ویمنز ورلڈ کپ میں بھی پاک بھارت معرکہ ہوگا

نیوزی لینڈ میں شیڈول ون ڈے میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 6مارچ کومقابل ہونگی۔


Sports Desk December 16, 2021
نیوزی لینڈ میں شیڈول ون ڈے میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 6مارچ کومقابل ہونگی۔ فوٹو : فائل

MULTAN: ویمنز ورلڈ کپ میں بھی پاک بھارت معرکہ ہوگا جب کہ نیوزی لینڈ میں شیڈول ون ڈے میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 6 مارچ کو مدمقابل ہوں گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 4 مارچ 2022 سے نیوزی لینڈ میں شیڈول ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا مکمل شیڈول جاری کردیا، افتتاحی میچ میزبان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا، ابتدائی مقابلوں میں 2 بڑی مسابقتیں مرکز نگاہ ہوں گی۔

5 مارچ کو پہلے آسٹریلیا اور انگلینڈ کا ہیملٹن کے سیڈون پارک میں ٹکراؤ ہوگا،6 تاریخ کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تورنگا میں مدمقابل آئیں گی۔ گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ 8 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلیں گی، 11 مارچ کو جنوبی افریقہ سے سامنا ہوگا، بنگلہ دیش سے 14 مارچ کو مقابلہ ہونا ہے۔

21 مارچ کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، انگلینڈ سے سامنا 24 مارچ کو ہونا ہے، لیگ راؤنڈ میں پاکستان ٹیم اپنا آخری میچ میزبان نیوزی لینڈ سے 26 مارچ کو کھیلے گا۔ مجموعی طور پر 31 دنوں میں اتنے ہی میچز ہوں گے۔ آکلینڈ، کرائسٹ چرچ، ڈونیڈن، ہیملٹن، تورنگا اور ویلنگٹن میزبان شہر ہیں۔

آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور بھارت نیٹورنامنٹ کیلیے چیمپئن شپ میں پوزیشن کی بنیاد پر براہ راست کوالیفائی کیا، نیوزی لینڈ کو میزبان ہونے کے ناطے جگہ ملی، باقی 3 پوزیشنز کیلیے زمبابوے میں کوالیفائنگ ایونٹ کورونا وائرس کے باعث منسوخ ہونے کے باعث پاکستان، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کو رینکنگ کی بنیاد پر میگاٹورنامنٹ کھیلنے کا حقدار قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ لیگ فارمیٹ میں ہوگا۔

تمام ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی،ٹاپ 4 ٹیموں میں سیمی فائنلز30 اور 31 مارچ کو کھیلے جائیں گے، فائنل 3 اپریل کو ہوگا، دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کیلیے ریزرو ڈے مختص کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں