’’مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی‘‘ ’’وزیر اعظم ریلیف کیلیے سنجیدہ ہیں‘‘ ایکسپریس فورم

اپوزیشن مگرمچھ کے آنسوبہارہی، یہ حالات انہی کی وجہ سے ہی بنے،شوکت بسرا، عمران خان نے وعدے پورے نہیں کیے،راجہ حسن اختر


اجمل ستار ملک October 22, 2021
ایکسپریس فورم میں معاون خصوصی شوکت بسرا، راجہ حسن اختر، آئمہ محمود شریک گفتگو ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

حکومت کو مہنگائی اور عوام کی مشکلات کا ادراک ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے جبکہ کم آمدنی والے افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے سہولت دی جائے گی۔

تاریخ ساز مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، جس پر قابو پانے میں حکومت ناکام دکھائی دے رہی ہے، ہر 15دن بعد پٹرول کی قیمت میں اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جس کے باعث بے روزگاری اور غربت کے ستائے عوام کیلیے جینا مشکل ہوگیا ہے،ان خیالات کا اظہار ''بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ملکی معاشی صورتحال'' کے موضوع پر منعقدہ ''ایکسپریس فورم'' میں کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی شوکت بسرا نے کہا کہ مہنگائی اس وقت سب سے اہم مسئلہ ہے، وزیراعظم اس پر کافی سنجیدہ ہیں کہ کس طرح عام آدمی کو ریلیف دینا ہے، اپوزیشن موجودہ حالات میں مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے، یہ حالات انہی کی وجہ سے ہی بنے ہیں۔

نمائندہ بزنس کمیونٹی راجہ حسن اختر نے کہا کہ مہنگائی اور موجودہ حالات میں حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیں تو افسوس ہوتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے احتجاجی تحریک اور انتخابی مہم میں جو وعدے اور دعوے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوسکے۔

نمائندہ سول سوسائٹی آئمہ محمود نے کہا کہ موجودہ دور میں مہنگائی کے تمام سابقہ رکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہے، کسی بھی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلیے کبھی اچھی پالیسیاں نہیں بنائی مگریہ افسوسناک ہے کہ موجود ہ حکومت نے عوام کو مایوس کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں