ایف آئی اے کا پنجاب بھرمیں منی لانڈرنگ میں ملوث کمپنیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

بعض کمپنیوں نے مہارت کے ساتھ ڈالر کے لین دین کو کم ظاہر کرکے قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچایا ہے


Bilal Ghori December 29, 2021
غیر قانونی طور پر کام کرنے والی کمپنیوں کے لائسنس بھی منسوخ کردیے جائیں گے فوٹوفائل

ایف آئی اے حکام نے پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ میں ملوث ڈالرز کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر قانونی طور پر کام کرنے والی کمپنیوں کے لائسنس بھی منسوخ کردیے جائیں گے جبکہ بعض کمپنیوں نے مہارت کے ساتھ ڈالر کے لین دین کو کم ظاہر کرکے قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچایا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے حکام نے پنجاب بھر میں ہنڈی اورغیر ملکی کرنسی کا غیرقانونی طور پرکاروبار کرنے والے افراد کےخلاف کارروائیاں کرنے کےلئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو پنجاب بھر کی مختلف ڈویژنوں لاہور، سیالکوٹ، گجرات،فیصل آباد،ساہیوال، وزیرآباد، سرگودھا اورشیخوپورہ سمیت دیگر اضلاع میں ٹیمیں کریک ڈاؤن کریں گی جو حوالہ ہنڈی کا غیرقانونی کاروبار کررہے ہیں اور غیر ملکی کرنسی سمیت ڈالرز وغیرہ کے غیرقانونی طور پر دھندہ میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کیونکہ بعض کمپنیوں نے ڈالرز کے لین دین کو کم ظاہر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل نے پنجاب بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران نہ صرف متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے بلکہ ان کے پاس سے غیرقانونی طور پر لاکھوں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی ہے جو غیرقانونی طور پر ہنڈی کے دھند میں ملوث ہیں اور موقع پر سے غیرقانونی طور پر ہنڈی کا کاروبار کرنے والے افراد سے ان کھاتہ جات کا تمام حساب کتاب بھی قبضہ میں لیا گیا ہے۔

ان کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج کئے گے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ڈالرکی خرید و فروخت کرنے والی ڈالرز کمپنیوں کے مالکان اور متعلقہ خریداروں سے بھی مرحلہ وار تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ڈالر اکاؤنٹس کے ذریعے سیٹ بنک کی جانب سے مقررہ کی گی حد سے کم رقم ظاہر کرکے لین دین کررہے ہیں اور جو کوئی کمپنیاں اس دھندہ میں ملوث ہیں ان کے لائسنس بھی منسوخ کردیے جائیں گے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان کا کہنا ہے کہ غیرملکی کرنسی اور ہنڈی کا غیرقانونی طور پر دھندہ کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن کیا جائےگا اور جو کوئی بھی اس دھندہ میں ملوث ہوگا اس کےخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےگی اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں