عالمی قوتیں بھی حوصلے آزمالیں سر نہیں جھکاؤنگا الطاف حسین

میرا سر اللہ کے سوا کسی کے آگے جھکا ہے نہ جھکے گا،حیدرآباد میں کارکنوں سے خطاب


Express Desk February 01, 2014
ملک میں انصاف کاایسانظام چاہتے ہیں جہاں امیروغریب سب کوبرابرسمجھا جائے، قائد متحدہ قومی موومنٹ ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم،ملک میں انصاف کاایسانظام قائم کرناچاہتی ہے جہاں امیروغریب سب کی عزت برابر ہو اور سب کویکساں انصاف میسر آسکیں۔

جمعرات اورجمعے کی درمیانی شب ایم کیوایم حیدرآباد زونل کمیٹی کے ارکان ،شعبہ خواتین کی ارکان اورکارکنان سے ٹیلی فون پرگفتگوکرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرتمام ذمے دارن اور کارکنان نے الطاف حسین سے والہانہ عقیدت ومحبت کااظہار کیااوران کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔الطاف حسین نے کہاکہ آج بدقسمتی سے پاکستان میں غریب شہریوں کیلیے بڑی عدالتوں کے دروازوں پردستک دیناناممکن بن چکاہے اوروہ وکلا کی بھاری فیس ادا نہ کرنے کے باعث جھوٹے الزامات کے تحت جیلوں میں سزائیں بھگتنے پرمجبور ہیں،ایم کیو ایم، پاکستان میں ایسے منصفانہ نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جہاں جاگیرداروں اور وڈیروں کے ساتھ غریب ہاری کسان بھی بڑی عدالت تک رسائی میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کرے اورسب کوانصاف میسر آسکے۔الطاف حسین نے کہاکہ حق پرستی کاعمل حسینیت کا شعارہے اورحق پرستی کی راہ پر چلنے والے کسی باطل قوت کے آگے سرجھکاناپسند نہیں کرتے،حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں مجھے3مرتبہ قیدوبندکی صعوبتیں اور ٹارچرسیلوں کی اذیتیں برداشت کرناپڑیں۔

 photo 3_zps2f8f0b98.jpg

تحریک اورمشن کی ہی خاطرمیں گزشتہ 24 سال سے جلاوطنی کاکرب بھی برداشت کر رہاہوں،جب ایم کیو ایم دشمن عناصر جلاوطنی کے باوجود عوام کومجھ سے جدا نہ کرسکے تو انھوں نے برطانیہ میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے بین الاقوامی سطح پرمیرے خلاف سازشوں اور منفی پروپیگنڈوں کا سلسلہ شروع کردیا، پاکستان کی طاقتیں میرے حوصلے اور ہمت آزما کر دیکھ چکی ہیں، اب اگر عالمی طاقتیں میرے اعصاب کا امتحان لینا چاہتی ہیں تو وہ جان لیں کہ میں کسی بھی باطل قوت کے آگے ہرگز نہیں جھکوں گا، میرا سر اللہ کے سوا کسی کے آگے جھکا ہے نہ جھکے گا۔ الطاف حسین کا کہناتھاکہ حیدرآباد میرا شہر ہے اور مجھے حیدرآبادکی ماؤں، بہنوں، بزرگوں اور تحریکی ساتھیوں پر ہمیشہ فخراورناز رہا ہے۔ انھوں نے حیدرآباد کے کارکنان و عوام سے کہاکہ وہ ماضی کی طرح متحد و منظم اور ثابت قدم رہیں، کسی بھی قسم کے حالات سے ہرگز مایوس نہ ہوں اور حقوق کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں