عائشہ عمر ماہرہ خان کو بوڑھی کہنے والی خاتون پر آگ بگولہ

کیا ہم لوگوں کو ان کی ظاہری شخصیت،رنگ اورعمر کا احساس دلاتے ہوئے انہیں شرمندہ کرنا چھوڑ سکتے ہیں،عائشہ عمر


ویب ڈیسک July 18, 2021
سوشل میڈیا پر بہت سارے لوگوں نے ماہرہ خان کو بڑھتی عمر کا طعنہ دیا، فوٹوفائل

MUZAFFARABAD: اداکارہ عائشہ عمر ماہرہ خان کو بڑی عمر کا طعنہ دینے والی خاتون پر بھڑک اٹھیں اور انہیں کھری کھری سنادی۔

اداکارہ ماہرہ خان بہت جلد پاکستان ٹی وی کے باصلاحیت اداکار زاہد احمد اور شہریار منور کے ساتھ ویب سیریز میں نظر آئیں گی۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان تینوں کی ایک تصویر بھی وائرل ہورہی ہے جو شاید ویب سیریز کے سیٹ کی ہی ہے۔ تصویر میں ماہرہ خان بغیر میک اپ کے نظر آرہی ہیں۔



سوشل میڈیا پر اس تصویر کو صارفین کی جانب سے تنقید کانشانہ بنایا جارہا ہے۔ لوگ ماہرہ خان کی بغیر میک اپ تصویر پر تبصرے کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ ماہرہ خان کا بغیر میک اپ اصلی روپ ہے۔ بہت سارے لوگوں نے ماہرہ خان کو بڑھتی عمر کا طعنہ دیا۔

ایسے ہی ایک تبصرے پر جس میں الیشبا نامی خاتون نے ماہرہ خان کو ''بوڑھی'' کہا تھا۔ اداکارہ عائشہ عمر نےساتھی اداکارہ ماہرہ کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ عائشہ عمر نے خاتون کوٹیگ کرتے ہوئے انہیں جواب دیا کیا ہوا ماہرہ خان کو؟ ماہرہ کا ظاہر اور باطن بہت خوبصورت ہے۔ ہم سب کو ایک دن بوڑھا اورعقلمند ہونا ہے۔ ہر جاندار انسان کو زندگی کے قدرتی عمل سے گزرتے ہوئے بوڑھا ہونا ہے۔ کیا ہم لوگوں کو ان کے لباس، ظاہری شخصیت، رنگ اور عمر کا احساس دلاتے ہوئے انہیں شرمندہ کرنا چھوڑ سکتے ہیں؟ لوگوں کے ساتھ رحم دلی کے ساتھ پیش آئیں۔



واضح رہے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا جارہا ہے کہ ماہرہ خان اور زاہد احمد کی ویب سیریز کو اداکار شہریار منور ڈائریکٹ کررہے ہیں۔ اس طرح شہریار منور اس ویب سیریز کے ذریعے ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔ یہ ویب سیریز آن لائن پلیٹ فارم سی پرائم پر دکھائی جائے گی۔ تاہم ابھی تک اس ویب سیریز کا نام منظر عام پر نہیں آیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔