رمیز راجہ کا مسند سنبھالنے سے قبل ہوم ورک جاری

چیف سلیکٹراوردیگرعہدیداروں سے ملاقاتوں میں اپنے ویژن سے آگاہ کردیا۔


Abbas Raza September 02, 2021
ورلڈکپ سمیت ممکنہ اسکواڈزپر تبادلہ خیال،بابراعظم سے بھی میٹنگ ۔ فوٹو : فائل

نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا مسند سنبھالنے سے قبل ہوم ورک جاری ہے تاہم انھوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں چیف سلیکٹر محمد وسیم اور دیگر عہدیداروں سے ملاقاتوں میں اپنے ویژن سے آگاہ کردیا۔

نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو منتخب کرنے کیلیے الیکشن کی رسمی کارروائی 13ستمبر کو لاہور میں گورننگ بورڈ اجلاس میں ہوگی،اس کے بعد سابق کپتان باضابطہ طور پر بورڈ کی کمان سنبھال لیں گے، مسند پر براجمان ہونے سے قبل ان کی پی سی بی عہدیداروں سے مشاورت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق رمیز راجہ نے 6 گھنٹے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں گذارے، اس دوران ان کی چیف سلیکٹر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی جس میں قومی ٹیم کی سلیکشن کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا، انھوں نے نیوزی لینڈ سے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلیے ممکنہ اسکواڈز کے بارے میں بھی دریافت کیا، نامزد چیئرمین پی سی بی نے اسکواڈز کی تشکیل کے لیے اپنے ویژن سے چیف سلیکٹر کو آگاہ کردیا۔

رمیز راجہ نے قومی کپتان بابر اعظم سے بھی ملاقات کی، اس دوران ٹیم کے مسائل اور معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا،انھوں نے سلیکشن کے معاملے میں کپتان کی رائے کو اہمیت دینے کا عندیہ دیا، قرنطینہ میں موجود ہیڈ کوچ مصباح الحق ویسٹ انڈیز سے واپسی پر رمیزراجہ سے ملاقات کریں گے۔

نامزد چیئرمین نے صوبائی کوچز سے ملاقات میں ٹیموں کی تشکیل پر بات چیت کی،انھوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز اور عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کرتے ہوئے کام کے طریقہ کار سے آگاہی حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں