پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کی لاش مل گئی بیٹے نے تصدیق کردی

والد کا جسدِ خاکی بوٹل نک سے300 میٹر نیچےکھائی میں نظر آرہا ہے جس کو ریسکیو کرکےنکالنےکی کوشش کریں گے، ساجد سدپارہ


شبیر حسین July 26, 2021
کے ٹو سر کرنے کی مہم پر موجود نیپالی کوہ پیماؤں نے کیمپ 4 سے اوپر محمد علی سدپارہ کی لاش دیکھی تھی۔ فوٹو : فائل

کے ٹو پر لاپتہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی لاش مل گئی ہے۔

معروف پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی لاش مل گئی ہے جب کہ ان کے بیٹے ساجد سدپارہ نے والد کی لاش ملنے کی تصدیق بھی کردی ہے، مشہ بروم ایکسپڈیشن ٹریکس اینڈ ٹورز میں شامل نیپالی شرپا نے بوٹل نک کے قریب لاشوں کی موجودگی کی نشاندہی کی تھی جس پر اسکردو انتظامیہ، آرمی ہیلی کاپٹرز اور محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ لاشوں کی تصدیق و ریسکیو کے لیے کیمپ فور گئے تھے جہاں سے ساجد سدپارہ نے کپڑوں کے ذریعے لاشوں کی تصدیق کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : علی سدپارہ سمیت لاپتہ کوہ پیماؤں کا تیسرے روز بھی سراغ نہ مل سکا

دوسری جانب ساجد سدپارہ نے والد کی لاش ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم والد کا جسدِ خاکی بوٹل نک سے 300 میٹر نیچے کھائی میں نظر آرہا ہے، والد کے دیگر ساتھی جان پابلو کی باڈی بھی نظر آرہی ہے، والد کے جسدِ خاکی کو نکالنے کی تدبیر پر غور کررہے ہیں، آج رات یا صبح تک ریسکیو کرکے باڈی کو نکالنے کی کوشش کریں گے، قوم سے مشن کی کامیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں محمد علی سدپارہ اپنے 2 غیر ملکی کوہ پیما ساتھیوں جان اسنوری اور جوان پابلو موہر کے ساتھ کے ٹو کو سرد موسم میں سر کرنے کی مہم پر نکلے تھے تاہم رابطہ منقطع ہونے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا لیکن ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں