دیس بدیس کے کھانے

بنائیے مزیدار پکوان بہترین ترکیب کے ساتھ۔


مریم کنول July 27, 2021
بنائیے مزیدار پکوان بہترین ترکیب کے ساتھ۔ فوٹو : فائل

تُرک بوٹی
اجزا:
دنبے کے گوشت کی چوکور بوٹیاں (ایک کلو)،
دودھ (ایک پیالی)،
زیتون کا تیل (ایک پیالی)،
لچھے کی شکل میں کٹی ہوئی پیاز (ایک عدد)،
نمک (حسب ذائقہ)،
کُٹی ہوئی کالی مرچ (ایک چمچا)

ترکیب:
تمام مسالوں کو گوشت میں اچھی طرح سے لگا کر رکھ دیں۔ 15منٹ بعد تیل بھی اس میں شامل کرلیجیے اور پھر اسے پوری رات کے لیے فریج میں رکھ دیجیے۔ دوسرے دن پکانے سے کوئی ایک آدھ گھنٹے قبل نکالیں، اور سیخوں میں پرو کر پہلے سے دہکتے ہوئے کوئلوں پر بھون لیجیے اور حسب ضرورت ٹماٹر اور پیاز کے لچھوں کے ساتھ تناول فرمائیے۔

اسپیشل کڑاہی کباب
اجزا:
قیمہ (آدھا کلو)
ہرا دھنیا (آدھی گٹھی)
ادرک، لہسن (ایک چائے کا چمچا)
کورن فلور (ایک چائے کا چمچا)
نمک (ایک چائے کا چمچا)
دھنیا (ایک کھانے کا چمچا)
بیکنگ پائوڈر (آدھا چائے کا چمچا)
زیرہ (آدھا چائے کا چمچا)
گرم مسالا (آدھا چائے کا چمچا)
ہری مرچ (دو عدد)
ڈبل روٹی کا توس (ایک عدد)

ترکیب:
پہلے قیمے کو اچھی طرح سے صاف کر کے اس میں ہرا دھنیا، ادرک، لہسن، کورن فلور، نمک، دھنیا، بیکنگ پائوڈر، زیرہ، گرم مسالا، ہری مرچ، پیاز اور ڈبل روٹی کے توس کو اچھی طرح ملا لیں۔ اس کے بعد آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیجیے۔ اب اس آمیزے کے لمبے لمبے کباب بنالیں اور اسے پہلے سے گرم کڑاہی میں تل لیجیے۔ کری کے لیے پیاز کو تل لیجیے، پھر اس میں ادرک لہسن تلے ہوئے ٹماٹر اور ہری مرچیں شامل کرلیجیے۔ اس کے بعد اس میں تلے ہوئے کباب شامل کر کے دم پر رکھیں۔ آخر میں ہرا دھنیا چھڑک کر زینت دسترخوان کیجیے۔

ایرانی تِکّے
اجزا:
بکرے کے پارچے (ایک کلو)،
سوکھی کچری (تین عدد)،
کُٹی لال مرچ (دو چمچے)،
پسا ہوا گرم مسالا (ایک چمچا)،
نمک (حسب ذائقہ)،
پسی ہوئی سوکھی انجیر (دو عدد)،
کتری ہوئی پیاز (تین عدد بڑی)،
مکھن (ایک پیالی)،
دہی (ایک پائو)،
کُٹا ہوا دھنیا (ایک چمچا)

ترکیب:
گوشت کے پارچوں پر تقریباً آدھا پائو دہی لگا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیجیے، جب دہی گوشت میں جذب ہو کر خشک ہو جائے، تو باقی کے تمام مسالے پیس کر ان پارچوں میں ملا دیجیے، اب باقی دہی بھی ملائیے اور مزید چار گھنٹے کے لیے رکھ دیجیے، اس کے بعد مکھن پگھلا کر ان پارچوں میں ملائیے اور پتیلی میں دَم پر پکنے کے لیے رکھ دیجیے۔ گَل جائے تو چولھے سے اتار لیجیے، اگر چاہیں توتکوں کو سیخوں پر لگا کر کوئلے پر بھون لیجیے۔

کٹاکٹ
اجزا:
بکرے کی کلیجی،گردہ اور دل، (ایک، ایک پائو)،
مغز (ایک عدد)،
دہی(دو پیالی)،
ہرا دھنیا (آدھی گٹھی)،
پسے ہوئے ادرک لہسن (دو کھانے کے چمچے)،
ہری مرچ (پانچ سے چھے عدد)،
گھی (آدھی پیالی)،
کٹی ہوئی کالی مرچ (ایک چائے کا چمچا) ،
ہلدی (ایک چائے کا چمچا)،
قصوری میتھی (ایک چائے کا چمچا)،
کُٹا ہوا سوکھا دھنیا (ایک کھانے کا چمچا)،
ادرک کا رس (دو کھانے کے چمچے)،
کُٹی ہوئی لال مرچ (دو کھانے کے چمچے)،
نمک (حسب ذائقہ)،

ترکیب:
گردے، کلیجی اور دل کو چھُری سے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیجیے۔ اس کے بعد ان پر ادرک کا پانی لگا کر 10سے 15 منٹ رکھیے، پھر دھو کر ایک طرف رکھ دیجیے، اس کے بعد ایک پتیلی میں دو پیالی پانی اور آدھا چمچا ہلدی ڈال کر ابال لیجیے۔ اس کے بعد مغز ڈال کر چار سے پانچ منٹ مزید ابالیے اور چھان کر ایک طرف رکھ دیجیے۔ گھی کو توے پر ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا آمیزہ، گردے کلیجی، دل اور دہی ڈال کر ملا لیں۔ اس کے بعد کچھ دیر ڈھکنا ڈھانپ کر اِسے پکنے کے لیے چھوڑ دیجیے۔ جب دل، گردے اور کلیجی گل جائیں، تو ان میں زیرہ، کُٹی ہوئی لال مرچ، کالی مرچ، سوکھا دھنیا، نمک، ہلدی اور ہری مرچ ڈال کر بھونیے۔ پھر اس میں دھنیا، قصوری میتھی اور مغز ڈال کر ملائیے اور پکالیجیے، دو سے تین منٹ بعد چولھے سے اتار کر نوش جان کیجیے۔

گلابی مٹن
اجزا:
بکرے کا گوشت (آدھا کلو)
تیل (چار سے پانچ چمچے)
درمیانے حجم کی پیاز (ایک عدد)
ادرک، لہسن کا آمیزہ ( دو چمچے)
لونگ (چارسے پانچ عدد)
ہری الائچی (پانچ سے چھے عدد)
ٹماٹر کا آمیزہ (چار چمچے)
دہی (آدھا پائو)
پسا ہواگرم مسالا (آدھا چائے کا چمچا)
پسی ہوئی لال مرچ (ایک چمچا)
نمک (حسب ذائقہ)
باریک کٹے ہوئے بادام (25 گرام)
ہرا دھنیا (ایک چوتھائی گٹھی)کاٹ لیں
ادرک (ایک درمیانہ ٹکڑا)

ترکیب:
پہلے کڑھائی میں تیل گرم کر کے پیاز کو خوب اچھی طرح سے لال کر لیجیے، پھر اس میں ادرک، لہسن کا آمیزہ اور بکرے کا گوشت شامل کر کے اتنا بھونیں کہ گوشت کا رنگ تبدیل ہو جائے اور پانی خشک ہو جائے۔ بعد ازاں اس میں لونگ، ہری الائچی، ٹماٹر کا آمیزہ اور دہی شامل کر کے ایک سے دو منٹ تک چلائیں۔ اب اس میں پسا ہوا گرم مسالا، پسی ہوئی لال مرچ، نمک اور پانی شامل کر کے ڈھک کر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ 25 سے 30 منٹ بعد جب گوشت گل جائے، تو بادام اور ہرا دھنیا شامل کر کے ڈش میں نکالیں اور کٹی ہوئی ادرک چھڑک دیجیے۔

توے والی کلیجی
اجزا:
بکرے کی کلیجی (آدھا کلو)
لیموں کا رس (چار چائے کے چمچے)
پسی ہوئی ادرک (ایک چائے کا چمچا)
پسا ہوا لہسن (ایک چائے کا چمچا)
سفید زیرہ (آدھا چائے کا چمچا)
ثابت سرخ مرچ (دو چائے کے چمچے) بھون کر کوٹ لیں
تیل (آدھی پیالی)

ترکیب:
پہلے کلیجی کو اچھی طرح سے دھو لیجیے، اس کے بعد اس میں لہسن، ادرک، لیموں کا رس، سفید زیرہ، نمک اور ثابت مرچ لگا کر ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیجیے۔ ایک توے پر تیل گرم کر لیں۔ اس کے بعد اس پر مسالا لگی ہوئی کلیجی ڈال کر اچھی طرح سے بھون لیجیے۔ لذیذ توا کلیجی سلاد اور چپاتیوں کے ساتھ نوش کیجیے۔

کلیجی گردہ مسالا
اجزا:
بکرے کی کلیجی (ایک کلو)
گردہ (ایک پائو)
تیل (ایک پیالی)
پیاز (دو عدد)
لہسن ادرک (دو کھانے کے چمچے)
دہی (ایک پیالی)
نمک (حسب ذائقہ)
لال مرچ (ایک کھانے کا چمچا)
ہلدی (ایک چائے کا چمچا)
ٹماٹر (تین سے چار عدد)
املی (ایک کھانے کا چمچا)
میتھی (ایک کھانے کا چمچا)
ہری مرچ (چھے سے آٹھ عدد)
ترکیب:
پہلے تیل گرم کر کے پیاز کو ہلکا سا تل لیں، پھر اس میں لہسن اور ادرک ڈال کر کچھ دیر مزید تلیے۔ اس کے بعد کلیجی، گردے، دہی، نمک، لال مرچ، ہلدی، ٹماٹر اور املی کا آمیزہ شامل کر کے پکائیے۔ جب پانی خشک ہو جائے، تو بھون لیجیے۔ آخر میں میتھی اور ہری مرچیں ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ تیار ہونے پر گرم گرم پیش کریں۔

اسپیشل بیف
اجزا:
بڑے کا گوشت (آدھا کلو)
نمک (ایک چائے کا چمچا)
کٹی ہوئی لال مرچ (ایک کھانے کا چمچا)
لیموں کا رس (دو کھانے کے چمچے)
ادرک (ایک چائے کا چمچا)
لہسن (ایک چائے کا چمچا)
پیپتا (ایک کھانے کا چمچا)
پیاز (ایک عدد)
ٹماٹر (ایک عدد)
ترکیب:
گوشت کے پتلے پتلے ٹکڑے کر لیجیے۔ اب اسے تمام اجزا کے ساتھ اچھی طرح ملا کر ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ ایک کڑاہی میں دو کھانے کے چمچے تیل شامل کیجیے۔ اس کے بعد گوشت ڈال کر ڈھکنا ڈھک دیجیے۔ جب گوشت گل جائے، تو بھون لیجیے۔ اس کے بعد گول کٹے ہوئے ٹماٹر اور پیاز کے ساتھ نوش فرمائیے۔

توا کباب
اجزا:
قیمہ (آدھا کلو)
پپیتے کا گودا (ایک چائے کا چمچا)
گرم مسالا (ایک چائے کا چمچا)
ہری پیاز (ایک عدد)
نمک (ایک چائے کا چمچا)
ہرا دھنیا (دو کھانے کے چمچے)
ہری مرچیں (چھے عدد)
لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)
ادرک، لہسن (ایک چائے کا چمچا)
ترکیب:
پہلے قیمے میں نمک، لال مرچ، پپیتے کا گودا، ادرک، لہسن اور گرم مسالا لگا کر 'چاپر' میں 'چاپ' کرلیجیے۔ اب اس میں باریک کٹا ہوا مسالا شامل کر کے کباب بنائیے اور توے پر سینک لیجیے، توا کباب تیار ہوئے۔

آم پاستا
اجزا:
پاستا (آدھی پیالی)
دودھ (ایک لیٹر)
ونیلاکسٹرڈ ( تین سے چار چمچے)
ونیلا ایسنس (ایک چمچا)
چینی (تین چوتھائی پیالی)
پسے ہوئے بادام (ایک چوتھائی پیالی)
کریم ( دو پیالی)
آم کی قاشیں ( دو پیالی)
ترکیب:
پہلے ایک لیٹر دودھ میں سے ایک چوتھائی پیالیدودھ میں ونیلا کسٹرڈ کو اچھی طرح ملا لیں، پھر باقی بچے ہوئے دودھ کو پین میں گرم کر لیں۔ اب اس میں ونیلا ایسنس، چینی اور حسب ضرورت پانی ڈال کر پکا لیں، بعد ازاں اس میں پاستا ڈال کر پکائیں۔ اب اس میں بادام اور کریم ڈال لیں۔ تھوڑی دیر پکنے دیں اور خوش بو محسوس ہونے لگے تو اتارلیں۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد آم ڈال کر پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں