KARACHI:
سندھ بھر کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر عائد پابندی ہٹادی گئی، پیر سے تمام قیدی ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنے اہل خانہ سے ملاقات کرسکیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جولائی کے آخری ہفتے میں سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس پر عمل کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر احمد نے کہا ہے کہ پیر سے سندھ بھر کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر عائد پابندی ہٹادی گئی ہے اور تمام قیدی اپنے اہل خانہ سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملاقات کرسکیں گے، جیلوں میں کوشش کی گئی کہ قیدیوں کا باہر کی دنیا سے رابطہ کم سے کم رہے اور قیدیوں کی ہی حفاظت کے پیش نظر ملاقات پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں آئی جی جیل کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ملاقات کے لیے صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی آئیں لیکن ابھی چونکہ ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے تو پہلے مرحلے میں ہم لوگوں کو آگاہی دیں گے اور کچھ عرصے بعد جیل میں آنے والوں کے لیے ویکسین کارڈ کی شرط عائد کردی جائے گی۔