ISLAMABAD:
انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں کیوں کہ اب پروفیسر ایک بار پھر اپنے نئے اور ناقابل شکست منصوبوں کے ساتھ اپنے ساتھیوں کو بچانے آرہا ہے۔
گزشتہ سال دنیا بھر میں ہونے والے سخت لاک ڈاؤن سے لوگوں کی بہت سی اچھی اور بری یادیں وابستہ ہیں، لیکن ان میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جنہوں نے گھر بیٹھے ٹوکیو، برلن، نیروبی، ریو، ماسکو، ڈینور، ہیلینسکی، اوسلو،اسٹاک ہوم اور لزبن کو نہ صرف اچھی طرح دیکھ لیا بلکہ ان کے فین بھی ہوگئے۔
جی ہاں ہم بات کر رہے ہیں اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلِکس کی مشہور زمانہ ویب سیریز ' منی ہائسٹ' کی!! نقب زنی کی انوکھی وارداتوں پر مشتمل اس سیریز نے ایکشن، سسپنس اور لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورت حال سے ناظرین کو اپنے حصار میں جکڑے رکھا۔
منی ہائسٹ کو نیٹ فلکس پر بنا انگریزی سب ٹائٹل کے سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سیریز کا اعزار بھی حاصل ہے اور گزشتہ سال 3 اپریل کو ریلیز ہونے والے اس کے چوتھے پارٹ کو رواں ماہ کے وسط تک 65 ملین لوگ دیکھ چکے تھے اور یہ ابھی بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہے۔
دنیا بھر کے ناظرین منی ہائسٹ کے پانچویں سیز ن کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے اور اب سے چند ہی گھنٹوں میں انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیوں کہ کل (3 ستمبر ) کو منی ہیسٹ سیزن 5 کا والیوم 1 ریلیز کردیا جائے گا۔ جب کہ اس سیزن کا دوسرا والیوم 3 دسمبر 2021ء کو ریلیز کیا جائے گا۔