پاکستانی کی سیاسی تاریخ پر تجزیہ نگار اکرام سہگل کی کتاب کی رونمائی

شاہد خاقان بہتر وزیر اعظم ، مشرف بہادر سپاہی، نواز شریف گڈ فیکٹری منیجر اور عمران خان بہترین لیڈر ہیں، اکرام سہگل


کتاب کی تقریب رونمائی سے شاہد خاقان عباسی خطاب کرتے ہوئے، اسٹیج پر دیگر مہمانان گرامی بھی موجود ہیں (فوٹو : ایکسپریس)

تجزیہ نگار اکرام سہگل کی پاکستان کی سیاسی تاریخ پر مبنی کتاب کی رونمائی ہوئی ہے۔ اکرام سہگل نے کہا ہے کہ شاہد خاقان بہتر وزیر اعظم، پرویز مشرف بہادر سپاہی، نواز شریف گڈ فیکٹری منیجر جبکہ عمران خان اچھے انسان اور بہترین لیڈر ہیں جو مہنگائی اور انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔


یہ بات انہوں نے کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے شاہد خاقان عباسی، سینیٹر مشاہد حسین، ایئر مارشل (ر) مسعود اختر، سرتاج عزیز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔


اکرام سہگل نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے والد عظیم آدمی اور گریٹ سولجر تھے مگرشاہد خاقان عباسی نے پارٹی غلط چن لی، عمران خان اچھے انسان اور بہترین لیڈر ہیں، میاں نواز شریف صاحب گڈ فیکٹری منیجر اور پرویز مشرف بہادر سپاہی تھے مگر ان کی جانب سے دیا گیا این آر او سیاہ قانون تھا۔


انہوں نے کہا کہ عمران خان سے عدم انصاف، مہنگائی اور افراط زر پر میری بات ہوئی، وزیر اعظم عمران خان مہنگائی اور انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں، اگر مجرم عادل بن جائے تو سوسائٹی میں انصاف نہیں ہوسکتا۔


اکرام سہگل نے کہا کہ ہمارے ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، یہاں تانبے اور سونے کے وسیع ذخائر موجود ہیں، پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ''کوپر پروڈکشن کنٹری'' اور پانچواں بڑا '' ملک پروڈیوسر'' ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اکرام سہگل گزشتہ 40 برس کی تاریخ کے امین ہیں، اکرام سہگل کی کتب سے بہت کچھ سمجنے اور سیکھنے کا موقع ملا، موجودہ حالات میں سچ لکھ کے شائع کرنا مشکل کام ہے لیکن اکرام سہگل کے یہ کردکھایا، پاکستان کی تاریخ کو اکرام سہگل نے قریب سے دیکھا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ اکرام سہگل نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش کو اپنی کتاب میں تحریرکیا اور انکشاف کیا کہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت سے لا کر لوگوں کو بسایا۔

انہوں نے کہا کہ اکرام سہگل میرے دوست ہیں ان کی دو وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان سے دوستی رہی ہے، نواز شریف نے ان کے مشوروں پر عمل بھی کیا۔

ایئر مارشل (ر) مسعود اختر نے کہا کہ پاکستان کیسے محفوظ ہوا کیسے غیر محفوظ اس کتاب کا مطالعہ کریں، اکرام سہگل کی کتاب میں پاکستان کی 40 سالہ تاریخ محفوظ کی گئی ہے، یہ کتاب قومی سلامتی کے حوالے سے اہم دستاویز ہے۔

سابق مشیر خارجہ سرتاج عزیزنے کہا کہ اکرام سہگل نے اپنی کتاب میں 1985ء سے 2021ء تک تاریخ محفوظ کی ہے، انہوں نے اپنی تحریر میں خارجہ امور سے متعلق پہلوؤں کو بھی کتاب میں کور کیا ہے جو انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1992ء میں اکرام سہگل نے ورلڈ اکنامک فورم پر پاکستان کو اجاگر کیا جس پر ہمیں آپ پر فخر ہے۔

کتاب کی تقریب رونمائی میں صدر ورلڈ اکنامک فورم کا اکرام سہگل کی کتب سے متعلق ویڈیو بیان دکھایا گیا جبکہ فرانس کے سفیر، آئی جی موٹر وے پولیس کلیم امام سمیت دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کتب کے اہم پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے اسے قومی سلامتی کی اہم دستاویز قرار دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں