کراچی میں کل سے گرین لائن بس چلے گی لیکن صرف 4 گھنٹے کے لیے

آغاز میں بس سروس صبح 8بجے سے دوپہر12بجے تک چلے گی


Syed Ashraf Ali December 24, 2021
آغاز میں بس سروس صبح 8بجے سے دوپہر12بجے تک چلے گی

کراچی: تقریبا 40 سال کی تاخیر کے بعد کراچی میں ہفتہ کو پہلا ماس ٹرانزٹ سسٹم آپریٹ کیا جارہا ہے۔

وفاقی حکومت کے زیر انتظام گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے تحت نئی جدید ہائبرڈ بسیں سرجانی ٹاؤن تا نمائش چورنگی 21کلومیٹر آپریشنل ہوجائیں گی اور کراچی کے شہریوں کو بھی پہلے ماس ٹرانزٹ سسٹم کی سہولیات میسر آجائیں گی۔

کرایہ کم سے کم 15 اور زیادہ سے زیادہ سے 55 روپے وصول کیا جائے گا۔ آغاز میں بس سروس صبح 8بجے تا دوپہر12بجے تک چلے گی تاہم 10جنوری سے پوری استعداد سے صبح 6بجے سے رات دس بجے تک بس سروس چلائی جائے گی۔

واضح رہے کہ گرین لائن بس منصوبہ وفاقی حکومت کی زیر نگرانی تعمیر کیا جارہا ہے،نئی جدید 80بسیں دو ماہ قبل چین سے درآمد کی جاچکی ہیں۔

یہ منصوبہ 2016ء میں شروع کیا گیا اور اسے 2017ء میں مکمل کیا جانا تھا، سندھ حکومت اور قائداعظم مزار منیجمنٹ بورڈ کے اعتراضات کی وجہ سے منصوبے کے ڈیزائن میں بار بار تبدیلیوں اور دیگر وجوہ کی بناء پر یہ منصوبہ 6سال تاخیر کا شکار رہا تاہم اب اس کا 21کلومیٹر پر محیط فیز ون تقریبا مکمل کیا جاچکا ہے۔

ہفتہ سے اس ٹریک پرٹیسٹنگ اور ٹرائل کے طور پر بس سروس شروع کی جارہی ہے۔ وفاقی حکومت کے ادارہ سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(ایس آئی ڈی سی ایل) کے متعلقہ انجینئرز نے بتایا کہ25دسمبر تا 10جنوری بس سروس صبح 8بجے سے دوپہر 12بجے تک چلائی جائے گی، مسافروں کو ہر پانچ منٹ بعد بس میسر آئے گی۔

انھوں نے کہا کہ فیز ون کا سول ورک سرجانی تا نمائش مکمل ہے جبکہ ٹوٹل 21اسٹیشنوں میں سے گیارہ اسٹیشنوں پر الیکٹر یکل اور مکینیکل کام مکمل کیاجاچکا ہے۔ ان 11 اسٹیشنوں پر لفٹوں اور elevators کا کام بھی مکمل ہے۔ یہ گیارہ اسٹیشنز اہم مقامات پر قائم ہیں جہاں مسافروں کی تعداد بہت زیادہ رہتی ہے،مسافروں کو ان اسٹیشنوں پر پیپر ٹکٹ اور پلاسٹک کارڈ ٹکٹ دستیاب ہونگے۔

بقیہ10اسٹیشنوں کی لفٹوں اور برقی سیڑھیوں elevatorsپر کچھ کام رہتا ہے جسے پایا تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے، 15 کے اندر ان اسٹیشنوں پر بھی کام مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد بس آپریشن صبح چھ بجے تا رات دس بجے تک متواترشروع کردیا جائے گا۔

متعلقہ انجینئرز نے گرین لائن فیزٹو تاج میڈیکل کمپلیکس تا میونسپل پارک(جامع کلاتھ) کے بارے میں بتایا کہ فیز ٹو پر ترقیاتی کام جاری ہے لیکن چونکہ ایم اے جناح روڈ مصروف ترین سڑک ہے اس لیے یہاں ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط سے کام کررہے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی قائم رہے، انھوں نے کہا کہ اگلے سال اس فیز کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اس فیز کی تکمیل کے بعد بس آپریشن میں جامع کلاتھ تک وسعت دیدی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں