معیشت ڈوب گئی پاکستان کو کسی دوسرے ملک کی کالونی نہیں بننے دینگے فضل الرحمٰن

پاکستان کی بقا کا سوال پیدا ہوگیا، چیلنج یہ ہے کہ اب کون آئیگا جو سب بہتر کریگا،سربراہ پی ڈی ایم


محمود خان November 28, 2021
ادارے آئینی حدود میں رہیں،خاقان عباسی،غفور حیدری،اویس نورانی،صفدر عباسی کے لاڑکانہ میں خالد سومرو کی برسی پر خطابات۔ فوٹو: فائل

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کو کسی دوسرے ملک کی کالونی نہیں بننے دیں گے، جن کو ہم پر مسلط کیا گیا ان کی کوئی حیثیت نہیں جب کہ انہوں نے معیشت کی کشتی ڈبو دی۔

ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی ساتویں برسی پر لاڑکانہ میونسپل اسٹیڈیم میں شہید اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کے وہ ادارے جو ملک کی حفاظت کے دعویدار ہیں اگر چور راستے سے لوگوں کو لاتے ہیں تو تباہی کے ذمہ دار وہ بھی ہیں، ملک کے قرضے دگنے ہو چکے، میں نے 12 سال پہلے کہا تھا کہ عمران خان بین الاقوامی مالی اداروں کا ایسا نمائندہ ہے جو ملک کو ان کے پاس گروی رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملکی معیشت بہتر تھی تو بھارت بھی ہم سے تجارت کرنا چاہتا تھا تب واجپائی بھی یہاں آیا، آج ڈالر آسمان تک پہنچ چکا، عمران خان نے ملکی معیشت کو ڈبو دیا، چیلنج یہ ہے کہ اب کون آئے گا جو اسے بہتر کرے گا، کشمیریوں نے 70 سال سے قربانیاں دیں اور اس نے کشمیر بھارت کے حوالے کر دیا، اب فاٹا کے عوام کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے، ملک کے نوجوانوں کو ملازمتوں کے نام پر گھر کے نام پر دھوکا دیا، نعروں کی بنیاد پر ملک نہیں چلتے۔

فضل الرحمٰن نے کہا کہ ملکی پارلیمینٹ یرغمال ہے، کوئی قانون سازی نہیں ہو پاتی، اگر ہوتی ہے تو آئی ایم ایف کے لیے ہوتی ہے، آئندہ انتخابات میں دھاندلی کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے، مذہب سے متصادم قانون سازی بھی قبول نہیں کریں گے، کس قوت کے کہنے پر یہ سب ہو رہا ہے کون کروا رہا ہے جواب ملنا چاہیے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صرف پی ڈی ایم اس وقت ملکی مسائل کے حل کی بات کر رہی ہے جب تک تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں نہیں رہیں گے مسائل حل نہیں ہونگے۔

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جن قوتوں نے موجودہ حکمرانوں کو ہم پر مسلط کیا انکے چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں، آج کل سوشل میڈیا پر ان کے پنڈورہ لیکس آ چکے ہیں۔

صاجزادہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے نام پر ووٹ پر قبضہ کرنے کی سازش کی گئی ہے عوام باجی کی سلائی مشین اور بھائی کی ووٹ مشین کو جانتی ہے، دو سال کی کورونا رپورٹ میں 40 ارب کا فراڈ ہوا۔

بلوجستان نیشنل پارٹی مینگل کے مرکزی رہنما جہانزیب بلوچ نے کہا کہ پہلا مسنگ پرسن سردار اختر مینگل کا بھائی تھا، ابھی حال ہی میں بلوچستان میں مال مویشی چرانے سے منع کرنے پر 2 معصوم بچوں کو قتل کیا گیا ہم اس جدوجہد کو منتقی انجام تک جاری رکھیں گے۔

پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ صفدر عباسی نے کہا کہ سندھ کے حقوق کے لیے خالد سومرو نے لازوال آواز اٹھائی، وزیر اعظم کو کہتا ہوں کہ سدھر جاؤ عوامی سمندر آ رہا ہے، سندھ میں زرداری کی حکومت ناجائز ہے میں سب کو کہتا ہوں کہ بے شک اسلام آباد کی طرف مارچ کریں لیکن ذرا سندھ کو بھی دیکھیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں