نیو ہیمپشائر میں پاکستان کے جشنِ آزادی کی تقریب

بیرونِ ملک رہنے کے باوجود ہمارے دل اہل وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں، شرکائے تقریب


Numainda Khususi August 30, 2021
جشن آزادی کی اس تقریب میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ (تصاویر: سوشل میڈیا)

امریکی شہر مانچسٹر نیو ہیمپشائر میں پاکستان کی جشن آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں کمیونٹی ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کی سالگرہ کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح امریکا میں مقیم اووسیز پاکستانیوں نے بھی یوم پاکستان کو ملی جوش و جذبے سے منایا۔ امریکی نژاد پاکستانی سماجی و کاروباری شخصیات سعید احمد، محمد مبین اور اعجاز احمد کی جانب سے منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں مرد و خواتین اور بچوں سمیت کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز عبداللہ اعجاز نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ عبدالقدیر سعید نے حاضرین کےلیے تلاوت کا انگریزی ترجمہ کیا۔ نازیہ افتخار نے کلام اقبال پیش کر کے شرکا کے دل موہ لیے۔ اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج رہی تھی جبکہ خواتین سمیت بچے بھی قومی پرچم تھامے نظر آئے۔



تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے قیام پاکستان کے ساتھ ساتھ حصول پاکستان کےلیے کی جانے والی جدوجہد کے بارے میں شرکا کو آگہی دی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک رہنے کے باوجود ہمارے دل اہل وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہزاروں میل دور رہ کر بھی ہمارے قلب و ذہن میں وطن کی محبت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔

اس پرمسرت موقع پر ایسے پروگرام منعقد کرکے ہم اپنی نوجوان نسل کو آزادی کی نعمت کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہیں اور تحریک پاکستان سے روشناس بھی کرواتے ہیں۔



تقریب میں پاکستانی ملی نغموں نے چار چاند لگا دئیے جبکہ اس موقع پر جشن آزادی مبارک کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور عالم اسلام کے مسلمانوں کےلیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔