لیڈی ریڈنگ اسپتال میں اوپی ڈی یومیہ 600 مریضوں تک محدود عوام کی مشکلات میں اضافہ

کورونا میں مسلسل اضافے کے باعث اوپی ڈی کو محدود کرنا مجبوری ہے، ترجمان ایل آر ایچ


شاہدہ پروین September 14, 2021
کورونا وبا سے قبل ایل آر ایچ کی او پی ڈی میں یومیہ 5 ہزار مریضوں کا معائنہ ہوتا تھا فوٹو: فائل

لیڈی ریڈنگ اسپتال کی او پی ڈی میں مریضوں کے معائنے کو محدود کردیا گیا ہے جس کے بعد اب یومیہ 600 مریضوں کو ہی دیکھا جائے گا۔

خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال لیڈی ریڈنگ اسپتال کی او پی ڈیز میں اب یومیہ 600 مریضوں کو دیکھا جائے گا۔ او پی ڈی کو کم کرنے کی وجہ سے اسپتال میں صبح سویرے مریضوں اور ان کے تیمار داروں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل اسپتال میں اوپی ڈی کو کورونا ایمرجنسی کے باعث 5 ہزار یومیہ سے کم کرکے ایک ہزار کیا گیا تھا۔ جس کے لئے یومیہ مریضوں کو صرف ایک ہزار پرچیاں جاری کی جارہی تھیں، دور دراز کے علاقوں سے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو اس ساری صورت حال میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کورونا وبا سے قبل ایل آر ایچ کی یومیہ او پی ڈی پانج ہزار کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔ جس کو پہلے محدود کرکے ایک ہزار یومیہ اور اب 600 مریض یومیہ کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اسپتال ترجمان عاصم کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث اوپی ڈی کو محدود کیا گیا ہے۔ایل آر ایچ میں کورونا کے 165 مریض اس وقت داخل ہیں۔ اسپتال کی ایمرجنسی چوبیس گھنٹے مریضوں کے لئے کھلی ہے۔ جہاں مریضوں کو طبی علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے تاہم کورونا میں مسلسل اضافے کے باعث اوپی ڈی کو محدود کرنا مجبوری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں