ففٹی ففٹی سے شہرت پانے والا اداکار ماجد جہانگیر کسمپرسی کا شکار

وفاقی حکومت نے تمغہ امتیاز سے تو نوازا مگر مالی مدد کی اپیل پر یکسر فراموش کر دیا، ماجد جہانگیر


آفتاب خان October 24, 2021
گزشتہ دنوں کراچی سے لاہور پہنچا، دوست کے فلیٹ میں مقیم ہوں، ماجد جہانگیر۔ فوٹو: فائل

80ء کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن پر چلنے والے ڈرامے ففٹی ففٹی سے شہرت پانے والے اداکار ماجد جہانگیر انتہائی کسمپرسی میں زندگی گزار رہے ہیں۔

ماضی کے مقبول اداکار کے پاس فالج اور دیگر امراض کے مہنگے علاج معالجے کے لیے دواخریدنے کے پیسے نہیں ہیں، کھانے پینے اور ضروریات زندگی کے لیے دوستوں کے رحم وکرم پر ہیں۔

ماضی میں پی ٹی وی پر چلنے والے ڈرامہ سیریز ففٹی ففٹی سے شہرت پانے والے اداکار ماجد جہانگیر ان دنوں بہت ہی کٹھن زندگی گزاررہے ہیں وہ گزشتہ دنوں کراچی سے لاہور پہنچے ہیں اورگلشن اقبال میں دوست کے فلیٹ میں مقیم ہیں ایکسپریس سے بات چیت کے دوران ماجد جہانگیر کا کہنا تھا کہ تنگ دستی کی وجہ سے نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ فالج اور دیگر امراض کے علاج معالجے کے لیے مہنگی دوائیں خریدنے کے لالے پڑ گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ پچھلے سال 14 اگست سے قبل انھیں گورنرسندھ عمران اسمعیل نے فون کر کے بتایا کہ انھیں یوم آزادی پرصدر پاکستان عارف علوی کے ہاتھوں سے تمغہ امتیاز سے نوازا جا رہا ہے جس پر انھوں نے گورنرسندھ سے کہا کہ حکومت کی جانب سے اگر ان کی 50 سالہ فنکارانہ خدمات کا اعتراف کیا جارہا ہے تو ان کی مہربانی ہے مگرانھیں اصل ضرورت علاج معالجے کی ہے جس کے لیے دست بدستہ اپیل ہے۔

گورنرسندھ نے جواب میں کہا کہ کچھ کرتے ہیں، تاہم ڈیڑھ سال کا عرصہ بیت جانے کے باوجود ان کی جانب سے کچھ نہیں کیا گیا، ماجد جہانگیرکے مطابق انھیں ماہانہ دواؤں کے لیے 30 ہزارروپے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ فزیوتھراپی، ڈاکٹرکے معائنے کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں حکومت میری مدد کرے۔

ماجد جہانگیر نے گفتگو میں بتایا کہ ایک ایک کر کے ان کے سارے پیارے (ماں، باپ، بھائی، بیگم) دنیا سے جا چکے ہیں، مشکل وقت میں کچھ دوست ہیں جو مددکردیتے ہیں، لاہور میں ملک ریاض کی جانب سے ملنے والے گھرکے پڑوس میں مسعود صاحب اور ان کی فیملی والے کھانے پینے کا خیال رکھتے ہیں، کراچی میں وہ ایک دوست کے فلیٹ پر قیام کر لیتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں