نوجوان صلاحیتوں کی دھاک بٹھانے کیلیے پُرعزم

عبدالرزاق جیساآل راؤنڈربنناچاہتاہوں،کیویزسے سیریزکاانتظارہے،وسیم


Zulfiqar Baig September 12, 2021
سرفرازکی جگہ سنبھالی،انتخاب درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا،حارث۔ فوٹو: فائل

نوجوان کرکٹرزکیویز سے سیریز میں صلاحیتوں کی دھاک بٹھانے کیلیے پْرعزم ہیں۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں وسیم جونیئر نے کہاکہ میں نیوزی لینڈ سے سیریز کا بے تابی سے منتظر ہوں،سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے قومی ٹیم میں اپنی جگہ پکی کرنے کی کوشش کروں گا، وزیرستان میں کرکٹ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، وہاں ٹیپ بال کے بعد پشاور میں ہارڈ بال سے کھیلنا شروع کیا۔

وسیم جونیئر نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ پاکستان کی طرف سے کھیل کر نام کمائیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں عبدالرزاق سے بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا، اب وہ ہمارے ڈریسنگ روم کا حصہ بنے ہیں تو مزید رہنمائی لے کر ان جیسا کامیاب آل راؤنڈر بننے کی کوشش کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ بین اسٹوکس پسندیدہ کھلاڑی ہیں، جس فارمیٹ میں اورجہاں موقع ملا عمدہ کارکردگی کیلیے پْرعزم ہوں۔

دوسری جانب نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث نے کہا کہ میں نے سرفراز احمد کی جگہ سنبھالی ہے تو اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا، محمد رضوان کے ساتھ پشاور کے ایک ہی کلب میں پریکٹس کرتا رہا ہوں، ہم تینوں میں سے کوئی بھی کھیلے ہمارا مقصد پاکستان کے لیے زبردست پرفارم کرنا ہے۔

انھوں نے کہاکہ میں ہارڈ بال کرکٹ کیلیے پشاور منتقل ہوا، وہاں محمد رضوان کے ساتھ ٹریننگ کرکے کھیل میں نکھار لانے کی کوشش کی،وکٹ کیپنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی بہتری لانے کے لیے سخت محنت کا پھل قومی ٹیم تک رسائی کی صورت میں ملا ہے۔

محمد حارث بننے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کا خواب پورا ہونے والا ہے، کوشش ہوگی کہ وکٹ کیپنگ کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے پاکستان کی فتوحات میں اپنا کردار ادا کروں، پرفارمنس کا معیار مزید بہتر کرنے کیلیے محنت کروں گا،سینئرز بہت تعاون اور حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں