سی پیک کے تحت کراچی کیلیے اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا اعلان

کراچی کوسٹل کمپری ہینسیو ڈیولپمنٹ زون شہرکو جدیدانفرااسٹرکچر زون فراہم کرے گا،علی زیدی نے تفصیلات جاری کردیں۔


Business Reporter September 26, 2021
منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری سے تعمیر ہوگا، پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ فوٹو: فائل

وزارت بحری امور نے سی پیک کے تحت کراچی کے لیے اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر ساحلی امور علی زیدی نے منصوبے کی تفصیلات ٹوئیٹ کے ذریعے جاری کردیں، کراچی کوسٹل کمپری ہینسیو ڈیولپمنٹ زون (کے سی سی ڈی زیڈ) 3.5ارب ڈالر سے مکمل ہونے والا منصوبہ کراچی کو ایک جدید شہری انفرااسٹرکچر زون فراہم کرے گا، منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری سے تعمیر ہوگا۔

وفاقی وزیر ساحلی امور علی زیدی کے مطابق منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ اسلام آباد اور بیجنگ میں منعقد سی پیک پر دسویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے اجلاس میں دونوں ممالک نے کراچی کوسٹل کمپری ہینسیو ڈیولپمنٹ زون کو سی پیک فریم ورک میں شامل کرنے پر اتفاق کرلیا۔ منصوبے کے لیے کراچی پورٹ کے مغربی بیک واٹر کی 640ایکڑ دلدلی زمین ری کلیم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کم لاگت کی رہائشی سہولت کی فراہمی بھی کے سی سی ڈی زیڈ منصوبے کا حصہ ہے جس سے ملحقہ کی آبادیوں کے 20ہزار خاندانوں کی ری سیٹلمنٹ کی جائے گی۔ اس ماحول دوست منصوبے میں کراچی پورٹ پر چار نئی برتھوں کا بھی اضافہ کیا جائے گا جس سے پاکستان کے بڑھتے ہوئے میری ٹائم سیکٹر کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔

جدید سہولتوں سے آراستہ فشنگ پورٹ اور عالمی معیار کا فشریز پراسیسنگ زون بھی منصوبہ کا حصہ ہے جس سے پاکستان کے تجارتی امکانات میں اضافہ ہوگا۔ منصوبہ میرین ایکو سسٹم کو بہتر بنانے کے ساتھ سمندری آلودگی کو بھی کم کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ منصوبے میں لیاری ندی پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر بھی شامل ہے۔

چین کی معاونت سے تعمیر ہونے والے اس اہم پراجیکٹ کو ایک ہاربر برج کے ذریعے کراچی سے منسلک کیا جائے گا یہ پل پاکستان ڈیپ واٹر پورٹ کے عقب سے شروع ہوکر منوڑہ جزیرے اور سینڈزپٹ کے ساحل پر ختم ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں