پی ایس ایل وقت پر کرانے کی راہ ہموارہونے لگی

آسٹریلوی ٹیم اگر دورے پر نہ آئی تو ایونٹ اصل شیڈول پر ہی منعقد ہوگا۔


Abbas Raza September 25, 2021
آسٹریلوی ٹیم اگر دورے پر نہ آئی تو ایونٹ اصل شیڈول پر ہی منعقد ہوگا فوٹو:فائل

کینگروز کا انکار پی ایس ایل وقت پر کرانے کی راہ ہموار کردے گا۔

پاکستان سپر لیگ کی جنرل کونسل کا 24 واں اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا، صدارت چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کی، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے نمائندے موجود تھے جبکہ دیگر فرنچائزز کے حکام نے ویڈیو لنک سے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں پی ایس ایل قبل ازوقت کرانے کا فیصلہ تبدیل کیے جانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، آسٹریلوی ٹیم کو 2ٹیسٹ، 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے فروری، مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

کینگروز سے 24سال بعد ہوم سیریز کے پیش نظر بورڈ نے پی ایس ایل کے روایتی شیڈول کی قربانی دینے کا فیصلہ کرلیا تھا، لیگ قبل ازوقت جنوری، فروی میں کروائی جانا ہے، مگر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ٹورز منسوخ ہونے پرکینگروز کے انکار کا خدشہ رد نہیں کیا جا سکتا، اگر ایسا ہوا تو پی ایس ایل گذشتہ ایڈیشنز کی طرح فروری میں ہی شروع ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق چیئرمین نے پاکستان کرکٹ کی ترقی میں فرنچائزز کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے پی ایس ایل کے برانڈ کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا،وہ درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں ٹیموں کے ساتھ مل کرکام کریں گے، اگلا اجلاس پیرکو منعقد ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں