آرڈیننس جاری کرنا تو جمہوری طریقہ کار ہی نہیں ہے سپریم کورٹ

جمہوری نظام حکومت میں پارلیمنٹ سپریم ہوتی ہے، سپریم کورٹ


ویب ڈیسک December 09, 2021
جمہوری نظام حکومت میں پارلیمنٹ سپریم ہوتی ہے، سپریم کورٹ

لاہو ر: سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ آرڈیننس تو جمہوری طریقہ کار ہی نہیں ہے۔

سپریم کورٹ میں سیکڈ ایمپلائز ایکٹ نظر ثانی کیس پر سماعت ہوئی۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ بہت لوگ نکالے گئے لیکن ایکٹ صرف خاص گروپ کو ریلیف دینے کیلئے کیوں بنایاگیا ؟، قانون سازوں کے ذہن تو نہیں پڑھ سکتے تاہم پیش کی گئی دستاویزات بھی خاموش ہیں، تقرریاں درست ہوں یا غلط کیا دس بارہ سال ملازمت کا کوئی فائدہ دیا جا سکتا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فیصلے سے دس بارہ سال ملازمت سے حاصل ہونے والے فائدے کو بھی روک دیا گیا۔ وکیل حامد خان نے دلائل دیے کہ 19 سال کی عمر میں بھرتی ہونے والا بھی آج 40 سال کا ہوچکا۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آرڈیننس کے ذریعے ہونے والی بھرتیوں کا اسٹیٹس بھی دیکھنا ہے، آ رڈیننس تو ختم ہو جاتا ہے کیا اس کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین رہ سکتے ہیں ؟

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ آ رڈیننس تو جمہوری طریقہ کار ہی نہیں ہے، پھر تو ہر حکومت آرڈیننس لائے بھرتیاں کرے، ایسے تو سارے کام آرڈیننسز سے ہی چلتے رہیں گے، جمہوری نظام حکومت میں تو پارلیمنٹ سپریم ہوتی ہے۔

وکیل رضا ربانی نے موقف اختیار کیا کہ موجودہ دور حکومت میں کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے، عدالت کو ایکٹ کی اہمیت کیلئے مختلف دستاویزات دکھاؤں گا، ایکٹ کا کوئی بھی سیکشن بنیاد حقوق یا آئین کے خلاف نہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ نظر ثانی کیس کا جائزہ لیتے ہوئے کیس کے نتیجہ کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، اٹارنی جنرل عدالتی سوالات پر دلائل دیں، کتنے ملازمین حکومتی اداروں اور کتنے خود مختار اداروں سے ہیں، کس ادارے نے ملازمین کی تقرری کیلئے کیا طریقہ کار اپنایا، عدالتی فیصلوں کے باوجود کیا ملازمین کو یوں بحال کیا جا سکتا تھا، کیا دوبارہ بحالی کے عمل میں ملازمین میں تفریق ہو سکتی ہے، پہلے حکومت نے مخالفت کی اور اب حمایت کی کیا وجہ ہے۔

عدالت نے مزید سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں