لاہور میٹرو بس سروس کی بحالی کی تیاریاں مکمل

نئی کنٹریکٹر کمپنی نے 160 ڈرائیورز کو تربیت بھی دے دی ہے


عامر نوید چوہدری September 07, 2021
ڈرائیوروں نے احتجاج کرتے ہوئے 28 اگست کو میٹرو بس سروس بند کی تھی فوٹو: فائل

کئی روز سے بند میٹرو بس سروس کو نئی کنٹریکٹر کمپنی 8 ستمبر سے بحال کررہی ہے۔

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ساتھ میٹروبس سروس کی آپریٹنگ کمپنی کا کنٹریکٹ ختم ہونے کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے عملے اور ڈرائیورز کی طرف سے ہڑتال معمول بن چکی تھی ،پہلے تو ڈارئیورز اور عملہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر دو یا تین ماہ بعد ہڑتال کرتا تھا اور ایک دو روز میٹروبس بند رہنے کے بعد سروس بحال ہوجاتی تھی لیکن گزشتہ ماہ تو ڈرائیورز نے تین مرتبہ ہڑتال کردی تھی، 28 اگست کے بعد سے آج تک میٹروبس سروس بحال نہ ہوسکی،البراک اپنا کنٹریکٹ مکمل طور پر ختم کرکے رخصت ہوگئی۔

صوبائی دارالحکومت کے لاکھوں شہری گزشتہ دس روز سے میٹرو بس سروس کی سفری سہولیات سے محروم ہیں، بس سروس کی بندش کے باعث طلبا، ملازمین اور عام شہری مہنگے متبادل ذرائع آمدورفت استعمال کرنے پر مجبور ہیں، صوبائی دارالحکومت میں اس وقت اورنج لائن میٹرو ٹرین ہی پبلک ٹرانسپورٹ کا واحد ذریعہ ہے لیکن ایک مخصوص ٹریک پر چلنے کے باعث روزانہ چالیس سے پچاس ہزار افراد ہی اس سے سفر کرتے ہیں جبکہ شہر کاایک وسیع حصہ ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم ہے۔

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ البراک کا ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیساتھ کنٹریکٹ کئی ماہ پہلے ختم ہوچکا تھا لیکن کمپنی کے معاہدے میں توسیع کی جاتی رہی تھی تاکہ شہریوں کی اس اہم سفری سہولت کو برقرار رکھا جاسکے۔

اس حوالے سے میٹرو بس کے نئی کنٹریکٹر کمپنی "ویڈا میزا" کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبدالرحمان نے "ایکسپریس"سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل سے ہم 60 بسوں کے ساتھ باقاعدہ آپریشن کا آغاز کررہے ہیں، گاڑیوں کی انسپیکشن اورسرٹیفکیشن مکمل ہوچکی ہے ،بسوں کے لئے 160ڈرائیورز بھرتی کرکے ان کو ٹریننگ دی جاچکی ہے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب سید علی مرتضیٰ نے "ایکسپریس"سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نئی کنٹریکٹر کمپنی کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں، کمپنی بدھ سے باقاعدہ طور پر میٹرو بس سروس کا آپریشن سنبھال لے گی ۔ شہریوں کو سستی اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، میٹرو بس شہر کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ کا ذریعہ ہے۔ اس لیے اس کا مکمل آپریشنل رہنا نہایت ضروری ہے، شہرمیں متعدد روٹس پر نئی بسیں چلانے کی منصوبہ بندی مکمل ہوچکی ہے،جلد ہی لاہور سیمت پورے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔