او آئی سی اجلاس میں افغانستان کیلیے اسلامک ڈیولپمنٹ فنڈ کے قیام کا فیصلہ اعلامیہ

اجلاس میں پاکستان کی دعوت پر 20 ممالک کے وزرائے خارجہ سمیت 10 ممالک کے نائب وزیر خارجہ اور 70 وفود شریک ہوئے


ویب ڈیسک December 19, 2021
اسلام آباد میں افغانستان کی صورتحال پر پر اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی اجلاس

ISLAMABAD: افغانستان کی صورتحال پر ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں افغان عوام کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک ٹرسٹ فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے خصوصی اکاؤنٹ اسلامی ترقیاتی بینک میں کھولا جائے گا۔

اسلام آباد میں افغانستان کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی دعوت پر20 ممالک کے وزرائے خارجہ سمیت 10 ممالک کے نائب وزیر خارجہ اور 70 وفود شریک ہوئے، 1974ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔

یہ پڑھیں : دنیا کے کسی ملک نے افغانستان سے زیادہ مسائل نہیں دیکھے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان؛

اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 41 سال بعد او آئی سی کا اجلاس پاکستان میں ہو رہا ہے، معزز مہمانوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جتنی مشکلات افغانوں نے اٹھائیں، کسی اور ملک نے نہیں اٹھائیں، کسی بھی ملک کو افغانستان جیسی صورتحال کا سامنا نہیں رہا، افغانستان 4 دہائیوں سے خانہ جنگی کا شکار رہا ہے، اور وہاں کے حالات کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان نےاٹھایا اور سب سے زیادہ پاکستان ہی متاثر ہوا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے جان کی قربانی دی۔

شاہ محمود قریشی؛

او آئی سی اجلاس سے خطاب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، افغانستان کے عوام کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے، اجلاس افغانستان کے لوگوں کے مسائل سے آگاہی کے لیے ہے، غیر معمولی اجلاس کے لیے او آئی سی کا پاکستان پر اعتماد خوش آئند ہے، 40سال قبل بھی پاکستان نے افغانستان کے لئے اسی طرز کا اجلاس بلایا تھا، یہ اجلاس افغانستان کی بقا کے لیے اہم ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کا معاشی بحران خطے کےلیے تباہ کن ہوگا، ورلڈ فوڈ پروگرام افغانستان میں خوراک کے مسئلے کی نشاندہی کر چکا ہے، دنیا تمام چیزوں سے بالاتر ہو کر افغان مسئلے پر آگے بڑھے، پاکستان ایک بار پھر افغانستان میں انسانی بحران کے حل کے لیے سرگرم ہے، افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کیلئے مسلم امہ اور عالمی دنیا اپنا کردار ادا کرے، افغانستان کے معاشی حالات دنیا کی توجہ چاہتےہیں، اس وقت افغانستان کی نصف آبادی کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے، افغانستان کا معاشی بحران خطے کو بری طرح متاثر کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی وزیرخارجہ کا افغانستان کے لیے ایک ارب ریال امداد کااعلان

سعودی وزیرخارجہ؛

سعودی وزیرخارجہ نے او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اجلاس کے انعقاد اور بہترین انتظامات پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان نے کم ترین وقت میں اجلاس کا انعقاد کیا، اہم ترین اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، اجلاس میں شرکت پر او آئی سی سیکریٹری جنرل اور دیگر کے شکر گزار ہیں، افغانستان کے معاملے کو انسانی بنیادوں پر دیکھنا ہوگا، افغانستان میں خواتین، بچوں سمیت افغان عوام مشکلات کا شکار ہیں، افغانستان میں معاشی بحران مزید خراب ہو سکتا ہے۔

اسلامی ترقیاتی بینک کا افغانستان کے لیے خصوصی اکاؤنٹ کھولنے کا اعلان

اسلامی ترقیاتی بینک نے افغانستان کی مدد کے لیے خصوصی اکاؤنٹ کھولنے کا اعلان کردیا۔ اس خصوصی فنڈ میں افغانستان کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جائیں گے۔

سیکریٹری جنرل او آئی سی

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حِسین ابراہیم طہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل اجلاس تھا، اس کے اثرات دور رس ہوں گے، پاکستان کو میزبان ملک کی حیثیت سے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یورپین یونین، امریکا، برطانیہ، فرانس اور دیگر نے متحرک کردار ادا کیا اور امداد کا اعلان کیا، یہ اجلاس افغان عوام کے لیے بہتر مستقبل کی امید ثابت ہوگا، اسلامی ترقیاتی بینک کے تحت افغانستان کے لیے قائم کردہ ٹرسٹ فنڈ میں تمام ممالک امداد جمع کرائیں گے۔

سیکریٹری جنرل او آئی سی نے مزید کہا کہ اسلامک فقہ اکیڈمی، علماء سے رابطے کر کے افغان فریقین میں اتفاق رائے پیدا کرے گی۔

افغانستان صورتحال؛

افغانستان میں اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق 38 لاکھ افراد خوراک کی شدید قلت کا شکارجبکہ عالمی ادارہ خوراک نے متنبہ کیا ہے کہ 3.2 ملین افغان بچے خوراک کی کمی سے متاثر ہیں اورساڑھے 6لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے، او آئی سی وزراء خارجہ غیر معمولی اجلاس میں تمام مسلم امہ یک آواز ہو کر افغانستان میں انسانی صورت حال پر پالیسی اپنائے گی، اور افغان بھائیوں کی مدد کیلیے ٹھوس اقدامات کرنے کی طرف جائے گی۔

افغان عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی نے افغانستان میں امن اور ترقی کیلیے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بے مثال ہے، خصوصا وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں جنہوں نے افغانستان میں انسانی بحران کا حل تلاش کرنے کیلیے اہم کانفرنس کا انعقاد کیا۔

افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لئے پاکستان اور سعودی عرب کی کوششیں نتیجہ خیز ہوگئیں، اعلامیہ

او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق افغانستان کے لیے خصوصی اسلامک ڈیولپمنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کردیا گیا،غذائی تحفظ پروگرام تشکیل دیا جائے گا، مالیاتی اور بینکنگ چینلز کھولے جائیں گے اور نمائندہ خصوصی کا تقرر کیا جائے گا۔

اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے افغانستان کی مدد کے لیے خصوصی اکاوٴنٹ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ اس خصوصی اکاؤنٹ میں افغانستان کیلئے فنڈز اکٹھے کیے جائیں گے۔

سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کے تحت افغانستان کے لیے قائم کردہ ٹرسٹ فنڈ میں تمام ممالک امداد جمع کرائیں گے، اسلامک فقہ اکیڈمی، علماء سے رابطے کر کے افغان فریقین میں اتفاق رائے پیدا کرے گی۔

اعلامیہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حِسین ابراہیم طہ اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں جاری کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں