیفر اور جیسیکا گیڈیرووا بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی۔

امریکا میں رہنے والی 33 سالہ ٹفینی پورٹر اور26 سالہ بہن سنڈی سیمبر 2016 ریو اولمپکس کے بعد ایک بار پھر ہرڈلز میں ٹیم کو تمغہ دلانے کیلیے کوشاں ہونگی، اس بار ٹوکیو جانے والوں میں خاتون ہاکی پلیئر ہانا مارٹن کے بھائی ہیری مارٹن بھی موجود ہوں گے، انھیں مینز ٹیم میں بطور ریزرو پلیئر شامل کیا گیا تاہم وہ بھی میدان میں اترسکتے ہیں۔

جمناسٹک فلور پر 16 سالہ جڑواں بہنیں جسیکا اور جنیفر گاڈیرووا ٹیم برطانیہ کی بہت بڑی امید ہونگی، جسیکا نے 2019 میں یورپیئن چیمپئن شپ میں برطانیہ کیلیے سونے کا تمغہ جیتا تھا،دونوں بہنیں نے ڈبلن میں پیدا ہوئیں مگر آبائی تعلق آذربائیجان سے ہے، دونوں چھوٹی بچیاں تھیں جب والدہ انگلینڈ منتقل ہوئیں اور انھیں جمناسٹک کلاسز میں داخل کرایا۔

میکس اور جوئے لچفیلڈ پول میں برطانیہ کی نمائندگی کریں گی، جڑواں سائمن اور ایڈم یاٹیس سائیکلنگ میں برطانیہ کا جھنڈا بلند رکھنے کیلیے کوشاں ہوں گے۔

پاکستان کے22 رکنی دستے میں ایک غیرملکی کوچ بھی شامل

ٹوکیو اولمپکس کیلیے 22 رکنی پاکستانی دستے میں ایک غیرملکی کوچ بھی شامل ہیں، جاپان کے یو شوکی کوبا یاشی 23 جولائی سے شروع ہونے والے اولمپک مقابلوں کے جوڈو ایونٹ میں 28 سالہ شاہ حسین شاہ کے کوچ کی ذمہ داری ادا کریں گے۔

8جون 1993 کو لندن میں پیدا ہونے والے شاہ حسین شاہ ان دنوں ٹوکیو میں اپنے کوچ کے ہمراہ خصوصی ٹریننگ میں مصروف ہیں، وہ 100- کلو گرام کے درجے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

جاپان میں رہائش پذیر شاہ حسین شاہ کو ریو اولمپکس 2016 کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کا جھنڈا بھی اٹھانے کا اعزاز حاصل ہے،انکے والد حسین شاہ نے سیول اولمپکس1988 میں پاکستان کے لیے برانز میڈل جیتا تھا۔

ڈین ایوانزمثبت ٹیسٹ کی وجہ سے باہر،اینجلیک کیربر بھی دستبردار

کورونا وائرس سے اولمپک ٹینس ایونٹ کی چمک ماند پڑنے لگی، برطانیہ کے ڈین ایوانز مثبت ٹیسٹ کی وجہ سے ٹوکیو گیمز سے باہر ہوگئے،دوسری جانب انجلیک کیربر نے بھی مقابلوں سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وی آئی پی مہمانوں کی فہرست بھی مختصر

کورونا وائرس کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں وی آئی پی مہمانوں کی فہرست بھی مختصر کردی گئی، مختلف ممالک کے سربراہان سمیت 10 ہزار اہم افراد کو بلانے کا ارادہ تھا،البتہ اب تقریب میں 1000 سے بھی کم اعلیٰ شخصیات شریک ہوں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں