کورونا ویکسینیشن کیلئے طلبہ کی عمر کی حد 17 سال سے زائد کردی گئی

والدین کی رضامندی کے بعد ہی طالبعلموں کے ویکسین لگائی جائے گی، محکمہ صحت سندھ


ویب ڈیسک September 06, 2021
والدین کی رضامندی کے بعد ہی طالبعلموں کے ویکسین لگائی جائے گی، محکمہ صحت سندھ

ISLAMABAD: سندھ میں کورونا ویکسینیشن کیلئے طلبہ کی عمر کی حد 17 سال سے زائد کردی گئی ہے۔

کراچی میں حکومت سندھ کے 6 ستمبر سے طالب علموں کی ویکسینیشن شروع کرنے کے اعلان کے باوجود نجی و سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں نویں سے بارہویں جماعت کے طالبعلموں کی ویکسینیشن کا عمل مکمل طور پر شروع نہیں ہوسکا، اسکولوں میں ویکسینیشن کے لئے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے، صرف اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کو رضامندی فارمز دیے گئے۔

حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے عائشہ باوانی کالج میں 17 سال اور اس سے زائد عمر کے طالبعلموں کی کورونا ویکسینیشن کی گئی جبکہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم سندھ نے عمر کی حد بڑھا کر 17 سال کردی، محکمہ صحت سندھ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو 17 سال سے کم عمر طلبا کو ویکسین نا لگانے کا حکم دے دیتے ہوئے کہا کہ 17 سال سے زائد عمر کے طلبا کو ویکسین لگائی جائے گی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق صرف 17 سال سے زائد عمر کے طالبعلموں کی ویکسینیشن ہوگی، اسکولوں اور کالجوں میں جاکر محکمہ صحت کی ٹیمیں ویکسینیشن کریں گی، والدین کی رضامندی کے بعد ہی طالبعلموں کے ویکسین لگائی جائے گی۔

بعد ازاں ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ میں پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے سربراہان کا طالبعلموں کی ویکسینیشن مہم پر اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن مہم کے لیے طریقہ کار پر غور کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت سندھ کے اعلان اور این سی او سی کی ہدایات کے مطابق 17 سال اور اس سے بڑی عمر کے طلبہ و طالبات کو ویکسینیشن کروائی جائے گی، ویکسینیشن کےلئے کلاس سے زیادہ عمر کا خیال رکھا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ویکسینیشن کےلئے والدین سے ان کی رضامندی کا فارم جمع کیا جائے گا، صرف رضامند والدین کے بچوں کو ویکسینیشن کروائی جائے گی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی جانب سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ایک ٹیم ہائر سیکنڈری اسکول اور کالج میں جاکر ویکسینیشن کا عمل انجام دے گی، ہر طالبعلم کو ابتدائی میڈیکل ایگزامینین کے بعد ہی ویکسینیشن دی جائے گی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی نگرانی میں ویکسینیشن ٹیم میں ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسیشنز کے نمائندے شامل ہوں گے، پرائیویٹ اسکولز اور کالجز ویکسینیشن کےلئے والدین کو زیادہ سے زیادہ آمادہ کریں گے۔

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم و صحت سندھ نے 6 ستمبر سے تمام نجی و سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں نویں سے بارہویں جماعت کے طالبعلموں کی ویکسینیشن کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم طالبعلموں کی کورونا ویکسینیشن کے لئے عمر کے تعین کے حوالے سے تاحال کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاسکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔