مفرور کچھوے نے پولیس کو چکرا کر رکھ دیا

والٹر نامی یہ کچھوا بڑی خاموشی کے ساتھ دکان سے فرار ہوگیا اور وہاں موجود عملے کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی


ویب ڈیسک August 05, 2021
والٹر نامی یہ کچھوا بڑی خاموشی کے ساتھ دکان سے فرار ہوگیا اور وہاں موجود عملے کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی۔ (فوٹو: ولسن ویلی پولیس ٹوئٹر اکاؤنٹ)

CANBERRA: امریکی پولیس نے ٹوئٹر پر عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ایک پالتو جانوروں کی دکان سے 'مفرور کچھوے' کو تلاش کرنے میں ان کی مدد کرے۔

افریقی نسل کے اس کچھوے کا نام 'والٹر' ہے جس کی عمر 30 سال اور وزن تقریباً 25 پاؤنڈ ہے۔ اسے امریکی ریاست اورلینڈو کے شہر ولسن ویلی میں پالتو جانور فروخت کرنے والی دکان 'کریٹر کبانا' میں رکھا گیا تھا جہاں سے یہ دو روز پہلے فرار ہوگیا۔



کچھوے عام طور پر سست رفتار ہوتے ہیں لیکن والٹر کو کچھووں کا 'فلیش' کہا جاسکتا ہے کیونکہ یہ ایک گھنٹے میں دو میل جتنا فاصلہ طے کرسکتا ہے جبکہ یہ پہلے بھی ایک مرتبہ دکان سے فرار ہونے کی ناکام کوشش کرچکا ہے۔

اسی دکان میں والٹر کا بھائی 'ویسلی' بھی ہے جو خاصا تیز رفتار ہے لیکن پھر بھی اس کی رفتار والٹر سے خاصی کم ہے۔



خبروں کے مطابق، والٹر 2 اگست کو بڑی خاموشی کے ساتھ دکان سے فرار ہوگیا اور وہاں موجود عملے کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی۔ شام کے وقت، جب دکان میں رکھے گئے کچھووں اور دوسرے جانوروں کی گنتی جاری تھی تو معلوم ہوا کہ والٹر غائب ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے انکشاف ہوا کہ والٹر چند گھنٹے پہلے دکان کے دروازے سے باہر نکلا تھا جبکہ اس وقت دکان کا تمام عملہ دوسرے کاموں میں مصروف تھا اور اس جانب نہیں دیکھ رہا تھا۔

پولیس کی اب تک کی تفتیش سے صرف اتنا معلوم ہوا ہے کہ سنہرے بالوں والی کسی ادھیڑ عمر خاتون نے والٹر کو قریب ہی مرکزی سڑک سے اٹھایا تھا اور اپنے ساتھ لے گئی تھیں۔

عینی شاہدین کے مطابق، وہ خاتون کہہ رہی تھیں کہ یہ ان کے پڑوسیوں کا پالتو کچھوا ہے جسے وہ ان کے گھر پہنچائیں گی۔

مفرور کچھوے والٹر کے بارے میں مزید کوئی سراغ نہ ملنے پر ولسن ویلی پولیس نے مجبوراً ٹوئٹر پر ایک پوسٹ ڈال دی جس میں والٹر کے علاوہ اس کے بھائی ویسلی کی تصویریں بھی لگائی گئی ہیں۔

پولیس کو یقین ہے کہ جلد ہی انہیں معلوم ہوجائے گا کہ والٹر فرار ہونے کے بعد کہاں گیا اور اب کس کے پاس ہے۔

لیکن اب تک پولیس حیران و پریشان ہے کہ والٹر نے کس طرح اپنی رفتار اور ذہانت کا بیک وقت استعمال کرتے ہوئے فرار میں کامیابی حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں