وزیراعظم ایوان میں آنے سے نہیں گھبراتے تیاری کیساتھ اعتماد میں لیں گے وزیر داخلہ

وزیراعظم حالات و واقعات سے متعلق تفصیلی بریفنگ لے کر مکمل تیاری کے ساتھ ایوان کو اعتماد میں لیں گے، وزیر داخلہ


وزیراعظم حالات و واقعات سے متعلق تفصیلی بریفنگ لے کر مکمل تیاری کے ساتھ ایوان کو اعتماد میں لیں گے، وزیر داخلہ فوٹو: فائل

وزیراعظم میاں نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے تین گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے اجلاس میں تو شرکت کی لیکن وہ اس مرتبہ بھی قومی اسمبلی کے سیشن میں نہ آ سکے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جب یہ نکتہ اٹھایا تو حکومت کی طرف سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم کی مصروفیت کاعذرپیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم اس ایوان میں آنے سے گھبراتے نہیں بلکہ حالات و واقعات سے متعلق تفصیلی بریفنگ لے کر مکمل تیاری کے ساتھ ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔پیر کے روز جب قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اس موقع پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، عمران خان ، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشیدسمیت اپوزیشن رہنمائوں نے وزیراعظم کی ایوان میں غیرحاضری پر شدید تنقید کی۔

قائد حزب اختلاف سید خورشید نے کہا کہ ان کی آنکھیں وزیراعظم کو دیکھنے کے لیے ترس گئی ہیں اور قوم بھی وزیراعظم کی طرف دیکھ رہی ہے۔میاں صاحب کو بتائیں کہ لیڈر وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر نہیں بنتے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم موجودہ نازک صورتحال پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ہر اہم فیصلے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔لیکن وزیراعظم پارلیمنٹ کو مسلسل نظرانداز کر رہے ہیں۔جبکہ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد نے تو وزیراعظم کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی کے اجلاسوں میںسب سے زیادہ اجلاسوں میں شریک رہنے والے وزیراعظم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں