افغانستان میں امریکی جنگ کے 20 برس

امریکی قبضے سے لے کر طالبان کی شاندار فتح تک پیش آنے والے واقعات کی تفصیل


ڈاکٹر آصف چنڑ September 05, 2021
امریکی قبضے سے لے کر طالبان کی شاندار فتح تک پیش آنے والے واقعات کی تفصیل ۔ فوٹو : فائل

ڈاکٹر آصف چنڑ
ماہر بین الاقوامی تعلقات

دو دہائیوں پر محیط امریکا کی طویل اور مہنگی ترین جنگ اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکی ہے۔ اس جنگ میں ایک سپر پاور نے بھر پور وسائل، حکمت عملی، تربیت یافتہ افواج اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس اپنے سے کئی گناہ کمزور، عددی و مالی وسائل سے نحیف،کم تربیت یافتہ، بغیر کسی جدید ٹیکنالوجی اور سپورٹ لیکن جذبہ حب الوطنی سے معمور، بہادر، نڈر اور قوت ایمانی سے سر شار، باغیرت قوم سے جان بخشی کروا کر اقوام عالم کے سامنے تاریخی پسپائی اختیار کی جو کہ رہتی دنیا تک ایک سبق کے طور یاد رکھی جائے گی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عالمی سپر پاور دہشت گردی کی آڑ میں طالبان کو دہشت گرد اور افغانستان کو دہشت گردی کی آماج گاہ قرار دے کر اس پر چڑھ دوڑا اور ایک منظم عالمی دہشت گردی کے جرم کا مرتکب ہوا۔

کیا نظام قدرت ہے کہ وہی امریکہ جس نے طالبان کودہشت گرد قرار دیتے اقتدار سے الگ اور افغانستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرتے ہوئے اسلحہ و بارود کی آگ میں جھونکا لیکن ماضی قریب میں وہ انہیں دہشت گردوں سے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے پر مجبور ہوا اور انہی سے واپسی کے لیے محفوظ راستے کی بھیک مانگتے دکھائی دیا۔ قارئین کے لئے یہ بات عجیب نہیں ہونی چاہئے کہ دوحہ معاہدہ 2020 کی تحریر میں متعدد بار ''امارت اسلامیہ افغانستان'' جنہیں امریکا نے بطور ریاست تسلیم نہیں کیا لیکن یہ معاہدہ طالبان کے نام سے جانا جاتا ہے، جو کہ طباعت کی غلطی نہیں بلکہ امریکہ کی تکرار ہے اور اس کے خوف و بد حواسی کو آشکار کرتی ہے۔

یہاں ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے 20 سال پر محیط امریکا افغان جنگ کے اہم حالات و واقعات پیش کرنے جا رہے ہیں۔

اکتوبر 1999ء

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد 1267 کو منظور کرتے ہوئے نام نہاد القاعدہ اور طالبان پر پابندیاں لگانے کے لیے کمیٹی بنائی، جو دونوں گروہوں کو دہشت گردوں کے طور پر گردانتی ہے اور ان کی مالی اعانت، سفر اور اسلحہ کی ترسیل پر پابندیاں عائد کر دیں۔

اقوام متحدہ کا یہ اقدام القاعدہ اور اس کے سربراہ اسامہ بن لادن کے لیے تھا، جنہوں نے بقول یو این او 1980ء کی دہائی کے آخر میں افغانستان اور پشاور (پاکستان) سے دہشت گرد تنظیوں کی رہنمائی کی، اس کے علاوہ 1991ء میں سوڈان اور وسط 1990ء کی دہائیوں میں افغانستان واپس آئے اور طالبان، جو سوویت یونین کے بعد کی خانہ جنگی کی راکھ سے اٹھے، انہیں اور القاعدہ کو آپریشن کے لیے معاونت وپناہ گاہ فراہم کرتے تھے۔

ستمبر 2001ء

القاعدہ کے کارندوں نے چار تجارتی ہوائی جہازوں کو ہائی جیک کر لیا اور انہیں 9 ستمبرکو نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور واشنگٹن ڈی سی میں پینٹاگون سے ٹکرا دیا۔ چوتھا طیارہ شینکس ول پینسلوینیا کے ایک میدان میں گر کر تباہ ہوگیا۔ ان واقعات میں تین ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوئے۔ اگرچہ افغانستان القاعدہ کا اڈہ مانا جاتا ہے، لیکن ان ہائی جیکروں میں سے کوئی بھی افغان شہری نہیں تھا۔ محمد عطا جو کہ ایک مصری تھا، نے اس گروپ کی قیادت کی تھی اور پندرہ ہائی جیکر سعودی عرب سے آئے تھے۔ اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کا عزم کیا اور بعد میں افغانستان میں القاعدہ اور اسامہ بن لادن کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔

بعدازاں صدر جارج ڈبلیو بش نے ایک مشترکہ قرارداد پر دستخط کیے جو 9/11 کو امریکہ پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف طاقت کے استعمال کی اجازت دیتی ہے۔ اس مشترکہ قرارداد کو بعد بش انتظامیہ نے اس کو قانونی جواز کے طور پرپیش کیا جوکہ اس نے افغانستان پر حملہ کرنے سے لے کر عدالتی حکم کے بغیرلوگوں کو گوانتانامو بے کیوبا کے حراستی کیمپ میں ڈالنے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کرنے کے لئے کیے۔

اکتوبر

امریکی فوج نے برطانوی حمایت کے ساتھ، طالبان افواج کے خلاف بمباری مہم شروع کی، جس کو باضابطہ طور پر آپریشن اینڈرنگ فریڈم کا نام دیا گیا۔ کینیڈا، آسٹریلیا، جرمنی اور فرانس نے مستقبل میں تعاون کا وعدہ کیا۔ جنگ کے ابتدائی مرحلے میں بنیادی طور پر القاعدہ اور طالبان افواج پر امریکہ کے فضائی حملے شامل تھے، جن کی مدد تقریبا ایک ہزار امریکی سپیشل فورسز، شمالی اتحاد اور نسلی پشتون مخالف طالبان فورسز نے کی۔ روایتی زمینی افواج کی پہلی لڑائی بارہ دن بعد شروع ہوئی۔ زیادہ تر زمینی لڑائی طالبان اور اس کے افغان مخالفین کے درمیان تھی۔

نومبر

نومبر 2001ء کو مزار شریف میں اپنی شکست کے بعد طالبان حکومت تیزی سے پیچھے ہٹنے لگی۔ اگلے ہفتے کے دوران طالبان کے گڑھ ٹوٹ گئے۔ 14 نومبر 2001ء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد 1378 منظور کی جس میں اقوام متحدہ نے ایک عبوری انتظامیہ کے قیام میں مرکزی کردار کا مطالبہ کیا اور رکن ممالک کو استحکام اور امداد کی فراہمی کے لیے امن فوج بھیجنے کی دعوت دی گئی۔

دسمبر

القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کو کابل کے جنوب مشرق میں ہرطرح سے لیس تورا بورا غار کمپلیکس میں تلاش کرنے کے بعد، افغان ملیشیا 3 سے 17 دسمبر کو القاعدہ کے عسکریت پسندوں کے ساتھ دو ہفتوں کی شدید لڑائی میں مصروف رہی۔ اس کے نتیجے میں چند سو ہلاکتیں ہوئیں۔ تورا بورا میں بن لادن کی موجودگی کی طرف اشارہ کرنے والی انٹیلی جنس رپورٹ کے باوجود افواج نے اس حملے کی قیادت نہیں کی۔ کچھ ناقدین نے بعد میں سوال کیا کہ امریکی افواج نے اس اطلاع کے باوجود زیادہ مؤثر اقدامات کیوں نہیں کیے؟ نومبر 2001ء میں کابل کے سقوط کے بعد اقوام متحدہ نے بڑے افغان دھڑوں کو مدعو کیا، جن میں نمایاں طور پر شمالی اتحاد اور سابق بادشاہ کی قیادت میں ایک گروپ تھا لیکن ان میں طالبان نہیں تھے، نے جرمنی میں ایک کانفرنس میں شرکت کی۔

5 دسمبر 2001 ء کو دھڑوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1383 کی توثیق شدہ بون معاہدے پر دستخط کیے۔ مبینہ طور پر ایران کی سفارتی مدد کے ساتھ معاہدہ ہوا کیونکہ شمالی اتحاد کے دھڑے کی ایران کی حمایت نے حامد کرزئی کو عبوری انتظامیہ کا سربراہ مقرر کیا اور ایک بین الاقوامی امن فوج تشکیل دیتاکہ کابل میں سکیورٹی برقرار رہے۔ بون معاہدہ 20 دسمبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1386 کے بعد ہوا جس میں انٹرنیشنل سکیورٹی اسسٹنس فورس یا ایساف قائم کی گئی۔

مارچ 2002 ء

آپریشن ایناکونڈا پہلا بڑا زمینی حملہ اور تورا بورا کے بعد سب سے بڑا آپریشن تھا، جو صوبہ گردیز پکتیا شہر کے جنوب میں آٹھ سو القاعدہ اور طالبان جنگجوؤں کے خلاف شروع کیا گیا، جس میں تقریبا دو ہزار امریکی اور ایک ہزار افغان فوجیوں نے حصہ لیا۔ آپریشن کے سائز کے باوجود ایناکونڈا نے جنگی کوششوں کو وسیع کرنے کا اشارہ نہیں دیا بلکہ پینٹاگون کے منصوبہ سازوں نے فوجی اور انٹیلی جنس وسائل کو افغانستان سے دور کرکے صدام حسین کے عراق کی سمت میں منتقل کرنا شروع کر دیا۔

اپریل

صدر جارج ڈبلیو بش نے ورجینیا ملٹری انسٹی ٹیوٹ میں ایک تقریر میں افغانستان کی تعمیر نو پر زور دیا۔ امریکی کانگریس نے 2001ء سے 2009ء تک افغانستان کے لیے 38 ارب ڈالر سے زیادہ کی انسانی اور تعمیر نو کی امداد مختص کی۔

نومبر

امریکی فوج نے اقوام متحدہ اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ از سر نو ترقی اور کابل حکومت کے اختیار کو بڑھانے کے لیے سول امور کا ایک فریم ورک بنایا۔ یہ نام نہاد صوبائی تعمیر نو ٹیمیں یا پی آر ٹی پہلے نومبر میں گردیز میں کھڑی ہوئی تھیں اس کے بعد بامیان،قندوز، مزار شریف قندھار اور ہرات میں دکھائی دیں۔ انفرادی پی آر ٹی کی کمان بالآخر نیٹو ریاستوں کے حوالے کی گئیں۔

اگرچہ امدادی ایجنسیوں کے لیے سیکورٹی کو بہتر بنانے کا سہرا اس ماڈل کو عالمی سطح پر نہیں دیا گیا۔ تشویش بڑھ گئی کہ پی آر ٹی سسٹم میں مرکزی کنٹرولنگ اتھارٹی کا فقدان ہے، اسے غیر منظم کیا گیا تھا اور یو ایس اے انسٹی ٹیوٹ آف پیس کی رپورٹ نے سیکورٹی اور ڈویلپمنٹ کو ایڈہاک اپروچ کہا تھا۔ اس طرح کی تنقید پی آر ٹی پروگرام سے آگے بڑھ گئی اور نیٹو جنگ کی کوششوں میں ایک عام موضوع بن گیا کیونکہ اس نے رکن افواج کی سرگرمیوں کو محدود کردیا۔

مئی 2003ء :میجر کمبیٹ/ بڑی لڑائی کا خاتمہ

کابل میں صحافیوں کے ساتھ بریفنگ کے دوران سیکریٹری دفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ نے بڑی لڑائی کے خاتمے کا اعلان کیا۔ یہ اعلان صدر جارج ڈبلیو بش کے مشن کے ساتھ عراق میں لڑائی ختم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہوا۔

اگست

نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) نے افغانستان میں بین الاقوامی سکیورٹی فورسز ایساف کا کنٹرول سنبھال لیا تاکہ پورے ملک میں نیٹو/ایساف کا کردار بڑھے۔ یہ یورپ سے باہر نیٹو کی پہلی آپریشنل وابستگی تھی۔ اصل میں کابل اور اس کے گردونواح کے علاقوں کو محفوظ بنانے کا کام ستمبر 2005، جولائی 2006 اور اکتوبر 2006 میں بڑھایا گیا۔ ایساف فوجیوں کی تعداد ابتدائی پانچ ہزار سے بڑھ کر پینتالیس ممالک تک پہنچ گئی۔ 2006 میں ایساف نے امریکہ کی قیادت والے اتحاد سے مشرقی افغانستان میں بین الاقوامی فوجی دستوں کی کمان سنبھالی اور جنوبی افغانستان میں شدید جنگی کارروائیوں میں بھی شامل ہو گیا۔

جنوری 2004

افغان مندوبین کی ایک اسمبلی نے افغانستان کے لیے ایک آئین پر اتفاق کیا، ایک مضبوط صدارتی نظام بنایا جس کا مقصد ملک کے مختلف نسلی گروہوں کو متحد کرنا تھا۔

اکتوبر

قومی رائے شماری میں کرزئی افغانستان کے پہلے جمہوری طور پر منتخب سربراہ بنے۔ تشدد اور دھمکیوں کے باوجود ووٹروں کی تعداد زیادہ تھی۔ کرزئی نے 55 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے قریبی حریف سابق وزیر تعلیم یونس قانونی نے 16 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

مئی 2005ء

افغان صدر حامد کرزئی اور یو ایس اے ایس کے صدر جارج ڈبلیو بش نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں ان کے متعلقہ ممالک کو اسٹریٹجک پارٹنر قرار دیا گیا۔ اعلامیے نے امریکی افواج کو بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد کے لیے افغان فوجی سہولیات تک رسائی دی۔اس کے علاوہ معاہدے میں واشنگٹن سے کہا گیا کہ وہ افغان سکیورٹی فورسز کو تربیت سے لیس کرنے اور انہیں امن و امان برقرار رکھنے میں مدد کرے۔

ستمبر

چھ ملین سے زائد افغانیوں نے عوامی مجلس مشرانو جرگہ بزرگوں کی کونسل اور مقامی کونسلوں کے لیے ووٹ ڈالے۔ یہ افغانستان میں اس وقت تک کے سب سے زیادہ جمہوری انتخابات قرار دیئے گئے اور اس میں ووٹ ڈالنے والوں میں سے تقریبا نصف خواتین تھیں۔ افغانستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی 249 میں سے اڑسٹھ نشستیں خواتین ارکان کے لیے مختص کی گئی تھیں اور 102 میں سے 23 نشستیں ایوان بالا میں مخصوص تھی۔

جولائی 2006ء

گرمیوں کے مہینوں میں ملک بھر میں پھر شدد میں اضافہ ہوا، جولائی میں جنوب میں شدید لڑائی شروع ہوئی۔ خودکش حملوں کی جو تعداد 2005ء میں 27 تھی بڑھ کر 2006 ء میں 139 ہو گئی جبکہ بم دھماکے دوگنا ہو کر 1،677 ہو گئے۔

مئی2007ء

افغانستان کے جنوب میں افغان امریکہ اور نیٹو افواج کے مشترکہ آپریشن میں طالبان کا ایک فوجی کمانڈر ملا داد اللہ مارا گیا۔ داد اللہ کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ صوبہ ہلمند میں جنگ میں گوریلا فورسز کا رہنما تھا۔

اگست 2008 ء

افغان اور اقوام متحدہ کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ امریکہ کی گن شپ سے غلط آگ لگنے سے درجنوں افغان شہری ہلاک ہو گئے۔ امریکی فوجی حکام نے اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد کے ساتھ ساتھ یہ دعویٰ بھی کیا کہ صوبہ فراہ میں ایک علیحدہ واقعہ کے نتیجے میں 140 عام شہری ہلاک ہوئے۔

فروری 2009ء

امریکہ کے نو منتخب صدر باراک اوباما نے مزید سترہ ہزار فوجیوں کو جنگ کے علاقے میں بھیجنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔ اوباما نے کہاکہ امریکہ 2011ء کے آخر تک عراق سے زیادہ تر جنگی افواج کو واپس بلانے کے لیے ایک ٹائم ٹیبل پر قائم رہے گا۔ کمک دوبارہ شروع ہونے والے طالبان کا مقابلہ کرنے اور جنوب میں افغان پاکستان سرحد پر غیر ملکی جنگجوؤں کے بہاؤ کو روکنے پر مرکوز ہے۔

مئی

سیکریٹری دفاع رابرٹ گیٹس نے افغانستان میں امریکہ کے اعلیٰ کمانڈر جنرل ڈیوڈ ڈی مک کیرنن کی جگہ انسداد بغاوت اور خصوصی آپریشن گرو جنرل سٹینلے اے میک کرسٹل کو تعینات کیا۔ رپورٹس میں اشارہ کیا گیا ہے کہ میک کرسٹل کی تقرری کا مقصد افغان جنگ کی کوششوں کے لیے زیادہ جارحانہ اور جدید طرز عمل لانا تھاتاکہ مطلوبہ نتائج کے حصول میں رکاوٹ نہ آئے۔

نومبر

اگست میں ایک متنازع صدارتی انتخاب کے بعد دو ماہ سے زائد غیر یقینی صورتحال کے بعد، صدر حامد کرزئی نے ایک اور مدت کے لیے صدارتی انتخاب جیت لیا۔ 20 اگست کا الیکشن جس نے کرزئی کو سب سے زیادہ دعویدار عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کے خلاف دھوکہ دہی کے الزامات سے دوچار کیا۔ اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ انتخابی شکایات کمیشن کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کرزئی نے 50 فیصد سے کم ووٹ یعنی صرف 49.67 فیصد جیتا ہے۔ بین الاقوامی دباؤ کے تحت، کرزئی 7 نومبر کو دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالنے پر راضی ہو گئے، لیکن اس سے ایک ہفتہ قبل کرزئی کے اہم حریف عبداللہ نے دستبرداری اختیار کر لی اور کرزئی کو فاتح قرار دے دیا گیا۔

دسمبر

افغان جنگ میں امریکہ کے عزم کی تجدید کے نو ماہ بعد صدر اوباما نے یو ایس اے مشن میں بڑے اضافے کا اعلان کیا۔ قومی سطح پر ٹیلی ویژن پر تقریر میں صدر نے مزید تیس ہزار افواج بھجنے کا اعلان کیا جو کہ پہلے سے موجود اڑسٹھ ہزار فوج کے ہمراہ افغان سکیورٹی فورسز کو تربیت دینے اور ان کو جنگ کے اہداف حاصل کرنے میں امداد دے گی۔

جون 2010ء

جنرل سٹینلے میک کرسٹل کو افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈر کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا، رولنگ سٹون کے ایک متنازع مضمون کے بعد جس میں وہ اور ان کے ساتھی انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے پائے گئے تھے۔ صدر براک اوباما نے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کو ان کی جگہ نامزد کر دیا۔

نومبر

لزبن میں ایک سربراہی اجلاس میں نیٹو کے رکن ممالک نے 2014ء کے آخر تک افغانستان میں سکیورٹی کی مکمل ذمہ داری افغان فورسز کے حوالے کرنے پر متفق ہونے والے ایک اعلامیے پر دستخط کیے۔ اور اس طرح مرحلہ وار افغانستان کے مستحکم صوبے اور شہروں کی سکیورٹی کی ذمہ داری افغان فورسز کے حوالے کرنے کی شروعات کی گئیں۔

مئی2011ء

یکم مئی 2011ء کو القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن جسے امریکہ نائن الیون کے حملوں کا ذمہ دار گردانتا ہے، پاکستان میں امریکی افواج کے ہاتھوں مارا گیا۔ اس طرح دس سال قبل شروع ہونے والی جنگ کے لیے امریکہ کے بنیادی ہدف کی موت نے افغانستان جنگ جاری رکھنے کے بارے میں طویل بحث کو ہوا دی۔

جیسا کہ صدر اوباما نے جولائی میں تیس ہزار اضافے والے فوجیوں میں سے کچھ یا سب کے انخلاء کا اعلان کرنے کے بارے سوچا کانگریس کے قانون سازوں نے تیزی سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا مطالبہ کر دیا حالانکہ کچھ تجزیہ کاروں نے مسلسل فوجی تعنیاتی کے لیے بحث کی۔ دریں اثنا افغانستان میں پاکستان مخالف بیان بازی میں اضافہ ہوا جہاں حکام نے طویل عرصے سے پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو افغانستان میں تشدد کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

اکتوبر

افغانستان میں امریکہ کی جنگ کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر تقریبا ایک لاکھ امریکی فوجی افغانستان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں تعینات تھے۔ صدر براک اوباما نے 2014ء تک تمام جنگی فوجیوں کو افغانستان سے واپس بلانے کا ارادہ کیا لیکن افغان حکومت کی ملک کو محفوظ بنانے کی صلاحیت کے بارے میں شدید شکوک و شبہات باقی تھے۔

جنگ کی ایک دہائی میں 1800 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور 444 بلین ڈالر خرچ ہوئے۔ اخراجات نے امریکہ کی عوامی حمایت کو ختم کر دیا، عالمی معاشی بدحالی کے ساتھ 9.1 فیصد بے روزگاری کی شرح اور 1.3 ٹریلین ڈالر کا سالانہ بجٹ خسارہ ہو گیا۔ اگرچہ فوجیوں کے ساتھ طالبان کے ساتھ معاہدے کی امیدیں تھیں تاکہ تنازعات کو ختم کرنے میں مدد مل سکے۔ صدر کرزئی نے 20 ستمبر کو حکومت کے چیف مذاکرات کار برہان الدین ربانی کے قتل کے بعد مذاکرات کو معطل کردیا۔

مارچ 2012ء

جنوری میں طالبان نے قطر میں دفتر کھولنے کے لیے معاہدہ کیا، جوامن مذاکرات کی طرف ایک اقدام تھا۔اسے امریکہ نے ایک مستحکم افغانستان کو یقینی بنانے کے لیے سیاسی تصفیے کے ایک اہم حصے کے طور پر دیکھا۔ لیکن دو ماہ بعد طالبان نے ابتدائی مذاکرات معطل کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ واشنگٹن نے قیدیوں کے تبادلے کے لیے بامعنی اقدامات کرنے کے وعدوں سے انکار کیا ہے۔ فروری میں امریکہ کے وزیر دفاع لیون پنیٹا نے پینٹاگون کے 2013 کے وسط تک جنگی مشن ختم کرنے اور افغانستان میں بنیادی طور پر سکیورٹی امداد کے کردار کو منتقل کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔

جون 2013 ء

افغان فورسز نے ملک بھر میں سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالی کیونکہ نیٹو نے باقی پچانوے اضلاع کا کنٹرول افغان فورسز کو سونپ دیا تھا۔ یہ بات دلچسی کی حامل ہے کہ ان پچانوے اضلاع کا کنٹرول عین اس وقت افغان فورسزکے حوالے کیا گیا جب اعلان کیا گیا کہ طالبان اور امریکہ کے حکام دوحہ قطر میں دوبارہ مذاکرات شروع کریں گے جہاں طالبان نے اپنا دفتر کھولا تھا۔

ستمبر 2014 ء

نو منتخب صدر اشرف غنی نے اپنے بڑے مخالف عبداللہ عبداللہ کے ساتھ طاقت کے اشتراک کے معاہدے پر دستخط کیے، جس نے ووٹنگ کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ہزاروں مظاہرین کو متحرک کیا۔ یہ معاہدہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی جانب سے کامیاب سفارت کاری کے بعد عبد اللہ کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ بنانے کے بعد ہوا۔

مارچ 2015ء

امریکی صدر باراک اوباما نے اعلان کیا کہ ان کا ملک صدر اشرف غنی کی درخواست کے بعد افغانستان سے اپنی فوج کے انخلاء میں تاخیر کرے گا۔

مئی

طالبان کے نمائندوں اور افغان حکام نے قطر میں غیر رسمی امن مذاکرات کیے۔ دونوں فریقوں نے مذاکرات کو بعد کی تاریخ میں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، حالانکہ طالبان کا اصرار ہے کہ وہ اس وقت تک لڑائی نہیں روکیں گے جب تک تمام غیر ملکی فوجی ملک سے باہر نہیں نکل جاتے۔

جولائی

طالبان نے اعتراف کیا کہ بانی ملا عمر چند سال قبل انتقال کر گئے تھے اور ملا اختر منصور کو ان کا متبادل مقرر کیا گیا

اکتوبر

طاقتور زلزلے نے ملک کے شمال مشرق میں 80 سے زائد افراد کی جان لے لی۔ امریکی صدر براک اوباما نے اعلان کیا کہ 2016ء کے اختتام تک 9ہزار8سو امریکی فوجی افغانستان میں رہیں گے، جو کہ ملک سے ایک ہزار فوجیوں کے علاوہ تمام فوجیوں کو واپس بلانے کے پہلے عہد سے پیچھے ہٹ گئے۔

مئی 2016ء

طالبان کے نئے رہنما ملا منصور پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے۔

اگست اور اکتوبر

طالبان ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کے مضافات اور شمالی شہر قندوز کی طرف بڑھ گئے۔ 2014ء کے اختتام تک نیٹو افواج کی بڑی تعداد کے انخلا کے بعد سے اس گروپ نے دونوں صوبوں کا بیشتر حصہ اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

ستمبر

افغان حکومت نے جنگجو گروپ کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کیے اور گروپ کے رہنما گلبدین حکمت یار کو استثنیٰ دیا۔

اپریل2017ء

امریکہ نے مشرقی صوبہ ننگرہار میں ایک غار کمپلیکس میں خود ساختہ اسلامک اسٹیٹ کے مشتبہ عسکریت پسندوں پر اپنا سب سے طاقتور مگر غیر ایٹمی بم گرا دیا۔اس ہتھیار کوتمام بموں کی ماں کے طور پر جانا جاتا ہے۔ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیصلہ سازی کو کمانڈروں کے سپردکر دیا اور فوجیوں کی تعداد بڑھا دی۔

جنوری2018ء

طالبان نے کابل میں حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جس کے دوران 115 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ یہ حملے اس وقت ہوئے جب ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے افغانستان کے منصوبے پر عمل درآمد کیا، افغان بریگیڈ کو مشورہ دینے کے لیے دیہی افغانستان میں فوج تعینات کی اور طالبان کے مالی معاملات کو ختم کرنے کی کوشش کی اور ان کے خلاف فضائی حملے شروع کر دئیے۔ انتظامیہ نے پاکستان کو اربوں ڈالر مالیت کی سکیورٹی امداد بھی بند کر دی جس کے لیے صدر ٹرمپ نے طالبان عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کے من گھڑت الزامات کو بنیاد بنایا۔

فروری2019 ء

دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات اپنی بلند ترین سطح پر داخل ہوگئے، جو 2018ء کے آخر میں شروع ہوئے تھے۔ امریکا کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد اور اعلیٰ طالبان عہدیدار ملا عبدالغنی برادر کے درمیان مذاکرات میں امریکہ کو افغانستان سے اپنی فوجیں واپس بلانے پر زور دیا گیا۔ افغانستان نے طالبان کے بدلے میں بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں کو افغان سرزمین استعمال کرنے سے روکنے کا وعدہ کیا۔ اس سفارتکاری نے اس بات کا عندیہ دیا کہ صدر ٹرمپ سات ہزار فوجی نکالنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو کے امریکہ کی کل تعیناتی کا تقریبا نصف بنتا ہے۔

ستمبر

امریکہ کے اعلیٰ مذاکرات کار خلیل زاد نے اعلان کیا کہ طالبان رہنماؤں کے ساتھ اصولی طور پر ایک معاہدہ طے پا گیا ہے لیکن اس کے ایک ہفتے بعد صدر ٹرمپ نے اچانک امن مذاکرات کو توڑ دیا۔ ایک ٹویٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے طالبان کے حملے میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کے بعد کیمپ ڈیوڈ میں طالبان اور افغان صدر غنی سے خفیہ ملاقات منسوخ کر دی۔ طالبان نے کہا کہ وہ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں لیکن خبردار کیا کہ منسوخی سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

فروری2020ء

امریکی ایلچی خلیل زاد اور طالبان کے برادر نے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس سے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی نمایاں واپسی کی راہ ہموار ہوئی اور طالبان کی جانب سے اس بات کی ضمانت بھی شامل کی گئی کہ ملک کو دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ امریکہ طالبان معاہدے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ نہیں کیا گیا تھا اور دستخط کے بعد کے دنوں میں بھی ملک میں کئی حملے ہوئے، خاص کر امریکی افواج نے جنوبی صوبے ہلمند میں طالبان کے خلاف فضائی حملے کئے۔

ستمبر

بیس سال کی جنگ کے بعد پہلی بار دوحہ قطر میں آمنے سامنے بین الافغان امن مذاکرات کا آغاز ہوا جس میں طالبان،افغان حکومت اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان مذاکرات میں قیدیوں کے تبادلے بارے تفصیلی بات چیت ہوئی اور امریکہ کے پہلے طالبان معاہدے میں مہینوں کی تاخیرکا نوٹس لیا گیا۔ افغان حکومت نے پانچ ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا عندلیہ دیا۔ افتتاحی کلمات کے دوران دونوں فریقوں نے افغانستان میں امن لانے کے لیے بے تابی کا اظہار کیا۔

نومبر

امریکا کے قائم مقام سیکریٹری دفاع کرسٹوفر سی ملر نے اعلان کیا کہ جنوری کے وسط تک افغانستان میں فوجیوں کی تعداد آدھی کر کے 2500 کر دی جائے گی۔ فروری میں طالبان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد ہزاروں فوجی پہلے ہی نکال لیے گئے تھے، صدر ٹرمپ کی مہم کو پورا کرنے کے لیے ہمیشہ کے لیے نام نہاد جنگیں ختم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار تھے اور عسکریت پسند گروپ نے مہلک حملے جاری رکھے ہوئے تھے۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے خبردار کیا کہ بہت جلد فوجیوں کا انخلا افغانستان کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ اور اسلامک اسٹیٹ کو اپنی خلافت کی تعمیر نو کے راستے ہموار کرسکتا ہے۔

اپریل2021ء

صدر بائیڈن نے اعلان کیا کہ امریکہ یکم مئی تک تمام فوجیوں کو واپس بلانے کے لیے امریکہ طالبان معاہدے کے تحت دی گئی ڈیڈ لائن پر پورا نہیں اترے گا اور اس کے بجائے اس نے 11 ستمبر 2021ء تک مکمل انخلا کا منصوبہ جاری کیا۔ افغانستان میں بقیہ 3500 فوجیوں کو واپس بلا لیا جائے گا چاہے بین الافغان امن مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہو یا طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر اپنے حملوں کو کم کیا ہو یا افغانستان میں نیٹو کے فوجی بھی نکل جائیں۔

مئی

طالبان نے مزید حملوں کی دھمکی دی کیونکہ انخلا کی آخری تاریخ یکم مئی گزر گئی، جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی افواج افغانستان سے انخلا کریں گی۔ طالبان جنگجوؤں نے افغانستان کے دوسرے سب سے بڑے ڈیم اور اہم فوجی اڈوں پر قبضہ کر لیا۔

12 جولائی

امریکی انخلاء 90 فیصد مکمل ہو گیا اور آخری امریکی فوجی اسی دن بگرام ایئر بیس سے نکل گئے جو کہ گزشتہ 20 سالوں سے امریکی جنگ کا مرکزی نقطہ رہا، اسی دن جنرل ملر بھی افغانستان سے نکل گئے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جیسے ہی امریکہ بگرام سے باہر نکلا، امریکا بیس کے نئے افغان کمانڈر کو مطلع کیے بغیر وہاں سے چلا گیا اور بجلی اور لائٹس اچانک بند ہو گئیں اور امریکیوں نے جاتے جاتے تقریبا، 16000 جنگی سازوسامان کو بھی تباہ کردیا۔

جرمنی اور اٹلی نے افغانستان سے اپنی فوجیں واپس بلا لیں۔ امریکی فوجی بگرام ایئر فیلڈ سے نکل کر افغان مسلح افواج کے حوالے کر دیئے۔ ایک ہزار سے زائد افغان بارڈر گارڈز اور فوجی تاجکستان کے ساتھ ریاستی سرحد عبور کر کے طالبان فورسز سے فرار ہو گئے۔ تاجک حکام کے مطابق صوبہ بدخشان کی ہوہون شہری بزورگ اور روگسٹن کاؤنٹی طالبان کے قبضے میں آگئے۔ تاجک افواج نے پسپا ہونے والے افغان فوجیوں کو اپنے علاقے میں داخل ہونے کی اجازت دی۔

یکم تا 13 اگست

نیمروز کا دارالحکومت زرنج، علاقے میں شدید لڑائی کے بعد طالبان عسکریت پسندوں کے قبضے میں آ گیا۔ طالبان نے صوبہ جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کر لیا۔ طالبان نے صوبہ دارالحکومت سر پول قندوز اور تالقان پر قبضہ کر لیا۔ طالبان جنگجوؤں نے صوبائی دارالحکومت ایبک پر قبضہ کر لیا۔ طالبان جنگجوؤں نے فرح اور پل خمر کے صوبائی دارالحکومتوں پر بھی قبضہ کر لیا۔

افغان حکومت نے آرمی چیف کو تبدیل کر دیا۔ صدر اشرف غنی نے مزار شریف کا دورہ کیا اور مقامی ازبک اور تاجک شخصیات سے بات چیت کی جبکہ دوسری طرف صوبہ بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد، صوبائی دارالحکومت غزنی، ہرات، قندھار، صوبہ ہلمند کا دارالحکومت لشکر گا طالبان کے قبضے میں چلا گیا۔ 13 اگست تک طالبان نے 18 صوبائی دارالحکومتوں پر مکمل قبضہ کر لیا تھا۔

14اگست

صدر اشرف غنی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان تیزی سے پیش قدمی کر رہے ہیں۔ امریکا نے اعلان کیا کہ وہ افغانستان میں 3 ہزار فوجی تعینات کرے گا تاکہ ملک سے انخلاء کے عمل میں مدد مل سکے۔ شمالی افغانستان میں طالبان مخالف آخری گڑھ مزار شریف پر طالبان نے قبضہ کر لیا جو کہ شمال میں افغان حکومت کے کنٹرول کے خاتمے کے قریب ہے۔

15اگست

اتوار کی صبح طالبان نے افغانستان کے بگرام ایئر فیلڈ پر قبضہ کر لیا جو خطے میں امریکی طاقت کی علامت تھا اور طالبان نے ہزاروں قیدیوں کو رہا کر دیا۔ چند گھنٹوں کے اندر طالبان تھوڑی مزاحمت کے ساتھ شہر کے مرکز میں داخل تھے۔ طالبان پہلے ہی دارالحکومت کابل میں داخل ہو چکے تھے اور ان پر قبضہ کر چکے تھے۔ رات کے وقت، صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے اور طالبان کی افغانستان میں دوبارہ فتح مکمل ہوچکی تھی۔

بلآخرر دو دہائیوں کی جنگ جس میں 6ہزار سے زائد امریکی، 2لاکھ سے زیادہ افغان ہلاک ہوئے اور 2 ٹریلین ڈالر سے زیادہ امریکی وسائل خرچ ہونے کے باوجود طالبان نے افغانستان پر قبضہ کر کے دنیا کو حیران کردیا۔ امریکی دفاعی حکام نے مبینہ طور پر توقع ظاہر کی تھی کہ افغانستان کا دارالحکومت کابل تقریبا 90 دنوں میں مفتوح ہوجائے گا لیکن اس میں 10 دن سے بھی کم وقت لگا۔ طالبان کی اس تاریخی و عظیم فتح کی اہم وجوہات میں انٹیلی جنس ناکامی، زیادہ طاقتور طالبان، کرپشن، ثقافتی اختلافات اور قوت ارادی شامل ہیں۔

یہاں اس بات کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے کہ اس طویل جنگ نے ناصرف افغانستان کو بلکہ خطے کے تمام ممالک کو متاثر کیا۔ خصوصا پاکستان اس کی شدید لپیٹ میں آیا اور جس کے مضراثرات سے آج بھی پاکستان نہیں نکل سکا۔ پاکستان جس نے گزشتہ کئی دہائیوں سے افغانستان کی ہر محاذ پر ہر ممکن طرح امداد کی ہے۔

خصوصا افغان مہا جرین کی مہمان نوازی و آباد کاری کے ساتھ ساتھ بلواسطہ یا بلا واسط بڑی جانی و مالی قربانیاں دیں، دہشت گردی جیسے عفریت کا سامناکیا جس کا پاکستان دشمن قوتوں خاص کر بھارت نے خوب فائدہ اٹھایا اور ملک میں دہشت گردی، فرقہ واریت،انتشار، بد امنی و عدم استحکام پھیلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ توجہ طلب بات یہ بھی ہے کہ امریکا نے 2.66 ٹریلین ڈالر کا بجٹ اس جنگ میں جھونک ڈالا۔ یہ رقم دنیا کے تقریبا 180 ممالک کے بجٹ سے زیادہ ہے۔

جن میں 54 افریقی ممالک بھی شامل ہیں۔ ستم ظریفی یہ کے اتنے بڑے فنانس سے دنیا کے پسماندہ حصوںمیں بھوک اور غربت و افلاس کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا تھا۔ اس جنگ نے امریکا کو نہ صرف مالی قرضوں میں گھسیٹا ہے بلکہ اس نے زندگی بھر کی مستقل معذوریوں، خوف، آنسوؤں اور انسانیت کی تکالیف کو بھی بلند ترین شرح سود پر خریدا ہے جو کسی بھی صورت ادا نہیں کیا جا سکتا۔

خطے کی اس جنگ میں تقریباستر ہزار سے زائد پاکستانی مارے جا چکے ہیں جن میں فورسز اور بے گناہ شہری شامل ہیں اور اس کے علاوہ بہت سے صحافی، میڈیا ورکرز، اور فلاہی کارکن بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی معیشت کو 150 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان بھی ہوا جبکہ امریکہ نے صرف 20 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی۔ طالبان اور آنے والی افغان حکومت کو پاکستان کی ان کاوشوں اور قربانیوں کا احساس کرنا چاہے کہ ماضی کے برعکس افغانستان کی زبان و زمین دونوں پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں