بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کی گفتگو نفرت اور تعصب کا شاخسانہ ہے ایم کیو ایم پاکستان

پیپلزپارٹی اپنے ظلم و ناانصافی کو چھپانے کے لئے ایک بار پھر سندھ کارڈ استعمال کرنےجارہی ہے، رہنما ایم کیو ایم عامر خان


ویب ڈیسک December 13, 2021
سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ نہ جھکیں ہیں اور نہ ہی بکیں گے، عامر خان فوٹو: فائل

MULTAN: متحدہ قومی موومنٹ کے سینیئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کی گفتگو نفرت اور تعصب کا شاخسانہ ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عامر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی دیہی سندھ کی سیاسی جماعت نہیں بلکہ وڈیروں کا گینگ ہے، پیپلز پارٹی مظلوم ہاریوں کے حقوق غضب کر رہی ہے، سندھ کے غریب عوام ان کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں، لاڑکانہ اور نوشہرہ فیروز سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں لوگ ان کے نرغے میں ہیں، پیپلز پارٹی اپنے ظلم و نا انصافی کو چھپانے کے لئے ایک بار پھر سندھ کارڈ استعمال کرنے جارہی ہے جس میں ناکام رہے گی۔

عامر خان نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بڑوں نے بھی کراچی کے عوام کو چوہا کہا تھا۔ آپ ان ہی کے پاس چل کر ووٹوں کی بھیک مانگتے ہیں، پہلے سندھ کے مظلوم عوام کو انصاف دیں، پھر کراچی حیدرآباد کے پاس آئیں، سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ نہ جھکیں ہیں اور نہ ہی بکیں گے، اسی اقلیت نے پاکستان بنایا ہے۔ صحیح مردم شماری آپ کی آنکھوں سے پٹی اتار دے گی، یہ نفرت اور تعصب اور لسانیت کی سیاست ہم نہیں آپ کر رہے ہیں، جب تک وفاق سے صوبوں اور پھر یوسیز تک اختیارات منتقل نہ ہوں، پاکستان کا آئین مکمل نہیں ہوتا۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ کراچی ہر سال 300 ارب روپے سے زائد کما کر صوبے کو دیتا ہے، آپ کو اس دولت کے چھن جانے کا خوف ہے، آپ کے اندر نفرت اور تعصب کھل کر باہر آچکا ہے۔

عامر خان نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی ہم آنکھیں نکال لیں گے، بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات مانگنے کو یہ ملک دشمنی سمجھتے ہیں، وفاق کی زیادتی کا رونا رونے والے خود کیا کر رہے ہیں، آپ کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ سندھ کو 1100 ارب وفاق سے وسائل ملتے ہیں 300 ارب کراچی اورحیدرآباد سے ملتے ہیں، جب کہ شہر میں اس کے مقابلے کچھ بھی خرچ نہیں ہوتا،ہم ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں آئندہ بھی اتریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں