ملک بھر میں ٹریول ایجنٹس نے عمرے کی بکنگ شروع کردی

ربیع الاول کے مہینے میں زیادہ بکنگ کروائی جارہی ہیں


Bilal Ghori/ August 09, 2021
ربیع الاول کے مہینے میں زیادہ بکنگ کروائی جارہی ہیں

سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں سمیت دیگر غیرملکی زائرین کو عمرہ کرنے کی اجازت مل گئی۔

ٹریولز ایجنٹس نے نئی بکنگ کا عمل شروع کردیا۔ جن لوگوں نے دو سال قبل عمرہ کےلئے ٹریولز ایجنٹس کو پیسے دیے تھے انہوں نے بھی ٹریولز ایجنٹوں سے دوبارہ رابطہ کرلیا۔ عمرہ کی اجازت ملنے پر لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں ٹریولز ایجنٹس کے دفاتر میں عمرے پر جانے کے خواہش مند افراد کا رش لگ گیا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے جن لوگوں کے عمرہ ویزے رکے ہوئے تھے انہیں بھی جاری کیے جائیں گے، زائرین کو توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے جاری ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 18 ماہ بعد غیر ملکیوں کے لیے عمرہ سیزن کا آغاز

پاکستان سمیت دیگر ممالک سے جانے والے زائرین کو سرکاری ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ فراہم کرنا ہوگا اور سرٹیفیکیٹ کو عمرہ درخواست کیساتھ لف کیا جائے گا۔ درخواست کی منظوری سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین لگوانے سے مشروط ہوگی۔ ان ویکسینز میں موڈرونا، ایسٹرا زینیکا، فائزر اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔

اگرچہ سعودی عرب نے چین کی تیار کردہ ویکسینز کے استعمال کی منظوری نہیں دی، مگر چینی ویکسین کے بعد منظور شدہ ویکسینز میں سے کسی ایک کا بوسٹر شاٹ لگوانے والے بھی عمرہ کرسکیں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق نیا عمرہ سیزن یکم محرم سے شروع ہوگا۔ روزانہ 60 ہزار افراد کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ جانے کی اجازت ہوگی اور عمرہ زائرین کی ماہانہ تعداد 20 لاکھ کردی جائے گی۔

پاکستان سمیت پابندی والے 13 ممالک کے ویکسی نیٹڈ عمرہ زائرین کو سعودی عرب پہنچنے پر پہلے قرنطینہ کرنا ہوگا اور ایس او پیز پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔

لاہور میں ٹریولز ایجنٹس نے کئی ماہ قبل عمرہ کےلئے جانے والے زائرین کی پہلے سے جمع درخواستوں پر اور نئی درخواستوں پر کام شروع کردیا جس کے باعث ٹریولز ایجنٹس کے دفاتر میں نئی اور پرانی بکنگ والوں کا رش لگ گیا۔ زیادہ بکنگ ربیع الاول کے مہینے کی ہورہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں