علاج کیلئے بھارت جانے والے 3 افغان شہریوں کی میتیں پاکستان پہنچا دی گئیں

تینوں افغان شہری علاج کی غرض سے بھارت گئے تھے تاہم وہاں ان کا علاج کامیاب نہیں ہوسکا


آصف محمود September 11, 2021
پاکستانی حکام نے خیرسگالی جذبے کے تحت میتیں طورخم بارڈرکے راستے افغانستان لے جانے کی اجازت دی ۔ فوٹو : فائل

بھارت سے 3 افغان شہریوں کی میتیں واہگہ بارڈرکے راستے لاہورلائی گئی ہیں یہاں سے انہیں طورخم بارڈرکے راستے افغانستان روانہ کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوزکوموصول ہونیوالی دستاویزات اورمعلومات کے مطابق تین افغان شہری جن میں دو خواتین اورایک مردشامل ہے بھارت میں علاج کی غرض سے گئے تھے تاہم وہاں ان کا علاج کامیاب نہیں ہوسکا اوروہ انتقال کرگئے۔

بھارت میں وفات پانیوالے افغان شہریوں کے رشتہ داروں نےپاکستانی ہائی کمیشن نیودہلی کودرخواست دی تھی کہ انہیں اپنے پیاروں کی میتیں پاکستان کے راستے افغانستان لے جانے کی اجازت دی جائے.

بھارت میں وفات پانیوالے افغان شہریوں میں نسرین شیرازی، عائشہ اور محمداقبال گلاب شامل ہیں، پاکستانی حکام نے خیرسگالی جذبے کے تحت میتیں واہگہ بارڈرکے راستے پاکستان اوریہاں سے طورخم بارڈرکے راستے افغانستان لے جانے کی اجازت دی ہے، پاکستانی حکام کی طرف سے نسرین شیرازی کی میت لانے کے لئے ان کے شوہراوربیٹی کوویزاجاری کیاگیاہے۔

اسی طرح متوفیہ عائشہ کے بیٹے عصمت اللہ سمیت انکے بھائی اوربھتیجے کوویزاجاری کیاگیاہے، متوفی محمداقبال کے بھائی، بہن،ایک چچا اورکزن کوویزے جاری کئے گئے ہیں، یہ خاندان دبئی سے اپنے رشتہ دارمحمداقبال گلاب کا علاج کروانے بھارت گیاتھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

محمداقبال کی میت توہفتے کی دوپہرکوہی بھارت سے واہگہ بارڈرپہنچادی گئی تھی تاہم دونوں افغان خواتین کی میتیں کافی تاخیرسے لائی گئیں، وزارت داخلہ کی ہدایت پرمیتیں پاکستان لانے کے لئے واہگہ بارڈرخصوصی طورپرکھولاگیاتھا، ایدھی فاؤنڈیشن کی طرف سے میتیں وصول کرنے کے لئے ایمبولینسیں واہگہ بارڈربھیجی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں