زیادہ رنزکا ریکارڈ رضوان کی دسترس میں آنے لگا

کیلنڈر ایئر میں 1428رنزبنا لیے،بابر اعظم 2019میں 1607رنز اسکور کرچکے۔


Abbas Raza October 03, 2021
کیلنڈر ایئر میں 1428رنزبنا لیے،بابر اعظم 2019میں 1607رنز اسکور کرچکے۔ فوٹو: پی سی بی

کیلنڈر ایئر میں زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز کا ریکارڈ محمد رضوان کی دسترس میں آنے لگا جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے رواں سال 1428رنز جوڑے ہیں۔

محمد رضوان اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں، کسی ایک کیلنڈر ایئر میں زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی کرکٹرکا ریکارڈ ان کی دسترس میں آتا جا رہا ہے، بابر اعظم سے فاصلہ کم رہ گیا۔

سینٹرل پنجاب کے مقابل 65رنز بنانے والے محمد رضوان نے سدرن پنجاب کیخلاف 64کی اننگز کھیلی، سینٹرل پنجاب سے دوسرے میچ میں 6اور سندھ کیخلاف ایک رن بنایا، گذشتہ روز بلوچستان سے میچ میں ان کا بیٹ پھر چل پڑا اور 40رنز اسکور کیے، یوں رواں سال انھوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے رنز کی تعداد 1428کرلی ہے،اوسط 62.08رہی، رضوان نے مجموعی طور پر 14بار 50سے زائد رنز بنائے ہیں، اس میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔

ایک سال میں زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے قومی کرکٹر بابر اعظم نے 2019میں 1607رنز اسکور کیے تھے،محمد رضوان 2016میں 1386رنز بنانے والے عمر اکمل کو اس ریکارڈ میں پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز سندھ سے میچ میں 12پر وکٹ گنوانے والے بابر اعظم نے رواں سال 1304رنز بنائے ہیں،انھوں نے گذشتہ سال 1242رنز اسکور کیے تھے۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں محمد رضوان نے 43میچز کی 32اننگز میں 48.40کی اوسط سے 1065رنز بنائے ہیں، ان میں ایک سنچری اور 8ففٹیز شامل ہیں،مجموعی طور پر 153ٹی ٹوئنٹی میچز میں رضوان نے 38.41کی ایوریج سے 3457رنز اسکور کیے،ان میں ایک سنچری اور 24ففٹیز شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں