سنڈے ایکسپریس سال نامہ 202122 نومبر دسمبر

سنڈے ایکسپریس سال نامہ اسپیشل۔


Hassaan Khalid January 02, 2022
سنڈے ایکسپریس سال نامہ اسپیشل۔فوٹو : فائل

LONDON: جسٹس (ر) خواجہ محمد شریف کا انتقال

5 نومبر کو لاہور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس خواجہ محمدشریف طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ 9 دسمبر 1948ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 14 اپریل 2009ء سے 8 دسمبر 2010ء تک لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں۔3 نومبر 2007ء کی ایمرجنسی میں پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے کی پاداش میں انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا خاتمہ

6 نومبر کو وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی ہٹاتے ہوئے اس کا کالعدم اسٹیٹس ختم کرنے کی منظوری دی۔ دو نومبر کو تحریک لبیک نے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے آئندہ پرتشدد احتجاج نہ کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے درخواست کی کہ اس پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ چار نومبر کو پنجاب کی کابینہ نے سمری منظور کرکے تحریک لبیک کی بحالی کے لیے سفارش وفاق کو بھیجی، جس پر 6 نومبر کو وفاقی کابینہ نے منظوری دی۔ مذاکرات کے نتیجے میں تحریک لبیک کے گرفتار کارکنوں کو بھی رہا کر دیا گیا۔

ملالہ یوسف زئی کا نکاح

9 نومبر کو نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی، لاہور کے عصر ملک سے نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں۔ عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ میں ملازمت کرتے ہیں۔ ان دونوں کا نکاح برمنگھم میں ہوا اور رخصتی دونوں خاندانوں کی مرضی سے بعد میں ہوگی۔ خوشی کے اس موقع پر ملالہ یوسف زئی اور ان کے شوہر کو دنیا بھر سے مبارک باد کے پیغامات ملے۔

وزیراعظم عمران خان کی سپریم کورٹ میں پیشی

10 نومبر کو سانحہ اے پی ایس پر ازخود نوٹس کیس میں سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرلیا۔ عدالت نے وزیراعظم سے دریافت کیا کہ 20 اکتوبر کے حکم نامے میں سپریم کورٹ نے ریاست کے جن چھے اعلیٰ عہدے داروں کے خلاف قانونی کارروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کا کہا، اس پر کتنا عمل ہوا؟ جس پر وزیراعظم عمران خان نے عدالت سے کہا کہ کوئی مقدس گائے نہیں، آپ حکم کریں ہم ایکشن لیں گے۔ وزیراعظم نے ذمے داروں اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔

جسٹس (ر) رانا محمد شمیم کا متنازع بیان حلفی

15 نومبر کو معروف صحافی انصارعباسی کی گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا محمد شمیم کے بیان حلفی کے متعلق خبر شائع ہوئی، جو ملکی سیاست اور میڈیا پر خاصی اہمیت اختیار کرگئی۔ خبر کے مطابق حلف نامے میں کہا گیا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے انتخابات سے قبل نوازشریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔ جسٹس (ر) ثاقب نثار نے اس الزام کی تردید کی۔ بعدازآں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس متنازع بیان حلفی اور خبر پر ازخود نوٹس لیا تاکہ الزامات کی حقیقت کو پرکھا جا سکے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین بل پر حکومتی کام یابی

17 نومبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق اور کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق سمیت کئی قوانین منظور کرانے میں کام یابی حاصل ہوئی۔ حکم راں اتحاد کو 221 اور متحدہ اپوزیشن کو 203 ووٹ ملے۔

آئی ایس آئی چیف کی تبدیلی

20 نومبر کو آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، جب کہ سابق آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف کی طرف سے 6 اکتوبر کو جنرل ندیم انجم کی نئی تقرری کا اعلان کیا گیا لیکن وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے 20 دنوں کے بعد یعنی 26 اکتوبر کو اس تقرری کی باضابطہ منظوری دی گئی۔

سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ

22 نومبر کو وزیراعظم کے مشیرخزانہ و محصولات شوکت ترین، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق نے آئی ایم ایف سے نئے معاہدے کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا۔ سخت شرائط پر آئی ایم ایف پاکستان کو ایک ارب پانچ کروڑ اور 90 لاکھ کی قسط ملے گی۔ IMF کے ایگزیکٹیو بورڈ کے 12 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں منظوری سے قبل پاکستان کو آئی ایم ایف سے طے شدہ پانچ اقدامات پر عمل کرنا ہوگا، جن میں جنرل سیلزٹیکس میں اصلاحات، پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، وفاقی ترقیاتی بجٹ میں کمی اور کورونا وائرس پر ہونے والے اخراجات کی تفصیل فراہم کرنا شامل ہیں۔

اومیکرون کی شناخت

نومبر میں جنوبی افریقی سائنس دانوں نے کورونا وائرس کی ایک نئی شکل موجود ہونے کی شناخت کی، جسے 26 نومبر کو عالمی ادارہ صحت نے اومیکرون کا نام دیا۔ اس کے ساتھ ہی پر وائرس پر مزید تحقیقات کا آغاز ہوا۔

سنیئر صحافی محمد ضیاء الدین کا انتقال

29 نومبر کو سنیئر صحافی محمد ضیاء الدین طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ اپنے 60 سالہ شان دار صحافتی کیریئر میں وہ مختلف اداروں سے منسلک رہے۔ نڈر اور آزادی صحافت کے علم بردار محمد ضیاء الدین کا شمار ان صحافیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے صحافت کے شعبے کو اعتبار اور وقار بخشا۔

سانحہ سیالکوٹ

تین دسمبر کو سیالکوٹ میں ہجوم نے مبینہ طور پر توہین مذہب کے الزام میں سری لنکن فیکٹری منیجر کو تشدد کے بعد قتل کردیا۔ مبینہ طور پر مذہبی پوسٹر اتارنے پر گارمنٹس فیکٹری کے کارکن بپھرے ہجوم میں بدل گئے اور جنرل منیجر پریانتھا کمارا کو تشدد سے قتل کر کے لاش جلا دی۔ سانحہ سیالکوٹ سے ملک بھر میں فضا سوگوار ہوگئی اور قوم کے سر ندامت سے جھک گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے واقعے کی تحقیقات اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مقتول سری لنکن منیجر کے خاندان کو انصاف دلانے کے لیے سول سوسائٹی نے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے، علمائے کرام نے اظہارافسوس کے لیے سری لنکا کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ پریانتھا کمارا کی یاد میں وزیراعظم ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی، وزیراعظم نے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا، جنہوں نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے منیجر کی زندگی بچانے کی کوشش کی۔ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے آنجہانی منیجر کے بچوں کی کفالت کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی امداد اور زندگی بھر تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔

سعودی عرب میں تبلیغی جماعت پر پابندی

سعودی عرب میں تبلیغی جماعت پر پابندی عاید کردی گئی۔ چھے دسمبر کو سعودی وزارت اسلامی امور کی طرف سے ٹوئٹ میں وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف الشیخ نے مساجد کے مبلغین کو اگلے جمعہ کا خطبہ تبلیغی اور دعوتی گروپ کے خلاف خبردار کرنے کے لیے مختص کرنے کی ہدایت کی۔ مزید کہا گیا کہ خطبے میں اس گروہ کی گم راہی، نمایاں غلطیوں اور معاشرے کے لیے خطرے کو اجاگر کرنے کے ساتھ بیان کیا جائے کہ مملکت سعودی عرب میں متعصب گروہوں (بشمول تبلیغی اور دعوتی گروہ) سے وابستگی ممنوع ہے۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت کی ہلاکت

آٹھ دسمبر کو ریاست تامل ناڈو میں بھارتی فضائیہ کا ایم آئی 17 وی فائیو ہیلی کاپٹر نامعلوم وجوہ کی بنا پر گر کر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ سمیت 14 افراد سوار تھے، جو سب اس حادثے میں لقمۂ اجل بن گئے۔ جنرل بپن راوت ویلنگٹن ڈیفنس سروسز کالج میں اسٹاف کورس کے افسران سے خطاب کرنے جا رہے تھے، ہیلی کاپٹر تامل ناڈو کے پہاڑی علاقے کونور کے قریب گرا۔ آرمی چیف کے عہدے سے سبک دوشی کے بعد جنرل بپن راوت کو مودی حکومت نے ہندوستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف بنایا تھا۔

اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کی کانفرنس
19 دسمبر کو افغانستان میں جاری بحران سے متعلق او آئی سی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس او آئی سی سربراہی اجلاس کے موجودہ صدر، سعودی عرب کی خواہش پر ہوئی، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے علاوہ اقوام متحدہ، عالمی مالیاتی اداروں، امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور یورپی یونین کے نمائندوں سمیت تنظیم کے بعض غیررکن ممالک نے بھی شرکت کی۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں اجلاس میں افغانستان میں انسانی صورت حال پر غور کیا گیا۔ متفقہ قرارداد میں افغانستان کی امداد، او آئی سی کانفرنس میں فوڈ سیکورٹی پروگرام، ٹرسٹ فنڈ اور اسلامی ترقیاتی بینک کا خصوصی اکائونٹ بنانے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے ساتھ افغان خواتین کی بامعنی شرکت، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی منصوبوں پر عمل درآمد پر بھی زور دیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ
20 /19 دسمبر کو خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے، جس کے نتائج نے صوبے میں تحریک انصاف کی عدم مقبولیت کو آشکار کردیا۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعیت علماء اسلام (ف) نے واضح برتری حاصل کی۔ 60 تحصیلوں کے مکمل نتائج کے مطابق جے یو آئی (ف) 21، جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار 15 نشستوں پر کام یاب ہوئے۔ چار شہروں کے میئرز کے انتخابات میں حکم راں جماعت ایک سیٹ بھی حاصل نہ کر سکی۔ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نے گذشتہ دو عام انتخابات میں کام یابی حاصل کرکے حکومت بنائی، اس لیے ان نتائج کو پی ٹی آئی کے لیے بڑا خطرہ سمجھا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں