ٹوکیو اولمپکس جاپانی بہن بھائی نے ’ سنہری میڈل ‘ سے تاریخ رقم کر دی

تیونس کے احمد حفانوئی فری اسٹائل سوئمنگ میں سب سے آگے،آسٹریلوی امریکی تیراکوں کا دوسرا اور تیسرا نمبر۔


AFP/Sports Desk July 26, 2021
یولوگبیک راشیٹوف نے ازبکستان کیلیے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا، روڈ ویمنز سائیکل ریس ٹائٹل آسٹریا کی اینا کے نام رہا۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ٹوکیو اولمپکس میں میزبان جاپان کے ایتھلیٹس چھائے رہے جب کہ مزید 4 ٹائٹل جیت کر طلائی تمغوں کی تعداد 5 کرلی۔

چین نے مجموعی طور پر 6 گولڈ، ایک سلور اور 4 برانز لیکر میڈلز ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی، امریکا نے 4 گولڈ، 2 سلور اور 4 برانز میڈلز لیکر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا، جنوبی کوریا نے 2 طلائی اور 3 کانسی کے میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے۔

ٹوکیو گیمز کا دوسرا دن مجموعی طور پر جاپانی ایتھلیٹ کے نام رہا، اسکیٹ بورڈنگ میں جاپانی ایتھلیٹ یوٹو ہوریگوم نے طلائی تمغہ ملک کے لیے حاصل کیا، جوڈو میں جاپانی بھائی اور بہن نے گولڈ میڈلز جیت کر تاریخ رقم کردی، میزبان کھلاڑی یوٹا ایبے نے ویمنز 52 کے جی میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

اس سے چند گھنٹے قبل ان کی بھائی ہیفیومی نے مینز 66 کے جی میں طلائی تمغہ حاصل کیا، ان دونوں نے ایک ہی اولمپکس میں ٹائٹلز جیت کر تاریخ رقم کی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے سگے بھائی بہن بنے.تیونس کے سوئمر نے سپرپاورز کو حیران کردیا۔

18 سالہ احمد حفانوئی نے 400 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا،آسٹریلیا کے جیک میک لوگلن نے سلور جبکہ امریکی سوئمر کیرین اسمتھ نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔

سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آرہا لیکن میرا خواب یہاں شرمندہ تعبیر ہوگیا، یہ میرے لیے بہت عظیم فتح ہے، یہ میری اب تک کا بہترین مقابلہ رہا۔

امریکی جمناسٹ سیمون بائلز ٹوکیو گیمز میں بارز ایونٹ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں، ویمنز روڈ سائیکلنگ آسٹریا کی اینا کیسن ہوفر نے جیت لی ، نیدرلینڈز کی اینامیک وان ویلوٹن نے نقرئی جبکہ اٹلی سے تعلق رکھنے والی سائیکلسٹ ایلیسا بروگنی نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

مینز 68 کے جی تائیکوانڈو میں یولوگبیک راشیٹوف نے ازبکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا، برطانیہ کے بریڈلے سینڈن سلور اور چین کے شوئی زاؤ نے برانز میڈل پایا.فینسنگ ( شمشیر زنی ) ویمنز فوائل انفرادی ایونٹ میں امریکا کی لی کائیفر نے سونے، اینا ڈیریگلیزووا نے چاندی اور لاریسا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

ویٹ لفٹنگ 67 کے جی میں چین کے چین لوجین نے پہلی، موسکیورا نے دوسری جبکہ میرکو زینی نے تیسری پوزیشن پر اختتام کیا. ویمنز 57 کے جی تائیکوانڈو میں امریکا کی اناستاسیجا زولوٹک نے میدان مارلیا، انھوں نے گولڈ میڈل پر قبضہ جمایا، ٹاٹینا نے سلور اور چی لینگ لو نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں