کارپوریٹ کمیونیکیشن

بزنس کی دُنیا میں نئی انقلابی تبدیلیوں کی موجب، جدید آرگنائزیشنز کی ضرورت


ایاز مورس October 17, 2021
بزنس کی دُنیا میں نئی انقلابی تبدیلیوں کی موجب، جدید آرگنائزیشنز کی ضرورت۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: کیمونیکیشن انسانی زندگی کا انتہائی احساس اور بنیادی جز ہے۔ کیمونیکیشن کے بغیر انسانی زندگی میں پیش رفت ناممکن ہے۔

عام زندگی میں جہاں کمیونیکیشن کی اہمیت اتنی زیادہ ہے وہاں بزنس کی دُنیا میں تو یہ اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ بزنس ورلڈ یعنی کارپوریٹ کی دُنیا میں کیمونیکیشن ہی اصل بزنس ہے۔ آج کے جد ید اور مواصلاتی دور میں کوئی بزنس کیمونیکیشن کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔

اس لیے کاروباری دُنیا میں کارپوریٹ کیمونیکیشن کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ یہ کارپوریٹ کیمونیکیشن ہے کیا اور کیوں ضروری ہے؟ ہم اس بارے میں آپ کو بتاتے ہیں۔ کارپوریٹ کیمونیکیشن کی اصطلاح پاکستان میں اتنی عام فہم نہیں جب کہ دُنیا بھر میں اس شعبہ میں بہت کام ہو رہا ہے۔

کارپوریٹ کیمونیکیشن میں ایسی سرگرمیاں شامل ہیں جن کے ذریعے کسی بھی آرگنائزیشن کی اندرونی اور بیرونی سرگرمیوں کا ابلاغ عامہ کا استعمال کرتے ہوئے مطلوبہ ذرائع تک پہنچانا ہے۔ اس میں آرگنائزیشن کا جاری کردہ پیغام اسٹیک ہولڈرز، ورکرز، میڈیا اور عوام تک پہنچایا جاتا ہے۔

آرگنائزیشن کا مقصد ایک ہی پیغام کو تمام اسٹیک ہولڈرز تک انتہائی ذمے داری، شفافیت کے ساتھ انتہائی معتبر انداز میں اخلاقی طریقے سے پہنچانا ہے۔ کارپوریٹ کیمونیکیشن آرگنائزیشنز کی مدد کرتی ہے کہ وہ اپنا مشن، وژن، اقدار اور مفصل پیغام مطلوبہ ذرائع تک پہنچاسکے۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن کا کردار اس تناظر میں بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ یہ ایسا نظام ہے جو کسی بھی ادارے اور اس کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان معاونت کے فرائض سرانجام دیتا ہے۔ اس کی اہمیت کسی بھی حکومت میں وزارتِ اطلاعات کی طرح ہوتی ہے جو عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کا باہمی اور اہم فرض ادا کرتی ہے۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن میں کسی بھی آرگنائزیشن کے پاس یہ سہولت ہوتی ہے کہ وہ اپنے صارفین تک پیغام رسانی کے لیے مختلف ذرائع اور پلیٹ فارمز کا استعما ل کرسکتی ہے۔ عوامی روابط، میڈیا سے تعلقات، پریس کانفرنس اور نیوز کانفرنس تک کے لیے کارپوریٹ کمیونیکیشن کا شعبہ متحرک ہوتا ہے۔ آرگنائزیشن، کمپنی کی تشہیری مہم کے لیے ایک بہترین اور جان دار ذریعہ ہے۔

کارپوریٹ لاطینی زبان کا لفظ ہے۔ لفظ کارپوریٹ کا لفظی مطلب ''جسم'' ہے جب کہ دیگر مفاہیم کے مطابق کارپوریٹ کا مطلب ''جسم کی تشکیل'' کرنا ہے۔ کارپوریٹ کمیونیکیشن، آرگنائزیشن کے امیج کو الفاظ، تحریر، تصویر اور تقریر کے ذریعے جسم یعنی ظاہری صورت فراہم کرتی ہے۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن کی ذمے داری کمیونیکیشن کے ڈپارٹمنٹ کو سنبھالنا، اور کمیونیکیشن کے تمام تر مرحلے کو مینیج کرنا ہے۔ اس کے ذمہ کنٹرولڈ اور ان کنٹرولڈ کے ساتھ روابط ہیں۔ یہ اندرونی اور بیرونی صارفین تک معلومات کی فراہمی کرتی ہے ۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن ایک پروایکٹیو پروسس ہے جس میں مختلف حکمت عملیاں اور طریقے کار استعمال کیے جاتے ہیں۔

٭ کارپوریٹ کمیونیکیشن کیوں ضروری ہے؟

جد ید دُنیا جدید کمیونیکیشن کے بغیر ادھوری ہے۔ جس طرح ہماری زندگی میں تیزرفتاری اور جدت آگئی ہے اسی طرح ہمارے لائف اسٹائل اور ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت اور روابط میں بے حد تبدیلی آگئی ہے۔ کارپوریٹ سیکٹر بھی اس تبدیلی کا حصہ بن چکا ہے، جس کا انکار کوئی بھی انسان نہیں کرسکتا۔ لیکن ہمارے ہاں تبدیلی کو اپنانے اور نئی چیزوں کو سیکھنے میں روایتی سستی اور بے پرواہی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی آرگنائزیشن اعلیٰ درجے کی ہو اور اُس کی کمیونیکیشن تیسرے درجے کی۔ معروف صحافی اور مصنف ٹینا براؤن کا کہنا ہے،''کارپوریٹ کیمونیکیشن بہت ہائی ٹیک آرٹ بن جائے گی، اتنی اہم جتنی پولیٹیکل کیمونیکیشن امریکی صدر باراک اوباما کے لیے تھی۔''

٭کارپوریٹ کیمونیکیشن کنسلٹنٹ کا کردار:

کارپوریٹ کیمونیکیشن کنسلٹنٹ وہ لوگ ہوتے ہیں جو بزنس کی دُنیا کو سمجھتے ہیں اور ذرائع ابلاغ کی اہمیت سے بھی بخوبی واقف ہوتے ہیں۔

یہ میڈیا کے تمام چینلز (پرنٹ، الیکٹرونک اور ڈیجیٹل) سے آشنا ہوتے ہیں اور اس کمپنی کی تشہیر اور برانڈنگ کو مزید بہتر کرنے میں مدد ومعاونت و راہ نمائی فراہم کرسکتے ہیں۔ آرگنائزیشن اس طرح کے لوگوں کو بطور کنسلٹنٹ کسی مخصوص پروجیکٹ یا مخصوص ٹاسک کے لیے ہائر کرتی ہے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مستفید ہوتی ہے۔

اس ضمن میں فری لانسر، یوٹیوبر، وی لاگر اور بلاگرز و سوشل انفلانسر بھی معاون ثابت ہوسکتے ہیں، لیکن یہاں ایک بہت اہم اور بنیادی سوال جنم لیتا ہے کہ اُس فری لانسر کی اپنی برانڈنگ اور سوشل امیج آرگنائزیشن کے کارپوریٹ امیج سے میچ کرتی ہے؟ یقینی طور پر یہ وہ بنیادی سوال ہے مارکیٹنگ ٹیم جہاں غلطی کرتی ہے۔ مارٹن لینوسٹنگ اپنی کتاب 'Buyology میں کہتا ہے کہ آج کے جدید دور میں صارفین آپ سے حقیقی کہانیاں سننا چاہتے ہیں، فیک اور معروف ماڈل کی باتیں نہیں۔''

کارپوریٹ کیمونیکیشن کنسلٹنٹ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ وہ کمپنی کے وژن، مقصد اور کارپوریٹ کو اچھی طرح سمجھتا ہو اور اُس کی مدد کرسکے کہ وہ اپنے بہتر امیج کو حقیقی کہانیوں سے بہترین بنا سکے۔ کارپوریٹ کیمونیکیشن کنسلٹنٹ آرگنائزیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے آرگنائزیشن کے حقیقی امیج اور معیار کو برقرار رکھنے کے ذمے دار ہوتے ہیں۔ کارپوریٹ کیمونیکیشن کنسلٹنٹ اپنے شعبے کے ساتھ مل کر کیمونیکیشن کے تمام انتظامات کی پلاننگ، آرگنائزنگ، لیڈنگ اور کنٹرولنگ کے فرائض بھی سرانجام دیتے ہیں۔

٭ کارپوریٹ کیمونیکیشن کا مستقبل:

یہ بات تو طے کہ ہے جو آرگنائزیشن مستقبل کو یقینی بنانا چاہتی ہیں۔ اُنہیں اپنے کارپوریٹ کیمونیکیشن کو مضبوط، وقت، معاشرے سے ہم آہنگ، اور جدید تقاضوں سے آراستہ کرنا ہوگا، کیوںکہ جس طرح ہم چیزوں کو دیکھتے ہیں ویسے ہی چیزوں کو عملی طور پر سرانجام دیتے ہیں۔

کارپوریٹ کیمونیکیشن کو ایم بی اے، بی بی اے، ماس کیمونیکیشن میں اور سوشل سائنس کے مضمون کے طور پر یونیورسٹی اور کالج کی سطح پر پڑھایا جانا چاہیے۔ یہ ایک ایسا مضمون ہے جس کی ہمارے کارپوریٹ سیکٹر کو اشد ضرورت ہے۔ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو بزنس کی دُنیا کو سمجھتے ہوں۔

کارپوریٹ سیکٹر کو مضبوط اور موثر کیمونیکیشن کی کیوں ضرورت ہے؟

جیکسن کے مطابق کارپوریٹ کیمونیکیشن ''کمپنی کی جانب سے جاری کردہ وہ مجموعی سرگرمی ہے جو کمپنی کے منصوبے کے مطابق مطلوبہ اہداف حاصل کر سکے۔'' موثر اور متحرک کارپوریٹ کیمونیکیشن کے لیے مندرجہ ذیل نکات پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔

سادہ: آرگنائزیشن کا پیغام انتہائی سادہ اور عام فہم ہو تاکہ سب کو سمجھ آسکے۔

مختصر: آرگنائزیشن کا پیغام جتنا مختصر ہوگا اتنا ہی موثر ہوگا۔

واضح: آرگنائزیشن کے لیے لازم ہے کہ اس کا پیغام بہت واضح اور صاف وشفاف ہو۔ مبہم، ذومعنی جملوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔

درست: کسی بھی آرگنائزیشن کے لیے یہ بات سمجھانا ضروری ہے کہ اُس کا جاری کردہ پیغام درست ہو۔ معاشرتی، اخلاقیات، اقدار، انسانی نفسیات کو مدِنظر رکھ کر ہمیشہ درست پیغام لوگوں تک پہنچایا جائے۔

مکمل: ادھوری بات اور نامکمل معلومات بہت خطرناک ہوتی ہے اس لیے آرگنائزیشن کو چاہیے کہ وہ اپنے پیغام اور مقصد کو مکمل طور پر پہنچائے۔

مستقل: کسی بھی آرگنائزیشن کیلئے یہ بات فائدہ مند نہیں ہوتی ہے کہ وہ اپنی کیمونیکیشن کو مستقل مزاجی سے جاری نہ رکھ سکے۔ مستقل اور بروقت پیغام کی رسائی ہی موثر پیغام کی ضمانت ہے۔

مکمل فیڈبیک: کوئی بھی اچھی آرگنائزیشن فیڈ بیک کے بغیر کیمونیکیشن کو مکمل نہیں سمجھتی۔ اس لیے ہمیشہ اپنے اسٹیک ہولڈرز سے مکمل فیڈ بیک لیں کہ آپ کا پیغام اُن تک کس حد تک پہنچا رہا ہے۔

مکمل پلاننگ: بزنس پلاننگ کے بغیر نامکمل ہے۔ کارپوریٹ کیمونیکیشن پلاننگ کے بغیر نہیں چل سکتی۔

٭ آج کے جدید اور ڈیجیٹل دور میں کارپوریٹ کیمونیکیشن کس طرح سے بزنس، کمپنی اور آرگنائزیشن کی مدد کر سکتی ہے؟

یہ سوال بہت اہم ہے۔ درحقیقت یہی کارپوریٹ کیمونیکیشن کی اصل رُوح ہے کہ کسی بھی آرگنائزیشن کو آج کے دور میں ترقی کی نئی منزلوں پر پہنچا دے۔ اکثر ہمارے ہاں سوال کیا جاتا ہے کہ کیمونیکیشن پر کام کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ کونسا کوئی کسی کام آتی ہے؟ جناب یہ اُن کے ہی کام آتی ہے جو اس پر کام کرتے ہیں۔ آج کے دور میں آرگنائزیشن کا کارپوریٹ امیج درست ہونا اور واضح ہونا انتہائی ضروری ہے۔ آج آپ ایک ٹاؤن تک محدود نہیں ہیں۔ آپ گلوبل ولیج کے ساتھ منسلک ہیں۔

اس لیے آپ کو اپنا امیج مقامی نہیں عالمی معیار کے مطابق رکھنا ہوگا۔ آج وقت کے ساتھ معاشرتی اور سماجی مسائل و رجحانات پر گہری نظر رکھے بغیر آپ ترقی نہیں کر سکتے۔ اپنی کارپوریٹ کیمونیکیشن کو بہتر بنا کر آپ اپنے بزنس کو نئی بلندیوں پر لے کر جا سکتے ہیں۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن نے وقت کی تیزرفتار سے بدلتی دُنیا اور ترقی کرتے ہوئے میڈیا کی کوکھ سے جنم لیا ہے۔ انٹرنیٹ کی ایجاد سے قبل پبلک ریلیشن کی صورت میں امریکا اور برطانیہ میں کارپوریٹ کیمونیکیشن موجود تھی۔1950کے بعد سے کارپوریٹ کیمونیکیشن کے مختلف ماڈلز اور عوامل سامنے آنا شروع ہوئے۔ تاہم بدلتے وقت اور حالات و واقعات کے ساتھ کارپوریٹ کیمونیکیشن کی ساخت، اپروچ اور کام کی نوعیت وسیع ہوتی گئی۔ اب کارپوریٹ کیمونیکیشن میں کارپوریٹ امیج، اسٹریٹجی، فریم ورک، سیاسی ومعاشی چیلینجز کے نئے موضوعات بھی شامل ہیں۔ معاشرتی ومعاشی تبدیلیوں کو مدِنظر رکھ کر اس شعبے میں گراں قدر کام کیا جاسکتا ہے۔

٭ کورونا کے بعد کارپوریٹ کیمونیکیشن:

یقینی طور پر ہر آرگنائزیشن کے لیے کورونا سے پیدا کردہ صورت حال بہت مشکل تھی۔ بالخصوص کیمونیکیشن سے وابستہ اداروں کے لیے۔

وقت کی نئی حقیقتوں کو سمجھنا اور نئی ٹرینڈز کے مطابق اپنی پالیسی مرتب کرنا، آن لائن، ویب سیمینارز، ورچوئل کانفرنس اور ورک فروم ہوم جیسے نئے چیلینجز نے کارپوریٹ کیمونیکیشن کے لیے جہاں بہت سارے مسائل پیدا کیے ہیں، وہاں کئی مواقع بھی پیدا کیے ہیں۔ کئی آرگنائزیشنز نے ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبوں کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم LMSکے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ اب پوری آرگنائزیشن کی ٹریننگ ہر اسٹیک ہولڈر کے لیے دست یاب ہوچکی ہے۔لیکن یہ بات بہت اہم ہے کہ کیمونیکیشن ایک آرٹ ہے جس میں ہر انسان کو ٹریننگ کی ضرورت ہوتی ہے۔

خصوصی طور پر جب ایک پیغام ریکارڈ ہوکر دوسرے انسانوں کے پاس جائے تو اس میں بے شمار پہلوؤں کو دیکھنا پڑتا ہے۔ ہر آرگنائزیشن کو اپنے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے ٹریننگ اور تربیت کا خصوصی انتظام کرنا چاہیے۔ یہ آرگنائزیشن کے وقار اور معیار کا سوال ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں اس کام کو اتنی توجہ دی نہیں جاتی جتنی اس کام کے لیے درکار ہے۔ کسی بھی آرگنائزیشن کے لیے لازم ہے کہ جتنی اچھی اُس کی بلڈنگ، فرنیچر اور پروڈکٹ ہے اس سے کہیں اچھی اور بہتر اس کی کیمونیکیشن ہونی چاہیے۔

بدقسمتی سے ہمارے ہاں کیمونیکیشن کو صرف انگریزی زبان میں اچھی سے پریس ریلیز اور پیغام کو سمجھا جاتا ہے، لیکن آرگنائزیشن بھول جاتی ہے کہ اُس کے بیشتر ورکرز انگریزی زبان بولنا تو دُور کی بات سمجھنے سے بھی قاصر ہیں۔

کارپوریٹ کیمونیکیشن کو زبان کے میڈیم تک محدود کرنے کے بجائے اس کی افادیت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

ہمیں اس شعبے پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ہر شعبے میں بہت ہی اچھا، مثبت اور بہترین کام ہورہا ہے۔ اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے لیکن اصل مسئلہ ہماری برانڈنگ اور امیج کا ہے۔

ہمارے ہاں آرگنائزیشن اور اُس سے وابستہ افراد اس چیز کو سنجیدہ نہیں لیتے لیکن یہ آج کے دور کی حقیقت بن چکا ہے۔ اپنے نام، کام اور دام کی درست برانڈنگ نہیں کریں گے تو ہم دُنیا سے بہت پیچھے رہ جائیں گے اور ہم پیچھے کیوں رہیں، جب ہمارے پاس تمام سہولیات، صلاحیتیں اور مواقع و ذرائع موجود ہیں تو اُن کا بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور اپنے کارپوریٹ امیج اور کیمونیکیشن کو بہتر بنائیں۔ اپنا، اپنی آرگنائزیشن اور ملک کا نام روشن کریں۔

لبرٹی یونیورسٹی کی سوزن لائز نے اپنی ایک رپورٹ ''اکیسویں صدی میں کارپوریٹ کیمونیکیشن'' میں لکھا ہے،''جدت، ٹیکنالوجی اور سرمائے نے مقامی وعالمی کاروباری دُنیا میں مقابلے کا رجحان بڑھا دیا ہے۔ چیلینجوں کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹوں میں اپنے پیغام کے فریم ورک کی فکر زیادہ کریں۔ اکیسویں صدی میں کاروباری دُنیا متحرک کارپوریشنوں کو ڈھونڈتی ہے۔

معمول کے تصورات کے ساتھ ساتھ نئے مواقع تلاش کریں۔ اچھی کمپنیاں مربوط کاروباری سرگرمیاں انجام دیتی ہیں۔ ایک اسٹریٹجک مواصلاتی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے سماجی، ثقافتی شناخت اور امیج کو بہتر بنا کر اپنی آرگنائزیشن کو نئی بلندیاں عطا کی جاسکتی ہیں۔''

یاد رہے کہ آنے والے وقت میں برانڈز کی بہ نسبت ہیومن برانڈ مارکیٹنگ، تشہیر اور پیغام رسانی کے لیے بہترین ذرائع تسلیم کیے جائیں گے۔ دُنیا اس سفر کا آغاز کرچکی ہے آپ بھی اس سفر میں شامل ہو کر ترقی کی نئی منزلیں طے کر سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔