1 آسٹریلوی فتح پاکستان کی 3 فتوحات پر بھاری

ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کینگروز نے گرین کیپس سے دوسری پوزیشن چھین لی۔


Sports Desk December 12, 2021
ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کینگروز نے گرین کیپس سے دوسری پوزیشن چھین لی۔ فوٹو: گیٹی

MULTAN: ایک آسٹریلوی فتح پاکستان کی 3فتوحات پر بھاری پڑگئی جب کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کینگروز نے 100 فیصد پرسنٹیج کی بنیاد پر گرین کیپس سے دوسری پوزیشن چھین لی۔

آسٹریلیا نے پہلے ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹ سے شکست دے کر ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر دبنگ انٹری دی، یہ اس کی نئے دورانیے میں پہلی سیریز ہے، اسے پہلے ہی میچ میں فتح مل گئی، جس کی وجہ سے ریکارڈ پرسنٹیج کی بنیاد پر 100 فیصد ہے، اس لیے دوسرا نمبر مل گیا۔

پہلے یہ پوزیشن پاکستان کے پاس تھی تاہم چونکہ اسے اب تک اس دورانیے کے 4 میچز میں سے ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لہذا پرسنٹیج 75 ہے، یہ ایک شکست گرین کیپس کے لیے بدستور بوجھ ہے اور تیسرے نمبر پر تنزلی کا باعث بھی بن گئی،اس کے پوائنٹس36ہیں، آسٹریلیا12 اور ویسٹ انڈیز24 پوائنٹس لے چکا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ برس پہلے ٹیسٹ چیمپئن شپ دورانیے میں تمام ٹیموں کی جانب سے میچز مقررہ تعداد میں نہ کھیلے جانے سے آئی سی سی نے پوائنٹس کی تعداد کے بجائے پرسنٹیج کی بنیاد پردرجہ بندی کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں 2 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرنے والی سری لنکن ٹیم 100 فیصد پرسنٹیج کی وجہ سے پہلے نمبر پر موجود ہے۔

بھارت نے اب تک اس دورانیے میں 6 ٹیسٹ کھیلے تاہم ایک میں شکست اور 2 مقابلے ڈرا ہونے کی وجہ سے پوائنٹس 42 ہیں،یہ اب بھی سب سے زیادہ ہیں لیکن پرسنٹیج 68.33 ہونے کے باعث ٹیم چوتھے نمبرپر موجود ہے، ویسٹ انڈیز کو 4 میچز میں ایک فتح حاصل ہوئی جو اس نے گرین کیپس پر پائی تھی، اس کے پوائنٹس 12 اور پرسنٹیج 25 ہے، وہ پانچواں نمبر سنبھالے ہوئے ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم بھی 5 ٹیسٹ کھیل چکی مگر 3 میں شکست اور ایک ڈرا ہونے کی وجہ سے 14 پوائنٹس ہیں،23.33 کی پرسنٹیج نے اسے چھٹے نمبر پر روکا ہوا ہے۔ نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ بالترتیب ساتویں سے نویں درجے پر موجود ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں