خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

چھت پر ریچھ
صائمہ کوثر، اسلام آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہماری چھت پہ ایک ریچھ ہے۔ صحن سے میری والدہ اس کو دیکھتی ہیں تو بہت چیخ و پکار کرتی ہیں ۔ ایک منٹ کے لئے میرا بھی دل جیسے بند ہونے لگتا ہے مگر پھر بھی میں تیزی سے باہر بھاگتی ہوں کہ گاوں میں سے ہی کوئی مدد لے سکوں ، مگر باہر دور دور تک کوئی نہیں ہوتا یہاں تک کہ ہمارے مددگار لڑکے بھی کہیں نظر نہیں آ رہے ہوتے ۔ اس کو دیکھ کر میں مزید گھبرا جاتی ہوں اور پریشانی کی وجہ سے میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

روزہ نہ رکھنا
محمد اسماعیل ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں روزے سے ہوں اور پیپر کے لئے تیار ہو رہا ہوں ۔ میری امی مجھے کہتی ہیں کہ گرمی کی وجہ سے سر پہ رومال باندھ لو ، مگر میں اندر جا کر فریج سے ٹھنڈا پانی پی لیتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ امی سے پیسے لے جاوں تا کہ باہر سے ہی کچھ کھا کر گھر آوں تا کہ کسی کو پتہ نہ چلے کہ میرا روزہ نہیں ہے ۔

تعبیر : ۔یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے ۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے ۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کے اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

مخالف کا مٹھائی بانٹنا
شبیر جاوید ،گوجرانوالہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ جس مقدمے میں میرے دوست کے ساتھ میرا مسلہ چل رہا ہے وہ کہیں بیٹھا بہت خوشی سے مٹھائی بانٹ رہا ہے اور میرے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بہت فخر سے اپنے آپ کی طرف اشارہ کرتا جا رہا ہے ۔ مجھے دیکھ کر بہت پریشانی ہوتی ہے ۔

تعبیر :اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

دروازے پر سانپ
ارسلان علی ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے گھر کے دروازے پہ ایک سیاہ رنگ کا سانپ ہے ۔ میں خوفزدہ ہو کر چھت پہ بھاگتا ہوں کہ ساتھ والوں کے گھر سے مدد لے سکوں، مگر اندر صحن میں بھی ایک چھوٹا سا سانپ ہوتا ہے ۔ میں تیزی سے اندر بھاگتا ہوں اور میں اس سے خوفزدہ ہوں اور بچنے کے لئے ادھر ادھر دیکھ رہا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ھو جائے۔جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپکے لئے پریشانی کا باعث بنے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم۔کا ورد کیا کریں۔

تیز ہوا چلنا
شائستہ اکرم ، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہم کہیں گھومنے کے لئے گھر سے نکلے ہیں مگر راستے میں اتنی زیادہ تیز ہوا چلتی ہے کہ مٹی اڑ اڑ کر ہر چیز کو ڈھانپ لیتی ہے ۔ ہماری گاڑی بھی مٹی سے بھر جاتی ہے اور کچھ نظر نہیں آتا ۔ ہم پریشانی میں ادھر ہی کھڑے رہتے ہیں کیونکہ راستہ بالکل نظر نہیں آ رہا ہوتا ۔

تعبیر : خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے ۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یا قیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

حلوہ بانٹنا
سعدیہ جبار ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی والدہ کے ساتھ مل کر حلوہ کی بہت بڑی دیگ پکا رہی ہوں اور پھر اس کو مختلف لوگوں اور جگہ پہ بانٹ رہی ہوں ۔ اس کے بعد مجھے ہمارے ھمسائیے کھا کر تعریف کرتے ھوئے مذید کی فرمائش کرتے ہیں اور میں ایک ڈبہ بھر کر ان کی طرف بججوا دیتی ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

مزار پر حاضری
فاطمہ بشیر، سرگودھا
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی دربار میں موجود ہوں اور وہاں موجود لوگوں میں پلائو اور زردے کے انتہائی خوشبو دار چاول بانٹ رہی ہوں ۔ ایک خاتون جو بظاہر سادہ سے لباس میں ملبوس ہوتی ہے۔ وہ ایک تسبیح میری طرف بڑھاتی ہے اور چاول لے کر چلی جاتی ہے۔ میں اس تسبیح کو جب گھر آ کر دیکھتی ہوں تو وہ کسی قیمتی پتھر کی بنی ہوتی ہے جو میرے دادا جان کو بہت پسند آتی ہے تو میں ان سے کہتی ہوں کہ آپ لے لیجئے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

پینے کا گندا پانی
نوشین اختر، فیصل آباد
خواب : میں نے پچھلے ہفتے خواب دیکھا کہ ہمارے گھر کے سب نلکوں سے مٹیالا سا پانی آ رہا ہے۔ ہم نے ٹینکی بھی صاف کر کے دوبارہ بھری مگر اس کے باوجود سارے گھر میں گندا پانی ہی ہوتا ہے۔ ہمسائیوں سے پوچھتے ہیں تو ان کا بالکل صاف شفاف ہوتا ہے۔ اپنے گھر واپس آ کر کافی دیر پانی بہاتے ہیں، مگر وہی گدلا و مٹیالا ہی رہتا ہے۔ اس پر میرے میاں مجھ پر ناراض ہوتے ہیں کہ جیسے میری کسی غلطی کی وجہ سے یہ پانی گندا ہوا ہے۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے۔ جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔

کام کی بجائے آرام کرنا
نوشین زریاب، سکھر
خواب : یہ خواب میری خالہ نے دیکھا ہے اور وہ کہتی ہیں کہ میں اپنے کمرے میں موجود اپنی سنگھار میز کے پاس کھڑی ہوں اور ادھر پڑی اپنی فریم شدہ تصویر کو دیکھتی جا رہی ہوں اور دیکھتے ہوئے میں سوچ رہی ہوں کہ آج مجھے بہت کام ہیں اور اس کے باوجود آرام سے کھڑی اپنی تصویر کو دیکھتی جا رہی ہوں اسی کو دیکھتے میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے اور عزت و وقار اور رزق میں اضافے کو ظاپر کرتا ھے۔ اللہ تعالی کی طرف سے سکون کی نعمت عطا ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا عزیز کا ورد کیا کریں ۔

دوستوں کے ساتھ سیر
بلال احمد، سیالکوٹ
خواب : چند روز پہلے ایک عجیب سا خواب دیکھا کہ میں کہیں گیا ہوا ہوں کوئی پہاڑی علاقہ ہے اور ادھر میرے ساتھ میرے دوست بھی ہیں۔ ہم سب کسی دریا کے کنارے بیٹھے ہیں اوروہاں کوئی مقامی آدمی بانسری بجا رہا ہے جس کو سن کر ہم بہت خوش ہوتے ہیں۔ میں اس سے کہتا ہوں کہ میں بھی بجاوں گا ۔ پھر دیکھتا ہوں کہ میں ایک پتھر کے اوپر بیٹھا ہوں اور بانسری بجانے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ اس میں سے بہت ہی سریلی آوازیں آتی ہیں اور میں خود بھی بے خود ہو کر سنتا رہتا ہوں۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی اندیشہ یا پریشانی آپ کے ذھن پہ سوار رہے گی جس کو لے کر آپ پریشان رہیں گے۔ اس کا تعلق کاروباری معاملات سے بھی ہو سکتا ہے اور تعلیمی بھی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ آپ کے لئے دعا کروا دی جائے گی۔

انکل تحفہ دیتے ہیں
شمیم پرویز ، شیخوپورہ
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسر کے کسی دوست کی دعوت پہ پوری فیملی کے ساتھ ان کے گاوں آئی ہوں ۔ وہاں ان کا گھوڑوں کا بہت ہی خوبصورت اصطبل بھی ہے۔ جب ہم اس کی سیر کو جاتے ہیں تو مجھے ایک بہت ہی خوبصورت گھوڑا نظر آتا ہے۔ میں اس کو پیار سے سہلاتی ہوں تو وہ میرے پاس آ کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ انکل اس کو مجھے تحفے میں دیتے ہیں اور میں اس پہ سوار ہو کر چل پڑتی ہوں حالانکہ مجھے گھوڑا بالکل دوڑانا نہیں آتا ، مہربانی فرما کر مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ علم میں کاملیت ہو گی، رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

چاند دیکھنا
محمد عثمان، ملکوال
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی چھت پہ کھڑا ہوں اور آسمان کی طرف چاند کو دیکھ رہا ہوں ۔ مجھے اس میں بہت کشش محسوس ہو رہی ہوتی ہے۔ اتنی دیر میں کیا دیکھتا ہوں کہ چاند میری گود میں اتر آتا ہے اور میں اس کو بہت خوشی سے دیکھ رہا ہوں ۔

تعبیر؛ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں، کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

تصویریں بنانا
مہوش خان، راولپنڈی
خواب : یہ خواب میرے چھوٹے بھائی نے دیکھا اور وہ کہتا ہے کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کسی پہاڑی مقام کی سیر کرنے آیا ہوا ہوں۔ وہاں بہت خوبصورت پہاڑ ہیں اور قدرتی نظاروں کی بہتات ہوتی ہے۔ ایک دن میرا ایک دوست ھم سب کو ٹریکنگ کرنے لے جاتا ہے۔ تین سے چار گھنٹوں کی چڑھائی کے بعد ہم کو ایک چھوٹا سا قدرتی جنگل دکھائی دیتا ہے جس کے بیچوں بیچ ایک ندی بہہ رہی ہوتی ہے، وہاں کچھ ہرن پانی پی رہے ہوتے ہیں۔ میں ان کی تصویریں اتارتا ہوں اور اپنی جیب سے چھلی نکال کے ہرن کے چھوٹے بچے کی طرف بڑھاتا ہوں جو وہ میرے ھاتھ سے ہی کھا لیتا ہے۔ یعنی وہ سب ہرن انسانوں سے مانوس دکھائی دیتے ہیں۔ پھر جب ھم چلنا شروع کر دیتے ہیں تو وہ بچہ ہمارے پیچھے پیچھے آنا شروع ہو جاتا ہے۔ میرے دوست کہتے ہیں کہ چونکہ میں نے اس کو چھلی دی تھی اس لئے وہ اور لینے کے لئے میرے پیچھے آ رہا ہے۔ میرے پاس اور تو کچھ دینے کے لئے نہیں ہوتا، بس میں اس کو پیار کرتا ہوں اور آگے چل پڑتا ہوں۔ مگر وہ مسلسل میرے پیچھے آتا رہتا ہے۔ میں اپنے دوستوں کو کہتا ہوں کہ یہ اب میرا ہو گیا ہے، میں اس کو ساتھ اپنے گھر لے جاوں گا ۔ جس پہ وہ سب میرا خوب مذاق اڑاتے ہیں۔

تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پہ مستحکم ہوں گے۔ چاھے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں۔

سانپ نظر آنا
سدرہ پرویز، بہاولپور

خواب : یہ خواب میرے ابو نے دیکھا کہ وہ نماز پڑھنے کے لئے گھر سے مسجد جانے کے لئے نکلتے ہیں مگر راستے میں سڑک کے کنارے ان کو بہت بڑا سانپ نظر آتا ہے جو کہ پوری جگہ گھیر کے بیٹھا ہوتا ہے۔ میرے ابو بہت پریشان ہوتے ہیں اور راستہ کاٹ کے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں مگر ہر جگہ وہی سامنے ہوتا ہے۔ برائے مہربانی اس کی کچھ تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔

لباس میں سوراخ
نسرین بیگم،سیالکوت
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہی ہوں مگر کپڑے بدلتے ہوئے مجھے اپنے بازووں میں کئی جگہ سوراخ نظر آتے ہیں جیسے زخم کھلا چھوڑ دیا ہو۔ میں بہت حیران ہوتی ہوں کہ یہ اتنے سوراخ کب ہوئے اور مجھے پتہ کیوں نہ چلا۔ ان کو دیکھ کہ میں کافی زیادہ ڈر جاتی ہوں اور گھبرا کے چیخنا شروع کر دیتی ہوں۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے۔گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں